نئی دہلی : بھارتی ریاست گجرات میں ستر سالہ خاتون نے بچے کو جنم دے کر سب کو حیران کر دیا
گجرات کے علاقے بھوج میں خاتون جیونبن رابڑی کے ہاں ان ویٹرو فرٹیلائزیشن (آئی وی ایف) طریقہ کار کے ذریعے آپریشن سے بچے کی پیدائش ہوئی
خاتون کے ڈاکٹر نریش بھانوشالی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس نے مصنوعی حمل کاری کے ذریعے (آئی وی ایف) کے ذریعے ایک ہزار سے ڈلیوری کیسز میں مدد کی ہے، لیکن اس عمر میں خاتون کا بغیر کسی پیچیدگی کے بچے کو جنم دینا ایک معجزہ ہے
انہوں نے کہا کہ خاتون کے بڑھاپے اور ضعیفی کی وجہ سے پہلے پہل تو میں بھی اس کیس کو لینے میں ہچکچا رہا تھا، لیکن دونوں میاں بیوی کو بچے کی بہت زیادہ خواہش تھی اور برسوں سے وہ اولاد کے لیے تڑپ رہے تھے، لہٰذا ہم نے ان کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا
ستر سال کی عمر میں ماں بننے والی خاتون جیونبن رابڑی کی پچیس برس کی عمر میں شادی ہوئی تھی، جس کے بعد پینتالیس برس سے وہ ماں بننے کا خواب دیکھ رہی تھیں۔ یہاں تک کہ ڈاکٹروں نے بھی تمام کوششیں چھوڑ دی تھیں
ڈاکٹر نے بتایا کہ زچہ اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں اور مسلسل زیر نگرانی ہیں، میاں بیوی دونوں اس عمر میں اولاد کی نعمت پاکر بہت خوش ہیں، بچہ بھی صحت مند ہے
واضح رہے کہ ان ویٹرو فرٹیلائزیشن (آئی وی ایف) طریقۂ کار میں عموماً لیبارٹری میں مصنوعی طور پر بچوں کی پیدائش کے تولیدی عمل کا آغاز کیا جاتا ہے۔ اس طریقے کو ٹیسٹ ٹیوب بے بی بھی کہا جاتا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے، بلکہ بھارت میں اس سے قبل بھی ریاست ہریانہ میں خاتون منجیاما یارامتی بھی 2019ع میں 74 برس کی عمر میں مصنوعی حمل کاری کے ذریعے دو جڑواں بچوں کو جنم دیے کر دنیا کی عمر رسیدہ ترین ماں بن گئی تھیں.