کراچی : پاکستان فٹبال کے کسی بھی عالمی ایونٹ میں شرکت کے لیے نا اہل دنیا کا واحد ملک بن گیا ہے
فیفا کی جانب سے افریقی ملک چاڈ کی معطلی کا فیصلہ واپس لیے جانے کے بعد، اب پاکستان دنیا کا واحد ملک رہ گیا ہے، جس کی قومی فٹبال ٹیم کسی بھی عالمی مقابلے میں حصہ نہیں لے سکتی
اس امر کا اظہار کرتے ہوئے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلے ہی ساؤتھ ایشین فٹ بال فیڈریشن(سیف) چیمپئن شپ اور دیگر بین الاقوامی ایونٹس سے محروم ہو چکا، اب چاڈ سے فیفا معطلی ختم ہونے کے بعد پاکستان تنہا کھڑا ہے جس کی قومی فٹبال ٹیمیں کسی بین الاقوامی فٹبال ایونٹ کا حصہ نہیں بن سکتیں
انہوں نے مزید کہا کہ فیفا ہاؤس لاہور پر جاری غیر قانونی قبضے سے پاکستان فٹبال کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، اس بنا پر پاکستان کا عالمی امیج خراب ہورہا ہے جب کہ لاکھوں نوجوان باصلاحیت فٹبالرز کا مستقبل بھی داؤ پر لگ گیا ہے.