کابل چھوڑنے والے آخری امریکی فوجی کی تاریخ ساز تصویر

ویب ڈیسک

کابل : افغانستان سے انخلا مکمل ہونے پر کابل چھوڑنے والے آخری امریکی فوجی کی تاریخ ساز تصویر جاری ہوتے ہی دنیا بھر میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی

میجر جنرل کرس ڈوناہو کی نائٹ وژن کیمرے سے لی گئی تصویر نے سوشل میڈیا اور دیگر ویب سائٹ پر جگہ بنالی ہے، امریکی میجر C-17 طیارے میں سوار ہونے والے آخری امریکی فوجی تھے جن کی تصویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے

امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے ٹوئٹر پر بھی میجرجنرل کرس ڈوناہو کی تصویر شئیر کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ یہ افغانستان چھوڑنے والے آخری امریکی فوجی ہیں جو طیارے میں سوار ہونے جارہے ہیں جس کے ساتھ ہی کابل میں امریکی مشن اختتام کو پہنچا

دوسری جانب امریکی افواج کے انخلا کے بعد افغانستان بھر میں جشن جاری ہے. افغانستان کے دارالحکومت کابل سے بیس سال بعد امریکا کے آخری طیارے کے اڑان بھرنے کے بعد آتش بازی ، فائرنگ  اور سجدہ شکر بجا لا کرافغان طالبان نے اپنی جیت کا جشن منایا

میڈیا رپورٹس کے مطابق خوست میں بڑی ریلی نکالی گئی جس میں امریکا اور نیٹو کا علامتی جنازہ بھی نکالا گیا۔ ریلی میں شریک افراد نے طالبان کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے

قندھار میں بھی ریلی نکالی گئی، اس ریلی میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ طالبان رہنما سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ افغانستان نے مکمل آزادی حاصل کرلی ہے. انہوں نے افغانستان سے آخری امریکی فوجی کے نکل جانے کے بعد افغانوں کو آزادی کی مبارکباد بھی  دی

امریکی فوجیوں کے مکمل انخلاء کے بعد طالبان کابل ایئرپورٹ میں داخل ہوئے اور ایئرپورٹ پر قائم امریکی طیاروں کی ورکشاپ کا معائنہ کیا

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آخری امریکی طیارے کی اُڑان کے بعد طالبان 313 بدری یونٹ ایئرپورٹ کے خاص حصے میں داخل ہوئے

ویڈیو کے پس منظر میں سُنا جاسکتا ہے کہ طالبان نمائندہ ایئرپورٹ کے اس حصے سے متعلق معلومات دے رہا ہے کہ یہ ایئرپورٹ کے اندر امریکا کے زیراستعمال طیاروں کی ورکشاپ تھی. وڈیو میں کئی ہیلی کاپٹرز کو کھڑے دیکھا جا سکتا ہے

ایک وڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ وہ لمحہ ہے جب طالبان کابل ایئرپورٹ کے اندر داخل ہوئے اور رن وے تک پہنچے

ٹوئٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ وڈیو میں طیارے کھڑے دیکھے جا سکتے ہیں، پس منظر میں جشن کے دوران کی جانے والی فائرنگ کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں

واضح رہے کہ گزشتہ روز بیس سال کی طویل جنگ کے بعد امریکا نے افغانستان کو مکمل طور پر خالی کردیا، امریکا نے طالبان کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن پر عمل درآمد کرتے ہوئے پیر اور منگل کی درمیانی شب کابل ایئرپورٹ بھی خالی کر دیا

دوسری جانب پینٹاگون نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان سے تمام امریکی افواج کا انخلا مکمل ہوگیا ہے اور اب کابل میں واقع حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ خالی ہوچکا ہے تاہم کابل ائیرپورٹ سے روانہ ہونے والے آخری امریکی فوجی میجرجنرل کرس ڈوناہوئے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی.

یہ بھی پڑھئیے:

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close