دنیا میں بہت سی شاندار جگہیں ہیں۔ ان جگہوں کی خاصیتیں بہت مشہور ہیں۔ ان میں سے بہت سی جگہوں کی خاصیت یہ ہے کہ ہم ان کو جان کر دنگ رہ جاتے ہیں، کیونکہ وہ سچ میں بہت غیر معمولی ہوتی ہیں!
آپ کو بتاتے چلیں کہ میگھالیہ میں ایک گاؤں مسین رام ہے۔ اس گاؤں کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں سب سے زیادہ بارش ہوتی ہے۔ لیکن کیا آپ نے کبھی کسی ایسے گاؤں کے بارے میں سنا ہے، جہاں بارش بالکل نہیں ہوتی؟ نہیں ، یہ صحرا نہیں ہے۔ یہ ایک قصبہ ہے اور یہاں لوگ رہتے ہیں۔
گاؤں کا نام الحطیب ہے، جو جبل حراز میں صنعاء کی گورنری میں واقع ہے، جو کہ یمن میں صنعاء اور الحدیدہ کے درمیان ایک پہاڑی علاقہ ہے۔ حطیب گاؤں سرخ ریت کے پتھر کے پلیٹ فارم پر بنایا گیا ہے ، جس میں چھت والی پہاڑیوں کا ایک خوبصورت نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے.
یہ ایک بہت ہی خوبصورت گاؤں ہے اور سیاح وقتاً فوقتاً یہاں آتے رہتے ہیں۔ یہی وہ گاؤں ہے، جہاں کبھی بارش نہیں ہوتی۔ پہاڑی کی چوٹی پر ایک ایسا خوبصورت گاؤں، جسے دیکھتے ہی اس کی خوبصورتی انسان کو موہ لیتی ہے ۔ کوئی اگر یمن کے حطیب گاؤں کی تصاویر دیکھ کر انہیں تمثیل سمجھ لے، تو اس بات کے لیے اسے معاف کیا جا سکتا ہے، کیونکہ یہ ہے ہی خوابوں جیسا!
لیکن باوجود اس کے، یہ کوئی خواب نہیں ہے، صنعاء کے نزدیک حطیب گاؤں کے مشہور پہاڑی گھروں کی یہ تصاویر حقیقی ہیں ، حقیقی خاندان جو سردیوں کے موسم میں بادلوں کے اوپر رہتے ہیں اور پہاڑوں کے ارد گرد زمینوں کی کاشت کرتے ہوئے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ گزارتے ہیں.
اگرچہ گاؤں زمین کی سطح سے 3،200 میٹر کی بلندی پر واقع ہے ، لیکن ماحول گرم اور معتدل ہے۔ تاہم ، سردیوں کے دوران ، موسم صبح بہت سرد ہو جاتا ہے۔ لیکن جیسے ہی سورج طلوع ہوتا ہے ، یہ گرم ہونا شروع ہوتا ہے۔
دیہی اور شہری خصوصیات کے ساتھ قدیم اور جدید فن تعمیر کا سنگم، یہ گاؤں البوہرہ یا المکرمہ کا گڑھ ہے۔ یہ یمنی کمیونٹیز اسماعیلی فرقے سے ہیں اور محمد برہان الدین کے ماننے والے ہیں، جو 2014ع میں اپنی موت تک ممبئی میں رہتے تھے اور ہر تین سال بعد اس گاؤں کا دورہ کرتے تھے.
اس شہر کے بارے میں سب سے غیر معمولی بات یہ ہے کہ یہاں کبھی بارش نہیں ہوتی۔ وجہ یہ ہے کہ یہ گاؤں بادلوں کے اوپر واقع ہے۔ بادل اس گاؤں کے نیچے بنتے اور بارشیں برساتے ہیں، یہ ستم ظریفی ہے کہ یہ گاؤں ریگستان میں نہیں ہے، بلکہ یہ بادلوں سے اونچی پہاڑی ڈھلوان پر ہے۔ نیچے بارش برستی ہے، لیکن گاؤں میں نہیں. یہاں کا نظارہ ایسا ہے کہ شاید ہی کہیں اور دیکھنے کو ملے.
یہاں پہاڑوں کی چوٹیوں پر بہت سے خوبصورت گھر بنائے گئے ہیں اور نیچے بادل تیر رہے ہیں۔ داؤدی بوہرہ داعی المطلق حاتم ابن ابراہیم کا مزار اس گاؤں میں واقع ہے۔ تاریخی روایات کے مطابق یہ گاؤں کسی زمانے میں الصلاحی قبیلے کا گڑھ تھا ، جس نے گیارہویں صدی میں خود کو حملوں سے بچانے کے لیے یہ گاؤں بسایا تھا۔ اس نے جبل حراز کے پورے مشرقی علاقے کی حفاظت کے لیے ایک اسٹریٹجک پوائنٹ کے طور پر کام کیا۔
یہاں کے زیادہ تر لوگ سردیوں کے موسم میں بادلوں کے اوپر رہتے ہوئے پہاڑوں کے ارد گرد کی زمینوں پر کاشت پر انحصار کرتے ہیں۔ سیاح عام طور پر پہاڑوں کی چوٹیوں کا حسین نظارہ کرنے کے لیے اس گاؤں میں آتے ہیں، جہاں کئی سالوں میں سینکڑوں گھر بنائے گئے ہیں، اور اکثر دھند کو دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں. بادل آہستہ آہستہ حطیب کو گلے لگانے کے لیے رینگتے ہیں، کیونکہ گھر پہاڑوں کے سینوں پر لٹکے ہوئے ہیں ، جو ایک نایاب فنکارانہ شاہکار کا منظر پیش کرتے ہیں.