پیرس – ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ریکارڈ ساتویں بار سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ ’بیلن ڈی اور‘ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا
اس سے قبل 2009، 2010، 2011، 2012، 2015 اور 2019 میں بیلن ڈی اور جیتنے والے فٹبالر کا اس سال ایوارڈ جیتنے کے لیے روبرٹ لیون ڈاؤسکی اور جورگنہو سے سخت مقابلہ تھا، جبکہ پانچ مرتبہ یہ ایوارڈ جیتنے والے پرتگال اور مانچسٹر یونائٹڈ کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو سابقہ ایوارڈز مقابلوں کے برخلاف اس مرتبہ فہرست میں شامل نہیں تھے
تاہم گزشتہ سال پہلی مرتبہ اپنے ملک ارجنٹائن کے لیے کوپا امریکا کا ٹائٹل جیتنے والے میسی اپنے دونوں حریفوں کو مات دیتے ہوئے ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہے
2021 میں چونتیس سالہ اسٹار نے مجموعی طور پر چالیس گول کیے۔ ان میں سے اٹھائیس گول انہوں نے ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کی طرف سے کھیلتے ہوئے کیے، چار گول پیرس سینٹ جرمن اور آٹھ گول اپنی قومی ٹیم کی جانب سے کھیلتے ہوئے کیے
انہوں نے اپنی ٹیم کو ’کوپا امریکا‘ ٹورنامنٹ جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا اور یہ ان کے کیریئر کا پہلا بین الاقوامی اعزاز تھا
میسی کو ان کے بارسلونا کے سابق ساتھی اور یوراگوئے کے مایہ ناز فٹبالر لوئس سواریز نے بیلن ڈی اور کی ٹرافی دی
دوسری جانب میسی کو ’بیلن ڈی اور‘ ملنے کے بعد فرانس فٹبال چیف کے کرسٹیانو رونالڈو کے حوالے سے ایک بیان پر نیا تنازع بھی کھڑا ہوگیا ہے
پیرس کے تھیٹر ڈو چیٹیلیٹ میں ایوارڈ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے میسی نے کہا کہ یہاں دوبارہ آ کر ایوارڈ جیتنا انتہائی خوشگوار ہے. دو سال قبل مجھے لگا تھا کہ یہ میں نے آخری بار ایوارڈ جیتا ہے، لیکن اس سال دوبارہ یہ اعزاز حاصل کر کے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے
انہوں نے کہا کہ کوپا امریکا ٹائٹل جیتنے کی وجہ سے یہ میرے لیے خاص سال ہے، مراکانہ اسٹیڈیم میں جیتنا بہت خاص ہے اور ارجنٹائن کے عوام کے ساتھ جشن منانے پر بہت خوش تھا
انہوں نے کہا کہ میرا ایک طویل کیریئر ہے اور مجھے نہیں معلوم کہ یہ میرا بہترین سال تھا یا نہیں، لیکن بے انتہا تنقید اور مشکل وقت کے بعد ارجنٹائن کے لیے ٹائٹل جیتنے کی وجہ سے یہ میرے لیے خاص سال ہے
دنیائے فٹبال میں رونالڈو اور میسی کو حریف سمجھا جاتا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ میسی کو ’بیلن ڈی اور‘ ملنے کے بعد فرانس فٹبال چیف کے ایک بیان پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے
فرانس فٹبال کے چیف پاسکل فیرے نے پچھلے ہفتے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ رونالڈو نے انہیں بتایا تھا کہ ان (رونالڈو) کی خواہش ہے کہ وہ اپنے کیریئر کا اختتام میسی سے زیادہ ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیت کر کریں
پیر کے روز رونالڈو نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ’پاسکل فیرے نے جھوٹ بولا، انہوں نے خود کو اور اپنے جریدے کو فروغ دینے کے لیے میرا نام استعمال کیا۔‘
پرتگالی فٹبال لیجنڈ کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ بلکل ناقابل قبول ہے کہ ایک ایسا شخص جو اتنے قابل احترام ایوراڈ دینے کا ذمہ دار ہے، اس طرح سے جھوٹ بولے اور کسی ایسے شخص کی بے عزتی کرے جس نے ہمیشہ فرانس کی فٹبال اور بیلن ڈی اور کا احترام کیا ہے۔‘
رونالڈو نے کہا کہ ان کا ایک ہی مقصد ہے کہ وہ پرتگال اور اپنے کلب کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹائٹلز جیتیں
واضح رہے کہ میسی کو یہ ایوارڈ ایک ایسے موقع پر دیا گیا ہے جب وہ اپنے سابقہ کلب بارسلونا سے کئی سالہ وابستگی ختم کرنے کے بعد رواں سال ہی فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین کا حصہ بنے ہیں
اس سے قبل میسی نے گزشتہ چھ مرتبہ بیلن ڈی اور بارسلونا میں رہتے ہوئے جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار نے گزشتہ سیزن میں لالیگا میں سب سے زیادہ گول اسکور کیے تھے اور اس طرح مجموعی طور پر اس ایوارڈ کے لیے 613 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے
اس ایوارڈ کے لیے ان کا سب سے بڑا مقابلہ روبرٹ لیون ڈاؤسکی سے تھا جو 580 پوائنٹس کے سبب ایوارڈ تو نہ جیت سکے لیکن انہیں سال کا بہترین اسٹرائیکر قرار دیا گیا۔
چیلسی کے لیے چیمپیئنز لیگ اور اٹلی کے لیے یورپیئن شپ جیتنے والے گول کیپر جورگنہو کو بھی ایوارڈ کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جارہا تھا لیکن وہ 460 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے
بیلن ڈی اور کی دوڑ میں فرانس کے کریم بینزیما اور نگولو کانٹے بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے
چیلسی کو سال کا سب سے بہترین کلب قرار دیا گیا جبکہ ان کے گول کیپر ایڈورڈ مینڈی سال کے دوسرے بہترین گول کیپر قرار پائے کیونکہ بہترین گول کیپر کی ’یاشین ٹرافی‘ اٹلی کے گیان لوگی ڈونوروما کے نام رہی
خواتین کا بیلن ڈی اور اسپین کی مڈفیلڈر الیگزیا پیوٹیلس کے نام رہا، جنہوں نے اپنی عمدہ کارکردگی سے بارسلونا کو چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل جتوایا
یہ رات بارسلونا کے لیے اس لحاظ سے بھی یادگار رہی کہ ان کے انیس سالہ فٹبالر پیڈری کو سال کے بہترین انڈر21 کھلاڑی کے ایوارڈ ’کوپا ٹرافی‘ سے نوازا گیا.