بینک اب گھر بیٹھے آپ کی بائیو میٹرک تصدیق کر سکیں گے

کراچی : نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ میں موبائل کیمرے کے ذریعے انگلیوں کے نشانات کے حصول اور ان کی تصدیق میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے بعد اسی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے بینکنگ انڈسٹری کے لیے ’’کنٹیکٹ لیس بائیومیٹرک تصدیق‘‘ کی سہولت متعارف کروائی گئی ہے

نادرا کے ترجمان کے مطابق اس نئی ٹیکنالوجی کی بدولت بینکاری نظام میں سمارٹ موبائل فون کیمرے کے ذریعے صارفین کے گھر بیٹھے انگلیوں کے نشانات حاصل کیے جا سکتے ہیں اور ان کی تصدیق بھی کی جا سکتی ہے، اس بنا پر یہ پاکستان میں بینکاری شعبے کے لیے ایک نئے انقلابی دور کا آغاز ہے جس میں پہلے ’’برانچ لیس بینکنگ‘‘ کا تصور متعارف کرایا گیا اور اب اس ٹیکنالوجی کی بدولت یہ ’’کنٹیکٹ لیس بینکنگ‘‘ کی جانب قدم بڑھا رہا ہے

اس سہولت کی بدولت اب بینک صارفین کو بائیومیٹرک تصدیق کے لیے بینک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، نادرا کی جانب سے اس جدید ترین سہولت کے اجرا کی بدولت پاکستان دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں اس جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کا دائرہ کار قومی سطح  پر وسیع کردیا گیا ہے جو عام شہریوں کے لیے بھی دستیاب ہے

اس سہولت کا اجرا اسلام آباد میں گورنر اسٹیٹ بینک باقر رضا کے نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر کیا گیا

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ یہ سہولت بھی پاکستان میں شناخت کے جدید ترین نظام اور وزیراعظم  عمران خان کے ویژن ’’ڈجیٹل پاکستان‘‘ پر مبنی ماحول قائم کرنے کی ایک کاوش ہے، بینک صارفین گھر بیٹھے اپنے موبائل فون کا کیمرہ استعمال کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے

یاد رہے کہ نادرا آن لائن شناختی کارڈ بنوانے کے لیے ”آن لائن پاک آئی ڈی سروسز“ کا اجرا پہلے ہی کر چکا ہے جس میں موبائل فون کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کرائی جا سکتی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close