فیسبک نے پاکستان میں مونیٹائزیشن شروع کر دی، کون کون اہل؟

ویب ڈیسک

کراچی – پاکستان میں فیسبک استعمال کرنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ نے پاکستانی صارفین کے لیے بھی اپنے وڈیوز سے پیسے کمانے کی سہولت یعنی مونیٹائزیشن شروع کر دی ہے اور صارفین کو اپنے بینک اکاؤنٹس کو رجسٹر کرنے کا آپشن دے دیا ہے

فیسبک کی مالک کمپنی میٹا کی ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ فیسبک سے آمدنی حاصل کرنے کے اقدامات کے حوالے سے ان کی بات چیت ہوئی ہے

یاد رہے کہ فیسبک کے علاوہ یوٹیوب اور گوگل اشتہارات اور مونیٹائزیشن یعنی مواد کے ذریعے پیسے کمانے کے منصوبے کے تحت مواد تیار کرنے والوں کو رقم فراہم کرتا ہے، جس سے پہلے ہی بیسیوں ہزاروں پاکستانی خطیر رقم کما رہے ہیں

پاکستان میں اپنا فیسبک پیج چلانے اور اس پر وڈیوز سمیت دیگر مواد شیئر کرنے والے متعدد ایڈمنز کا بھی کہنا ہے کہ فیسبک نے ان کے پیجز کے لیے اِن اسٹریم اشہارات کی سہولت دے دی ہے

انہوں نے تصدیق کی کہ اردو کو ان زبانوں میں شامل کر دیا گیا ہے، جن کی وڈیوز کو اب مونیٹائز کیا جاسکے گا، اس کے علاوہ پاکستانی بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی فیسبک نے تسلیم کرنا شروع کر دی ہیں

اردو نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس حوالے سے جب فیسبک کی ترجمان سے ای میل انٹرویو میں پوچھا گیا کہ کیا فیسبک نے پاکستان میں مونیٹائزیشن شروع کر دی ہے، تو انہوں نے براہ رست جواب کے بجائے مفصل تفصیلی جواب دیا، جس میں تصدیق کی گئی کہ فیسبک وڈیو تخلیق کرنے والوں کے لیے پائیدار آمدنی کے ذریعے کے حوالے سے معاملات پر حکومت پاکستان سے اتفاق کیا گیا ہے

فیسبک ترجمان کا کہنا تھا کہ نیشنل سوشل میڈیا کوآرڈینیشن ورکنگ گروپ کے ساتھ ہماری میٹنگ، جو 15 فروری کو ہوئی تھی، نے ڈیجیٹل خواندگی، شمولیت، اور قابلیت سے متعلق چند اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ جس میں کنیکٹیویٹی، ضابطہ، کاروبار، اور تخلیق کاروں کے لیے پائیدار آمدنی پیدا کرنے کے اقدامات شامل تھے

میٹا ترجمان کے مطابق فیسبک انتظامیہ ایک پائیدار ڈیجیٹل معیشت کی تعمیر کے لیے حکومت پاکستان کے وژن سے اتفاق کرتی ہے

انہوں نے کہا ”ہم پلیٹ فارم کنیکٹیویٹی انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل اپ اسکلنگ پروگراموں میں سوچی سمجھی سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان میں ایک پائیدار ڈجیٹل معیشت کی تعمیر کے حکومت پاکستان کے وژن کا اشتراک کرتے ہیں، اور پاکستان میں ڈجیٹل ماحولیاتی نظام کو تیز کرنے میں مدد کے لیے ان کے ساتھ شراکت داری کریں گے“

دوسری طرف رابطہ کرنے پر پاکستان کی وزارت آئی ٹی کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ فی الحال اس حوالے سے تبصرہ نہیں کر سکتے

تاہم حکومت کے ڈجیٹل میڈیا ونگ کے سربراہ عمران غزالی کا کہنا ہے کہ ان کی اطلاع کے مطابق ابھی تک مونیٹائزیشن کے حوالے سے فیسبک نے کوئی اعلان نہیں کیا، لیکن فیسبک نے پاکستان میں ایک پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے

دوسری طرف پاکستان میں انسٹنٹ آرٹیکلز یا مونیٹائزیشن کے لیے فیسبک کی دیگر سہولیات استعمال کرنے والے ایک پیج ایڈمن عفان شمس کا کہنا ہے کہ ان کے ایک پیج پر اِن اسٹریم ایڈز کی سہولت مہیا کی گئی ہے

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اردو وڈیوز اور پاکستانی بینک اکاؤنٹ رکھنے والوں کو یہ سہولت میسر نہیں تھی، مگر اب فیسبک نے پاکستانیوں کے لیے بھی مونیٹائزیشن کی سہولت فراہم کی ہے

علاوہ ازیں فیسبک پر متعدد پیجز چلانے والے ایک ادارے سے وابستہ ثنا شیخ نے بھی مونیٹائزیشن کی سہولت ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جو پیجز سوشل پلیٹ فارمز کے دیے گئے، وہ کرائیٹیریا پر پورے اترتے ہیں۔ ان پر مونیٹائزیشن کی سہولت اب استعمال کی جا رہی ہے

مقامی میڈیا نے کچھ دن قبل ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ پاکستان میں فیسبک پہلے وڈیوز مونیٹائزیشن کے لیے پائلٹ منصوبہ شروع کرے گا اور پائلٹ منصوبے کے نتائج بہتر ملنے کے بعد وڈیو مونیٹائز پالیسی کا اعلان ہوگا

وزارت آئی ٹی کا حوالہ دے کر مقامی میڈیا نے بتایا تھا کہ فوری طور پر وڈیو مونیٹائزیشن رسک ہوسکتی ہے، کیونکہ فیسبک پر صارفین کا وڈیوز اپ لوڈ کرنے کا رجحان بھی کم ہے اور پاکستان میں ریگولیٹری فریم ورک پر بھی فیسبک انتظامیہ کو تحفظات ہیں

یاد رہے کہ گزشتہ سال خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان کے سائنس و ٹیکنالوجی کے مشیر ضیاءاللہ بنگش نے دعویٰ کیا تھا کہ فیسبک جلد پاکستان میں وڈیوز کے عوض پیسے دینے کا سلسلہ شروع کر دے گا

فیسبک ویڈیو مواد کو کیسے مونیٹائز کرتا ہے؟

سوشل پلیٹ فارم فیسبک کے مطابق اِن اسٹریم ایڈز کے ذریعے وڈیوز کی ابتدا اور درمیان میں وڈیو اشتہارات اور تصاویر پر مبنی اشتہارات چلائے جاتے ہیں

مونیٹائزیشن کی سہولت حاصل کرنے والے پیجز کے ایڈمنز کو فیسبک یہ موقع دیتا ہے کہ وہ وڈیو اپ لوڈ کرتے وقت بتائیں کہ وہ اپنے مواد میں اشتہار چلانا چاہتے ہیں یا نہیں، مثبت آپشن منتخب کرنے کے بعد فیسبک صارفین کو ان کی دلچسپی کو مدنظر رکھ کر اشتہارات دکھاتا ہے

فیسبک مونیٹائزیشن کن کے لیے ہے؟

فیسبک کے مطابق مونیٹائزیشن کی سہولت وڈیوز اور ایسے مواد کے لیے ہوتی ہے، جس پر اشہارات دیے جا سکیں

وڈیوز کو مونیٹائز کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے پیج پر دس ہزار فالورز ہوں اور گزشتہ ساٹھ دنوں کے دوران آپ کی وڈیوز کو چھ لاکھ منٹس تک دیکھا گیا ہو۔ اس کے علاوہ آپ کے پیج پر پانچ ایکٹو وڈیوز کا ہونا بھی ضروری ہے

پاکستان میں اشتہارات پر کتنی رقم خرچ ہوتی ہے؟

اشتہارات پر خرچ کی جانے والی سالانہ رقم سے متعلق ایک رپورٹ میں ڈان گروپ سے منسلک ’ارورا‘ نامی میگزین نے رپورٹ کیا تھا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران چونتیس ارب روپے ٹیلی ویژن اور 16.8 بلین روپے ڈجیٹل میڈیا پر خرچ کیے گئے تھے

پاکستان میں مالی سال 2019/20 میں ڈیجیٹل میڈیا پر خرچ کردہ رقم 13.65 بلین روپے تھے

ارورا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ڈجیٹل میڈیا پر خرچ کی جانے والی رقم کا سب سے زیادہ حصہ فیسبک پر خرچ کیا جاتا ہے۔ جبکہ ڈجیٹل اشتہارات کے اخراجات کے لحاظ سے پاکستان میں گوگل اور یوٹیوب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں

انٹرنیٹ پلیٹ فارمز کے اعدادوشمار رپورٹ کرنے والے ادارے سٹیٹسٹا کے مطابق پاکستان میں فیسبک کے چار کروڑ پینتیس لاکھ سے زائد ایکٹیو صارفین ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close