نئی دہلی : کورونا سے متاثرہ سال 2020ع بھارتی طلبہ کی خودکشیوں کے حوالے سے بدترین سال رہا، رپورٹ کے مطابق اس سال ساڑھے بارہ ہزار طلبہ و طالبات نے خودکشی کی
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خودکشی کے واقعات سکی اس تعداد سے ملک میں یومیہ 34 طلبہ کا تناسب بنتا ہے، اگر دیکھا جائے تو ہر روز ہر ریاست میں ایک سے زائد طالب علم نے خودکشی کی
بھارتی حکام کے مطابق 2019ع کے مقابلے میں 2020ع میں طلبہ کی خودکشی کے واقعات میں اکیس فیصد اضافہ ہوا۔ 1995ع سے 2020ع تک بھارت میں ایک لاکھ اَسی ہزار طلبہ خودکشی کرچکے ہیں
اس حوالے سے 2020ع سب سے بدترین سال رہا، حالانکہ اس سال کورونا کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند تھے اور امتحانات کا دباؤ بھی نہ تھا، کیونکہ بیشتر طلبہ کو بغیر امتحان ہی اگلی کلاسوں میں ترقی دے دی گئی، اس کے باوجود یہ صورتحال انتہائی سنگین ہے
سنہ 2020ع میں ساڑھے بارہ ہزار میں سے 53 فیصد طلبہ کا تعلق چھ ریاستوں سے ہے، جن میں مہاراشٹرا، اڑیسہ، جھاڑکھنڈ، مدھیہ پردیش، تامل ناڈو اور کرناٹکا شامل ہیں
ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں اچھے تعلیمی اداروں میں داخلے کی دوڑ، بہتر تعلیمی کارکردگی اور بہترین نوکری ملنے کی خواہش کے بوجھ تلے دب کر طلبہ کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم بھارتی حکومت اس ضمن میں اقدامات اٹھانے کی زحمت کرنے کے موڈ میں نظر نہیں آتی.