کراچی : پاکستان میں ٹویوٹا کی کاریں بنانے والے انڈس موٹرز کی جانب سے آئندہ دنوں میں کاروں کی قیمت میں پانچ سے چھ فیصد اضافہ کیا جارہا ہے
تفصیلات کے مطابق انڈس موٹرز کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) علی اصغر جمالی نے قیمتوں میں اضافے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس سےقبل گزشتہ سال اپریل میں ہماری گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ ہوا تھا، جب زرمبادلہ کی شرح ایک ڈالر پر 160-161 روپے تھی
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت زرمبادلہ کی شرح کم تھی، اب بین الاقوامی خام مال کی اور فریٹ کے کرائے میں اضافے کی وجہ سے آلات بنانے والے والوں (او ای ایم ایس) پر دباؤ میں اضافہ ہوا ہے
ان کے مطابق مارچ 2020ع سے اب تک اسٹیل کی قیمت میں 215 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، اکتوبر 2021ع میں ایلونیم اور تانبا کی فی ٹن قیمت بالترتیب تین ہزار اور دس ہزار ڈالرز پر پہنچ چکی ہے
علی اصغر جمالی کا کہنا تھا کہ ہم قیمتوں میں اضافے سے متعلق اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ یہ اضافہ ایک مرحلے یا دو مرحلوں میں کیا جائے
انہوں نے کہا کہ ہم خریدار کی آسانی پر بھی غور کر رہے ہیں جو پہلے ہی اپنی گاڑیاں بک کروا چکے ہیں اور ان کی ترسیل نومبر اور دسمبر میں کی جائے گی
حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کے بجٹ میں کاروں پر ٹیکس کی نمایاں کمی کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ سیل میں اضافہ کیا جائے جس کی وجہ سے او ای ایمز پر مالیاتی بوجھ کے باوجود قیمتوں میں اضافہ نہیں کرسکتے ہیں.