کثیر الجماعتی حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا حافظ حمداللّٰہ نے کہا ہے کہ عمران خان عوام کے مفاد کے لیے آئی ایم ایف کو ”ایبسلوٹلی ناٹ“ کب کہیں گے؟
اپنے ایک بیان میں جے یو آئی رہنما حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر پٹرول بم گرادیا ہے
ان کا کہنا تھا کہ آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی کمر توڑ ڈالی ہے اور جینا محال کردیا ہے
انہوں نے کہا کہ عوام کے چولہے بجھتے چلے جارہے ہیں، مگر حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے
حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ پی ڈی ایم فیصلہ کرچکی ہے کہ ہمیں عوام کو اس عذاب سے نجات دلانا ہے
دوسری جانب وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ اس وقت پیٹرولیم لیوی دو، ڈھائی روپے ہے، ہم نے پیٹرولیم لیوی کے لیے 600 ارب روپے رکھے ہیں، لیکن ہم نے یہ نہیں لگائی، پاکستان میں پیٹرول اب بھی خطے اور دنیا میں سستا ہے
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے پٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے لیوی لگانے سے منع کیا ہے، انہیں غریبوں کا احساس ہے اس لیے زیادہ اضافے سے منع کیا، خطے میں پیٹرول کی قیمتوں میں پاکستان 17 ویں نمبر پر ہے۔