سندھ ہائی کورٹ نے شہر میں بل بورڈ ہٹانے کے خلاف دائر درخواست پر سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کا حکم دے دیا ہے
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں شہر میں بل بورڈز ہٹانے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے بل بورڈز سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرانے کا حکم دے دیا، عدالت نے سرکاری عمارتوں سے بل بورڈ ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی
عدالت نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے احکام کے تحت پبلک سیکٹر سے سارے بل بورڈز ہٹا دیے جائیں، عدالت نے ہدایت کی کہ سپریم کورٹ کے احکام پر تمام کنٹونمنٹ بورڈز اور پرائیویٹ سیکٹر عمل درآمد کریں
درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کئی مقامات پر اب بھی بل بورڈز لگے ہوئے ہیں. انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ انتظامیہ کو پابند کیا جائے کہ سپریم کورٹ کے احکام کی خلاف ورزی نہ کریں، عدالت نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے احکام کی خلاف ورزی ہورہی ہے تو آپ سپریم کورٹ سے رجوع کریں، ہم سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرنے کے لیے صرف پابند کر سکتے ہیں، بل بورڈز ہٹانے سے پہلے حکام وہاں کا جائزہ لیں گے۔