کراچی : وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اس سال مکمل سلیبس پڑھایا جائے گا، مئی اور جون میں امتحان ہونگے، جبکہ اے اور او لیول کے بھی مقررہ وقت پر امتحان ہونگے
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ میرا نظریہ رہا ہے تعلیم سیاست سے بالاتر ہے، تعلیم میں ہم نے سب نے مل جل کر کام کرنا ہے، آج کی کانفرنس کی میزبانی حکومت سندھ نے کی ہے
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تعلیمی سال کورونا کی وجہ سے سلیبس کم کیا تھا، تاہم اب اسے مکمل پڑھایا جائے گا، ہم سب صوبوں کو اپنے ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں. سب مل کر ہی فیصلہ کریں گے جہاں جہاں اختلاف ہیں، انہیں دور کریں گے
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ورلڈ بینک کی سپورٹ سے گرانٹ ملی ہے، جن اضلاع میں بچے اسکول سے باہر ہیں وہاں ورلڈ بینک کے تحت پروگرام چلا رہے ہیں. بچیوں کے اسکول کی چار دیواری واش روم اور دیگر ضروریات کو پورا کریں گے
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں بچیاں تعلیم حاصل کرسکیں، تعلیم کا درست ڈیٹا جمع کرنے کے لئے تنظیم بنانے پر بات چیت کی گئی ہے. ریاست نے تعلیم کو وہ ترجیح نہیں دی جو دینی چاہیے تھی
انہوں نے کہا کہ قوم کی حیثیت سے تعلیم پر انویسمنٹ زیادہ کرنی ہوگی، نیشنل ایجوکیشن پالیسی کے کام کی ابتداء کی ہے، ہائی سکینڈری اسکول اور مزید نئی یونیورسٹیاں بنانے کی ضرورت ہے.