واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو امریکا تائیوان کا بھرپور دفاع کرے گا
تفصیلات کے مطابق امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی جانب سے منعقدہ تقریب میں امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکا چین کے ساتھ سرد جنگ نہیں چاہتا، تاہم ہم صرف چین کو یہ بات سمجھانا چاہتے ہیں کہ امریکا تائیوان کے معاملے پر نہ ہی پیچھے ہٹے گا اور نہ ہی اپنے نظریات تبدیل کرے گا
جو بائیڈن نے کہا کہ امریکی حکومت پر تائیوان کے دفاع کی ذمے داری عائد ہوتی ہے، امریکا نے بنیادی طور پر ہتھیاروں کی فراہمی میں تائیوان کے ساتھ تعاون کیا ہے
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو امریکا تائیوان کا بھرپور دفاع کرے گا اور ساتھ دے گا، کیونکہ امریکا ایسا کرنے کا پابند ہے جب کہ چین اور روس سمیت پوری دنیا جانتی ہے کہ امریکا کے پاس سب سے زیادہ فوجی طاقت ہے
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کے بیان پر چینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکا کو تائیوان کے معاملے پر احتیاط سے کام لینا چاہیئے
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تگا کہ چین کے پاس بنیادی مفادات پر سمجھوتہ کرنے کی گنجائش نہیں ہے.