کراچی : ملک کی بڑی انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں سے ایک این ای ڈی یونیورسٹی نے میٹرک رزلٹ کی بنیاد پر داخلے دینے کا فیصلہ کیا ہے
تفصیلات کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت ہنگامی سینڈیکیٹ اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں اس سال انٹر کے نتائج میں تاخیر کے سبب طالب علموں کے قیمتی وقت کو بچاتے ہوئے، میٹرک کی بنیاد پر داخلوں کا فیصلہ کیا گیا ہے
یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق وہ تمام طلبا جو انٹری ٹیسٹ میں کم سے کم 50 فیصد نمبرز یا سیٹ ون اور ٹو کا امتحان ایک خاص اسکور کے تحت پاس کرچکے ہیں، داخلے کے اہل ہوں گے، میرٹ لسٹ کا اجرا 30 فیصد میٹرک اور 70 فیصد این ای ڈی انٹری ٹیسٹ کے نمبرز کی بنیاد پر کیا جائے گا
این ای ڈی یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ داخلے کے لیے کیٹیگری وہی لی جائے گی جس بورڈ سے طالب علم نے انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کیا ہے
گزشتہ تین سالوں کے کامیاب طلبا کے میٹرک کے پوائنٹس میں اعشاریہ 9 فیصد مارکس کی کٹوتی کی جائے گی، داخلہ عارضی بنیادوں پر ہوگا
انجینئرنگ، آرکیٹکچر اور کمپیوٹر سائنس میں داخلوں کے لیے کم سے کم 60 فی صد نمبرز حاصل کرنا لازمی ہے، بی ایس پروگرام کے لیے کم از کم 55 فیصد نمبرز حاصل کرنا لازمی ہے
میرٹ لسٹ 22 اکتوبر تک لگائی جائے گی، جبکہ 25 اکتوبر سے طلبا کے انٹرویوز لیے جائیں گے، 22 نومبر سے سیشن کا آغاز کردیا جائے گا.