کراچی : مسلم تاریخ کے عظیم سپہ سالار سلطان صلاح الدین ایوبی کے حوالے سے ترکی اور پاکستان کے باہمی اشتراک سے بننے والے ڈرامے کی کاسٹ کے لیے پاکستان کے دو بڑے شہروں میں آڈیشن لیے گئے، جن میں پاکستان کے چوٹی کے اداکاروں نے حصہ لیا اور حیران کن طور پر کئی نامور اداکار آڈیشن میں کامیاب نہیں ہو سکے
اس حوالے سے مشترکہ پروڈکشن کے پاکستانی شراکت دار انصاری اینڈ شاہ فلمز کے ڈاکٹر کاشف انصاری کا کہنا ہے کہ گذشتہ ماہ کے اختتام پر کراچی اور لاہور میں آڈیشنز کا، انعقاد کیا گیا تھا ، جبکہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے لاہور میں آڈیشنز میں حصہ لیا تھا
ڈاکٹر کاشف انصاری کا کہنا تھا کہ چھ ہزار سے زیادہ امیدواروں میں سے کل ساٹھ پاکستانی فنکاروں کو ان آڈیشنز میں گولڈن ٹکٹ ملا ہے، جن میں سے اٹھارہ کا تعلق لاہور سے اور بیالیس فنکار کراچی سے تعلق رکھتے ہیں
اداکاروں میں سے جو بڑے نام منتخب ہوئے ہیں، ان میں عائشہ عمر، عدنان جیلانی، فرحان آغا اور اشنا شاہ شامل ہیں
کاشف انصاری نے کہا کہ آڈیشن میں سلیکٹ نہ ہو پانے والوں میں نمایاں نام نادیہ حسین کا ہے، جبکہ ان کے علاوہ دیگر کئی نامور فنکار بھی منتخب نہیں ہو پائے
واضح رہے کہ نادیہ حسین پاکستان کی نامور ماڈل و اداکارہ ہیں اور کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کر رہی ہیں
کاشف انصاری کے مطابق پاکستان میں اس سے قبل اتنے نامور فنکاروں کے آڈیشنز میں حصہ لینے اور منتخب ہونے پر کاسٹ کا حصہ بننے کی کوئی مثال نہیں ملتی
انہوں نے بتایا کہ ان آڈیشنز کے دوران بنائی جانے والی وڈیوز عنقریب ریلیز کر دی جائیں گی
کاشف انصاری کے مطابق آڈیشنز کا اگلہ مرحلہ جنوری اور پھر مارچ میں منعقد کیا جائے گا، جس میں ترکی اور ضرورت پڑنے پر پاکستان میں بھی آڈیشنز کیے جائیں گے
وزیراعظم پاکستان سے اپنی حالیہ ملاقات کے بارے میں ڈاکٹر کاشف انصاری نے بتایا کہ 15 سے 20 مارچ 2022ع کے درمیان ترکی میں صلاح الدین سٹی کا افتتاح ہوگا، جس میں ترک صدر رجب طیب اردوغان اور عمران خان مہمان خصوصی ہوں گے
اس ڈراما سیریز کے خیال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر انصاری کا کہنا تھا کہ سلطان صلاح الدین ایوبی پر سیریز بنانے کا خیال اس لیے آیا کہ یہ مسلمانوں کی تاریخ کے عہد ساز اور غیر متنازع حکمران تھے، جن کا ذکر مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم بھی عزت و تعظیم سے کرتے ہیں
انہوں نے کہا کہ یہ سیریز صرف مسلمانوں یا پاکستان اور ترک آبادی کے لیے نہیں ہے، بلکہ دنیا کو دکھانا ہے کہ ایک مسلمان حکمران تھا، جس کے مخالفین بھی اس کی شجاعت، انصاف، بہادری اور مساوات کے معترف تھے
انصاری اینڈ شاہ فلمز کے ڈاکٹر جنید علی شاہ نے ڈرامے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی سیریز ابتدائی منصوبے کے تحت تین سیزنز پر مشتمل ہوگی اور ہر سیزن میں چونتیس اقساط ہوں گی
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے ترک شراکت دار اکلی فلم ہیں، جو اس سے قبل کئی نامور شخصیات اور تاریخی واقعات پر فلمیں بنانے کا تجربہ رکھتے ہیں. واضح رہے کہ صلاح الدین ایوبی سیریز بنانے کا معاہدہ اکلی فلمز (ترکی) اور انصاری اینڈ شاہ فلز (پاکستان) کے درمیان طے پایا تھا
ڈاکٹر جنید علی شاہ کا کہنا ہے کہ مسلمانوں سے زیادہ اس تاریخی سیریز کا ہدف چھ ارب غیر مسلم ہیں، جو مسلمان حکمرانوں کے کارناموں سے ناواقف ہے
جبکہ ڈاکٹر کاشف انصاری کا کہنا تھا کہ مصر، شام، عراق، دیار بکر اور حجاز پر طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے سلطان صلاح الدین ایوبی آج کل کی نوجوان نسل اور مسلمانوں میں گمنام شخصیت بن گئے ہیں
انہوں نے بتایا کہ اس سیریز کے دوران قرآن، تاریخ اور مذہبی ہم آہنگی پر زیادہ توجہ دی گئی ہے، جس سے یہ واضح ہوگا کہ قرآن کے اصولوں کے تحت ایک سلطنت کا نظام چلایا جا سکتا ہے، جسے تمام مذاہب میں قابل قبول سمجھا جا سکتا ہے.