کراچی – موبائل فونز اور دیگر الیکٹرونک مصنوعات کے حوالے سے مشہور کمپنی سونی نے سی ایس ایس نمائش کے موقع پر ایک کانسیپٹ الیکٹرک گاڑی ویژن ایس سیڈان کے ساتھ ایک ایس یو وی کانسیپٹ گاڑی ویژن ایس 02 کو پیش کر دیا ہے
واضح رہے کہ سونی نے 2020ع میں بھی پہلی بار ایک کانسیپٹ الیکٹرک گاڑی کو پیش کیا تھا
جنوری 2020 میں سی ای ایس کے موقع پر سونی نے اس گاڑی کو متعدد کمپنیوں کے اشتراک کے ساتھ تیار کرکے پیش کیا تھا، جسے ویژن ایس سیڈان کا نام دیا گیا تھا
مگر اس موقع پر یہ واضح نہیں تھا کہ سونی گاڑیوں کے شعبے میں قدم رکھنے کے لیے سنجیدہ ہے یا نہیں
اب 2 سال بعد ایک بار پھر سونی اس سمت میں اپنی اڑان بھرنے کے لیے پر تول رہی ہے، کیونکہ کمپنی نے بتایا ہے کہ وہ گاڑیوں کو تیار کرنے کے لیے سنجیدہ ہے
اس نئی گاڑی کی تیاری کے لیے ویژن ایس سیڈان کے تجربے کو مدنظر رکھا گیا اور اس کی آزمائش 2021 میں شروع ہوئی
اس مقصد کے لیے سونی نے آئندہ چند ماہ کے دوران ایک نئی کمپنی ”سونی موبیلٹی انکارپوریشن“ کو تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے وہ الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ میں قدم رکھے گی
کانسیپٹ گاڑی کو پیش کرتے ہوئے سونی کے چیئرمین، صدر اور سی ای او کینیشیرو یوشیدا نے دونوں گاڑیوں کو پیش کیا
اس نئی ایس یو وی میں کافی کچھ ویژن ایس سیڈان جیسا ہی ہے، مگر اس کی ساخت زیادہ کامپیکٹ ہے. جبکہ یہ زیادہ بڑی بھی ہے جس کے دو ورژن ہیں ایک چار جبکہ دوسرا سات مسافروں کے لیے ہے
سونی کے مطابق اس گاڑی میں دو الیکٹرک موٹرز موجود ہیں اور ہر موٹر 268 ہارس پاور کی طاقت فراہم کرتی ہے
دونوں گاڑیوں کے اندر ایک ایک بڑا ڈسپلے ہے جو تین اسکرینوں پر مبنی ہے اور پورے ڈیش بورڈ پر پھیلا ہوا ہے، اس کے علاوہ بیک پر دو ملٹی میڈیا ڈسپلے دیئے گئے ہیں
تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ سونی کی جانب سے ان گاڑیوں کو کب تک صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے. ممکنہ طور پر اس بارے میں تفصیلات نئی کمپنی کے قیام کے بعد ہی سامنے آسکیں گی.