معروف بلوچ قوم پرست رہنما سردار عطاءﷲ مینگل انتقال کرگئے

نیوز ڈیسک

کراچی : بلوچستان نیشل پارٹی (مینگل) کے سرپرست، معروف بلوچ قوم پرست رہنما اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار عطاءﷲ مینگل 92 برس کی عمر میں کراچی کے مقامی ہسپتال میں انتقال کر گئے، وہ طویل عرصے سے علیل تھے

اہل خانہ کے مطابق عطاءﷲ مینگل ایک ہفتے سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ عطاءﷲ مینگل، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کے والد تھے

سردارعطاءاﷲ مینگل نے 1970کے الیکشن میں نیشنل عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سےحصہ لیا۔ وہ بلوچستان کے پہلے وزیراعلیٰ بھی رہے

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سینئر رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی ثناءﷲ بلوچ نے سردار عطاءﷲ مینگل کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہے بلوچستان نیشنل پارٹی اپنے عظیم قائد، سرپرست اعلیٰ، بلوچستان کے تاریخ ساز قوم پرست رہنما اور مینار بلوچ اب ہمارے درمیان نہیں رہے

بی این پی کے مطابق سردار عطاءﷲ مینگل کا جسد خاکی کل علی الصبح پانچ بجے کراچی سے ان کے آبائی شہر وڈھ کے لیے روانہ کردی جائے گی اور نماز جنازہ جمعہ کی نماز کے بعد تین بجے ادا کی جائے گی

سردار عطاء اللّٰہ مینگل 1929ع میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنا بچپن لسبیلہ میں گزارا جبکہ اس کے بعد وہ کراچی منتقل ہوگئے

انہیں 25 سال کی عمر میں مینگل قبیلے کا سردار مقرر کیا گیا۔

سردار عطاء اللّٰہ مینگل کو میر غوث بخش بزنجو نے سیاست میں متعارف کروایا تھا جو نیشنل عوامی پارٹی (این اے پی) کے بانی رہنما بھی تھی

انہوں نے سال 1962ع میں ہونے والے مغربی پاکستان کے صوبائی اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا اور کامیاب بھی ہوئے، اس دوران ان کی انتخابی مہم میر غوث بخش بزنجو نے چلائی تھی

سردار عطاء اللّٰہ مینگل نے 1970ع میں بلوچستان اسمبلی کے پہلے الیکشن میں نیشنل عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا تھا اور کامیاب ہوئے

سردار عطاء اللّٰہ مینگل نے یکم مئی کو بلوچستان کے پہلے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، جبکہ ان کی حکومت 1973ع میں ختم کردی گئی تھی

انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں اور 1973ع سے 1977ع تک جیل میں رہے

اپنے ایک انٹرویو کے دوران سردار عطاء اللّٰہ مینگل نے کہا تھا کہ رہنما پیدا نہیں ہوتے، یہ وقت اور حالات ہوتے ہیں جو اسے رہنما بناتے ہیں

انہوں نے ایک رہنما کو جانچنے کی کسوٹی بتاتے ہوئے کہا تھا کہ "اگر آپ کسی شخص یا لیڈر کے بارے میں فیصلہ کرنا چاہتے ہیں تو اس کے حالات دیکھیے اور وہ زمانہ دیکھیے جس میں وہ رہ رہا ہے اور یہ بھی دیکھیے کہ وہ اپنے مسائل سے کس طرح نمٹ رہا ہے۔”

مختلف سیاسی رہنماؤں نے سینئر سیاست دان عطاءﷲ مینگل کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے.

یہ  بھی پڑھئیے:

مرحوم سردار عطاء ﷲ خان مینگل کا مختصر سوانحی خاکہ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close