عمرے کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے کا طریقہ

نیوز ڈیسک

سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن  نے کہا ہے کہ عمرہ، نماز اور زیارت کے لیے سپیشل ایپ ’اعتمرنا‘ تیار کی گئی ہے جو 27 ستمبر سے عمرہ اور زیارت کا پہلا مرحلہ شروع ہونے سے سات دن قبل آئی او ایس اور اینڈروئڈ سسٹم پر دستیاب ہوگی

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر بنتن نے بتایا کہ عمرہ، نماز اور زیارت کی کارروائی اعتمرنا ایپ کے ذریعے منظم کی جائے گی۔ جسے مصنوعی ذہانت کی سعودی اتھارٹی (سدایا) کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔

اجازت نامہ کورونا سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ پیش کرنے پر جاری ہوگا

اعتمرنا ایپ کی مدد سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ عمرہ، زیارت اور نماز کے خواہشمند زائرین مقدس شہروں میں جاسکیں گے۔ اس ایپ کے ذریعے عمرہ زیارت اور نماز کے اوقات منظم کیے جائیں گے۔ سفر کی پیشگی منصوبہ بندی ہوگی اور وہاں جانے کی بکنگ ممکن ہوسکے گی۔

وزیر برائے حج و عمرہ امور نے کہا کہ اعتمرنا ایپ  کی مدد سے زائرین براہ راست مطلوبہ معلومات کا اندراج کریں گے۔ اس حوالے سے کووڈ-19 وائرس سے پاک ہونا بنیادی شرط ہوگی۔ زائرین اپنے طور پر وقت اور تاریخ کا انتخاب کریں گے تاہم اتنے ہی لوگوں کو اجازت نامہ جاری ہوگا جتنی وہاں گنجائش ہوگی۔
عمرہ اور زیارت کا اجازت نامہ اسی وقت جاری ہوگا جب امیدوار کورونا وائرس سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ پیش کرے گا۔

طریقہء کار کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ اور زیارت کی مرحلہ وار بحالی کا آغاز اندرون ملک سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے ہوگا۔
عمرہ اور زیارت کے خواہشند افراد ’اعتمرنا‘ ایپلی کیشن سے اجازت نامہ حاصل کریں گے۔

عمرہ اور زیارت کے لیے سپیشل ایپ ’اعتمرنا‘
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ اعتمرنا ایپلی کیشن 10 صفر بمطابق 27 ستمبر سے لا نچ کی جائے گی اور موبائل صارفین اسے ڈاؤن کرسکیں گے

ایپلی کیشن کے ذریعہ عمرہ یا مسجد نبوی شریف کی زیارت کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے کا طریقہ کار یہ ہوگا کہ سب سے پہلے خود کو شناختی کارڈ یا اقامہ نمبر کے ذریعہ رجسٹر کرنا ہوگا

ایپلی کیشن میں تین آپشن دیئے جائیں گے، عمرے کی ادائیگی، حرم میں نماز یا مسجد نبوی شریف کے روضہ اطہر میں نماز کی ادائیگی، ان میں سے کسی آپشن پر کلک کرنا ہوگا

بعد ازاں دستیابی کو دیکھتے ہوئے صارف کو دن اور وقت کا آپشن دیا جائے گا جسے پسند کرنے کے بعد طے شدہ دن اور وقت پر صارف کو مکہ مکرمہ میں قائم کیے جانے والے مراکز میں جمع ہونا ہوگا

ان مراکز کی تفصیل اور مقامات بعد ازاں جاری کی جائیں گے۔ یہاں پہنچ کر موجود اہلکار کو اپنا اجازت نامہ دکھانا ہوگا

حفاظتی واحتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اور ہدایات کی پابندی کے ساتھ عمرہ ادا کرنا ہوگا‘۔
’عمرہ کی ادائیگی کے بعد دوبارہ اسی مرکز کی طرف واپس آنا ہوگا

وزارت نے کہا ہے کہ صارف عمرہ کی ادائیگی کے بعد مکہ مکرمہ کے کسی ہوٹل میں قیام کرنا چاہے تو اسے اختیار ہوگا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close