بلوچستان کابینہ نے ہیلتھ کارڈ اسکیم کے آغآز، کسانوں کی رجسٹریشن کی کر کے انہیں صحت کارڈ کے ساتھ کسان کارڈ فراہم کرنے اور محکمہ جاتی کمیٹیوں کے ذریعے گریڈ 3 سے گریڈ 15 تک خالی اسامیوں پر میرٹ پر بھرتیاں کرنے کی منظوری دے دی۔
یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کے بعد صوبائی وزیر کمیونکیشن اینڈ ورکس سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات بشریٰ رند کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے مختلف محکموں میں قواعد و ضوابط کے خلاف اسامیوں پر بھرتیاں کرنے والے متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے لوکل گورمنٹ ترمیمی ایکٹ، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے 361 معطل ملازمین کی بحالی اور محکمہ جاتی کمیٹیوں کے تحت 3 سے 15 گریڈ کی خالی اسامیوں پر بھرتیوں کی بھی منظوری دی۔
اس کے علاوہ صوبائی کابینہ نے اپوزیشن اراکین کے حلقوں کے ترقیاتی فنڈ کی بھی منظوری دی ہے۔
اجلاس کے دوران کابینہ کی جانب سے لینڈ ریویو ایکٹ 1967، ای-اسٹیمپ رول 2021 اور بلوچستان فشریز رولز 1971 میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
صوبائی کابینہ کی جانب سے بلوچستان فاریسٹ ایکٹ 2021 کا مسودہ بھی منظور کرلیا گیا ہے، جس کا مقصد جنگلات اور جنگلی حیات کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
اجلاس میں صنعتی ترقی اور بلوچستان آرکیالوجی رول2021 کا مسودہ منظور کیا گیا۔
علاوہ ازیں کابینہ اجلاس کے دوران موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کے تحت مال بردار گاڑیوں کےلیے کیریج کانٹریکٹ فیس بڑھانے کی منظوری بھی دی گئی۔