لندن – متحدہ قومی موونٹ (ایم کیو ایم) کے کارکنوں نے سوسائٹی آف ان ویل اینڈ نیڈی (SUN) نامی متنازعہ خیراتی ادارے کے بینر تلے چیریٹی فنڈ ریزنگ تقریب کے دوران ایم کیو ایم کے سابق سینئر رہنماء اور ٹریژری ہیڈ طارق میر پر سیاہی پھینک دی
ایج ویئر کے قریب خیراتی تقریب کا انعقاد طارق میر نے کیا تھا جن کے پاس SUN چیریٹی کا کنٹرول ہے. اطلاعات کے مطابق انہوں نے چیریٹی کا کنٹرول ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کو دینے سے انکار کر دیا ہے
ایم کیو ایم لندن کے حامیوں کا کہنا ہے کہ طارق میر اور مرحوم محمد انور نے الطاف حسین کو دھوکہ دیا اور پارٹی کے وسائل پر قبضہ کیا، جبکہ طارق میر ایسے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ قانونی حدود میں رہ کر کام کر رہے ہیں، یہ چیریٹی چند افراد کا نہیں بلکہ ایم کیو ایم کے لوگوں کا ہے
ان کے مطابق یہ تقریب کراچی اور دیگر جگہوں پر تعلیمی منصوبوں کے لیے رقم جمع کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی
طارق میر پر سیاہی پھینکنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ان کی تنظیم کی جانب سے فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا. تقریب میں ایم کیو ایم لندن کے پانچ کے قریب کارکن ٹکٹ خرید کر ہال کے اندر آکر بیٹھ گئے
ان میں سے تین نے طارق میر کو اس وقت گھیر لیا جب وہ واش روم سے باہر آ رہے تھے اور ان کے چہرے اور کپڑوں پر سیاہی پھینک دی اور وہاں سے چلے گئے۔ پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور شکایت درج کی
پنڈال کے باہر ایم کیو ایم لندن کے دو درجن کے قریب کارکن، جن کی قیادت سہیل خانزادہ، ایم کیو ایم یو کے انچارج ناصر علی، ندیم شیخ اور دیگر کر رہے تھے، طارق میر کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے
ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں نے تقریب میں خلل ڈالنے کے لیے ہال میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم داخلی دروازے پر سیکورٹی اہلکاروں اور ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی
جس کے بعد ہنگامی کال پر پولیس پہنچی اور مظاہرین کو پنڈال میں جانے سے روک دیا گیا تاہم سڑک کے پار سے احتجاج کرنے کی اجازت دی گئی
مرحوم محمد انور کے اہل خانہ سمیت ایم کیو ایم کے متعدد سابق کارکنوں کے اہل خانہ نے بھی فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کی۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ طارق میر نے غیر قانونی طور پر SUN چیریٹی کا کنٹرول حاصل کر رکھا ہے اور وہ دسیوں ہزار پاؤنڈز کو کنٹرول کر رہے ہیں جو ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے نام پر خیراتی ادارے کو دیے گئے تھے
ان کا کہنا تھا کہ SUN چیریٹی پر تنازع عدالت میں ہے اور فنڈ جمع نہیں ہونا چاہیے تھا۔ اس سے قبل ایم کیو ایم کے بانی نے الزام لگایا تھا کہ طارق میر نے SUN چیریٹی پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے اور یہ برنٹ اوک براڈوے کے قریب فلیٹ ہے.