بالآخر ساحل پر پھنسنے والے بحری جہاز نے پاکستان کو الوداع کہہ دیا

نیوز ڈیسک

کراچی : کراچی کے ساحل پر پھنسنے کے بعد سرکاری تحویل میں لیے جانے والے پانامہ کا بحری جہاز ہینگ ٹونگ77 پاکستان کو الوداع کہہ کر روانہ ہو گیا ہے

تفصیلات کے مطابق جہاز کے مالک سے واجبات کی وصولی کے بعد جہاز کو ٹگ بوٹ کے ذریعے کھینچ کر لے جانے کی اجازت مل گئی

جہاز کے مالک نے جہاز کی مرمت خلیجی ریاست میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے جہاز کو ایک ٹگ بوٹ سے کھینچ کر دبئی منتقل کیا جائے گا

یاد رہے کہ ہینگ ٹونگ جہاز رواں برس 21 جولائی کو انجن کی خرابی اور لنگر ٹوٹنے کے باعث کراچی کے ساحل پر آکر ریت میں پھنس گیا تھا، جسے نکالنے کی کئی کوششیں موسم کی خرابی اور تکنیکی مسائل کی وجہ سے کامیاب نہ ہوسکیں،، بالآخر ڈیڑھ ماہ بعد 7 ستمبر کو جہاز کو نئے اور مضبوط رسوں کی مدد سے نکالا گیا تھا

جس کے بعد جہاز کو سرکاری تحویل میں لے کر کراچی پورٹ پر لنگر انداز کردیا گیا، جہاز سمندری سفر کے لیے موزوں نہ ہونے کی وجہ سے حکام نے روانگی کی اجازت بھی نہیں دی

اس کے علاوہ پورٹ اتھارٹیز اور سیکیورٹی کی مد میں لگ بھگ ڈھائی کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی بھی جہاز کی روانگی میں تاخیر کا سبب بنی رہی

آخر کار جہاز کے مالک نے شپنگ ایجنٹ بحریہ میرین سروسز کے ذریعے تمام واجبات ادا کر دیے، جس کے بعد کراچی پورٹ، پاکستان کسٹمز ور میرین مرکنٹائل ڈپارٹمنٹ نے جہاز کو روانہ ہونے کے لیے این او سی جاری کر دیا

اطلاعات کے مطابق جہاز کو لے جانے کے لیے دبئی سے خصوصی ٹگ ’’الوحاش‘‘ کراچی پہنچا اور دو روز کی تیاریوں اور منصوبہ بندی کے بعد جہاز بدھ کی صبح چھ بجے لے جانے کا فیصلہ کیا گیا، تاہم تیز ہواؤں کی وجہ سے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا اور بدھ کی سہ پہر جہاز گہرے سمندر کی جانب روانہ کر دیا گیا، جہاز کو چینل تک پہنچانے میں  کمپنی سی میکس کے ٹگ اور ماہرین نے بھی حصہ لیا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close