تحریک عدم اعتماد کی قرار داد مسترد. وزيراعظم کی صدر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز

نیوز ڈیسک

اسلام آباد وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو آئین و قانون کے منافی قرار دے کر مسترد کردیا گیا

جبکہ وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت عارف علوی کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز دے دی ہے

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا تھا جو کچھ تاخیر کے ساتھ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں تقریباً 12 بج کر 5 منٹ پر شروع ہوا

اجلاس کے آغاز میں وزیر قانون فواد چوہدری نے قرار داد کو غیر ملک کی جانب سے پاکستان میں حکومت کو تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیا

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد آئین کے آرٹیکل 95 کے تحت پیش کی جاتی ہے لیکن آئین کا ایک اور آرٹیکل 5 ایک ہے جس کے مطابق ملک سے وفاداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے

انہوں نے کہا کہ 7 مارچ کو ہمارے ایک سفیر کو ایک سرکاری اجلاس میں طلب کیا جاتا ہے اور اجلاس میں شریک ہوتے ہیں، اس ملاقات میں دوسرے ملک کے سفیر بھی ہوتے ہیں، ایک اجلاس میں ہمارے سفیر کو یہ بتایا جاتا ہےکہ تحریک عدم پیش کی جارہی ہے

ان کا کہنا تھا کہ 8 مارچ کو عدم اعتماد پیش کی گئی تھی، ہمارے سفیر کو بتایا جاتا ہے کہ پاکستان سے اس ملک کے تعلقات کا دار و مدار اس تحریک کی کامیابی پر منحصر ہے اگر اعتماد کامیاب ہوتی ہے تو آپ کو معاف کردیا جائے گا اور ناکام ہوتی ہے تو آپ کا اگلا راستہ خطرناک ہوگا

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک رولز کے مطابق ہونا ضروری ہے، میں بطور ڈپٹی اسپیکر رولنگ دیتا ہوں کہ وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد مسترد کی جاتی ہے

ڈپٹی اسپیکر نے تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے سے انکار کر دیا اور قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا

فواد چوہدری کے اعتراض کے بعد ڈپٹی اسپیکر کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے خلاف اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد 8 مارچ 2022 کو پیش کی تھی، عدم اعتماد کی تحریک کا آئین، قانون اور رولز کے مطابق ہونا ضروری ہے

انہوں نے کہا کہ کسی غیر ملکی طاقت کو یہ حق نہیں کہ وہ سازش کے تحت پاکستان کی منتخب حکومت کو گرائے، وزیر قانون نے جو نکات اٹھائے ہیں وہ درست ہیں لہٰذا میں رولنگ دیتا ہوں کہ عدم اعتماد کی قرارداد آئین، قومی خود مختاری اور آزادی کے منافی ہے اور رولز اور ضابطے کے خلاف میں یہ قرارداد مسترد کرنے کی رولنگ دیتا ہوں

ان کا کہنا تھا کہ دستور کے آرٹیکل 54 کی شق 3 کے تحت تفویض کردہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے جمعہ 25 مارچ 2022 کو طلب کردہ اجلاس کو برخاست کرتا ہوں

ساتھ ہی انہوں نے اجلاس کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا

اپوزیشن کو قومی اسمبلی کے کل 342 میں سے تحریک کی کامیابی کے لیے 172 ووٹس درکار تھے

دوسری جانب تحریکِ عدم اعتماد مسترد کیے جانے پر اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں دھرنا دے دیا

اپوزیشن اراکین نے اس موقع پر خوب شور شرابا کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے. حکومتی ارکان نے بھی اپوزیشن بینچوں پر جا کر نعرے لگائے

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے میڈیا سے کہا کہ اسپیکر اور عمران خان پر آرٹیکل 6 لگے گا

وفاقی وزیرِ اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ گورنر پنجاب ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرپرائز پہلے بتا دوں تو کیا فائدہ، جنہوں نے شیروانیاں سلوائی ہیں انہیں پاجامے بھی نہیں ملنے

قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد خصوصی طور پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت عارف علوی کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز دے دی ہے

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ قوم الیکشن کی تیاری کرے

سرکاری ٹی وی کے ذریعے قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان ںے کہا کہ بیرون ملک سے پلانٹ کی گئی سازش کو آج ڈپٹی اسپیکر نے مسترد کردیا جس پر میں پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پوری قوم پریشان تھی کہ غداری ہورہی تھی، میں انہیں پیغام دے رہا ہوں کہ اس طرح کی سازش یہ قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی، ہم نے آئینی طاقت استعمال کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو مسترد کردیا ہے

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سازش یہ قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی

وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے صدر کو تجویز دی ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کریں، تا کہ الیکشن ہوں اور عوام فیصلہ کرے کہ وہ کسے لانا چاہتی ہے

وزیراعظم نے کہا کہ صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور نئے انتخابات کی تجویز بھیج دی ہے، قوم عام انتخابات کی تیاری کرے، مجھے گزشتہ روز سے لوگ پیغامات دے رہے تھے کہ لوگ آپ سے غداری کررہے ہیں اور رقومات لے رہے ہیں، جنہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے پیسے لیے وہ ان رقومات کو لنگر خانوں میں دے دیں

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنی قوم کو کہتا ہوں آپ انتخابات کی تیاری کریں، آپ نے ملک کا فیصلہ کرنا ہے، اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد جو ہوگا، وہ سب دیکھیں گے

ان کا کہنا تھا میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں یہ اتنی بڑی بیرونی سازش ناکام ہوگئی ہے

قبل ازیں اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان، سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے بعد اب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کا یہ اقدام آج قومی اسمبلی کے انتہائی اہم اجلاس سے کچھ ہی وقت قبل اٹھایا گیا، جس میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی

اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی کے سیکریٹری کو مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس پر ایک سو سے زائد اراکین قومی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں

اس حوالے سے مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد تیار ہو رہی ہے

ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر اسد قیصر کے خلاف تحریک جمع نہ کرواتے تو اپوزیشن کے لیے مسائل پیدا ہو سکتے تھے، تحریک جمع ہونے کے بعد اب اجلاس سات روز تک ملتوی نہیں کیا جا سکتا

خیال رہے کہ مجموعی طور پر اپوزیشن کی جانب سے حکومتی اراکین کے خلاف اب تک یہ تیسری تحریک عدم اعتماد ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close