پاکستان میں انٹرنیٹ کے بغیر ’آسان موبائل اکاؤنٹ‘ سے بینکنگ کا آغاز

ویب ڈیسک

اسلام آباد – پاکستان میں اسٹیٹ بینک کی طرف سے صارفین کے لیے برانچ لیس بینک اکاؤنٹ کھولنے کی نئی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے، جسے ’آسان موبائل اکاؤنٹ‘ کا نام دیا گیا ہے

پیر کو لانچ کی گئی ’آسان موبائل اکاؤنٹ‘ کی اس اسکیم میں پاکستانی شہری اب اپنے عام موبائل فون یا سمارٹ فون کے ذریعے کسی بھی بینک میں اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ یہ اسکیم قومی مالی شمولیت حکمت عملی کے تحت بنائی گئی ہے، جس کا مقصد برانچ لیس بینکنگ میں ریموٹ اکاؤنٹ کھولنے میں مزید آسانی فراہم کرنا ہے

اس نئی اسکیم کی انفرادیت یہ ہے کہ عام موبائل صارفین بھی اپنا بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں اور اس کے لیے انٹرنیٹ سروس کی ضرورت نہیں

اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کا کوئی بھی شہری جس کا شناختی کارڈ بنا ہوا ہے وہ ’آسان موبائل اکاؤنٹ‘ کھول سکتا ہے

اکاؤنٹ بنانے کے لیے اپنے نام پر موبائل فون سِم ہونا بھی ضروری ہے۔ اور اس کا طریقہ کار بھی ایک عام موبائل فون صارف کے لیے نہایت آسان ہے

بتائے گئے طریقہ کار کے مطابق اپنے موبائل فون سے یو ایس ایس ڈی کوڈ 2262 ڈائل کر کے اکاؤنٹ کھولا جا سکے گا۔ اس کوڈ سے قبل اسٹار اور آخر میں ہیش کا بٹن دبانا ہوگا

ابتدائی طور پر آسان موبائل اکاؤنٹ اسکیم میں 13 بینک شامل ہیں۔ صارفین ان میں سے کسی ایک بینک کا انتخاب کر کے اکاؤنٹ کھول سکیں گے

صارف اپنے موبائل فون کے ذریعے قومی شناختی کارڈ نمبر کی تصدیق کر کے اکاؤنٹ کھولنے کے بعد کسی بھی برانچ لیس بینکاری ایجنٹ کے پاس جا کر اپنے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرا سکے گا

رقم جمع کیے جانے کے بعد اُس کو اپنے موبائل فون سے ایس ایس ڈی کوڈ ڈائل کر کے کسی بھی طرح استعمال کر سکے گا

آسان موبائل اکاؤنٹ بنانے کا طریقہ کار اسٹیٹ بینک، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی، برانچ لیس بینکنگ کے 13 پرووائیڈرز، سیلولر فون آپریٹرز اور ورچوئل ریمیٹنس گیٹ وے کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ یہ اکاؤنٹ، کم آمدنی والے طبقات، جن کی انٹرنیٹ تک رسائی نہیں اور جو برانچ لیس بینکنگ کے ذریعے اپنی چھوٹی رقوم کہیں بھیجنا یا منگوانا چاہتے ہیں، ان کے لیے فائدہ مند ہے جبکہ خواتین صارفین کو بھی اس سے فائدہ ہوگا

اس اسکیم کے افتتاح کے موقع پر اسٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بائیومیٹرک تصدیق شدہ موبائل فون صارفین کی تعداد اٹھارہ کروڑ ستر لاکھ ہے، جبکہ ان میں سے آٹھ کروڑ دس لاکھ ایسے موبائل فون صارفین ہیں، جن کو انٹرنیٹ تک رسائی نہیں

ان کا کہنا تھا کہ آسان موبائل اکاؤنٹ اسکیم کا بنیادی ہدف ایسے صارفین ہیں اور یہ قومی مالی شمولیت حکمت عملی کا حصہ ہے

اسٹیٹ بینک کے تخمینے کے مطابق اس اسکیم سے پانچ کروڑ پاکستانیوں کے بینکاری کے دائرے میں شامل ہونے کا امکان ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close