بلغراد – حکام نے سربیا میں پاکستان کے سفارت خانے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے کی تصدیق کر دی ہے
واضح رہے کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ایک ٹوئٹ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے، جب کہ صارفین کی طرف سے اس پر ملے جلے ردِ عمل کا اظہار سامنے آیا ہے
جمعے کو پاکستان ایمبیسی سربیا کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ شیئر کی گئی، جس میں کہا گیا کہ سفارت خانے کے عملے کو کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں
پوسٹ میں کہا گیا کہ مہنگائی نے سابقہ تمام ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔ عمران خان آپ کب تک توقع کرتے ہیں کہ ہم سرکاری ملازمین خاموش رہیں گے اور آپ کے لیے کام کرتے رہیں گے
پاکستان کے سفارت خانے کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہمیں گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئی اور بچوں کی فیس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ان کو اسکول سے نکال دیا گیا ہے
اس کے بعد ایک اور ٹوئٹ کی گئی، جس میں کہا گیا کہ مجھے معاف کردیں، میرے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں بچا
سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کے آفیشل اکاؤنٹ سے یہ ٹوئٹ سامنے آتے ہی وائرل ہو گئیں، جس کے بعد حکام کا بیان سامنے آیا کہ سربیا میں پاکستان کے سفارت خانے کا سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہو گئے ہیں
یہ واضح نہیں ہے کہ یہ ٹوئٹ کس نے کی ہے اور اگر اکاؤنٹ ہیک ہوا ہے تو کس نے کیا ہے
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ان ٹوئٹس کے سامنے آنے کے بعد تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ پوسٹ خوب وائرل ہو گئی اور پاکستان کے ٹرینڈ پینل پر ‘سربیا’ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا
وزاتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کا فیسبک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہو گئے ہیں
انہوں نے کہا کہ ان اکاؤنٹس پر پوسٹ کیے جانے والے پیغامات سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کے نہیں ہیں
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد نے بھی اس معاملے پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دفترِ خارجہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سربیا میں پاکستان کے سفارت خانے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے
انہوں نے کہا کہ دفترِ خارجہ پاکستان اس معاملے پر تحقیقات کر رہی ہے
وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاون اظہر مشوانی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کے سفارت خانے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے
صحافی گُل بخاری نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ یہ کیا ہے؟
صحافی طلعت حسین نے ٹوئٹ کیا کہ "سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کا آفیشل اکاؤنٹ یہ کہہ رہا ہے۔”
جبکہ اداکارہ سحر شنواری کا کہنا تھا کہ تو کیا آپ نے یہی تربیت دی ہے کہ ملک کا ٹیکس دینے والوں کا پیسہ لے کر ملک کی ہی تشخص کو سیاسی طور پر کس طرح خراب کرنا ہے؟