اسلام آباد – وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب ملک کی اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی باڈی نے بیرونی سازش کی تصدیق کردی تھی تو پھر اس کے بعد نمبر گیم اور تحریک عدم اعتماد پر کاروائی بے معنیٰ تھی
وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل جب میں شام کو آیا تھا تو مجھے آپ کو کہنا پڑا تھا کہ ’گھبرانا نہیں ہے‘، اب میں آپ کو تفصیل سے سمجھانا چاہتا ہوں کہ آج ہوا کیا ہے، کیونکہ اپوزیشن کو تو ابھی تک سمجھ نہیں آرہی کے یہ ہوا کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نیشنل سیکیورٹی کونسل نے واضح طور پر کہا تھا کہ اس خط میں بیرونی سازش ہے، جو پیغام ہمارے سفیر کو دیا گیا وہ نیشنل سیکیورٹی کونسل کی میٹنگ میں زیرِ بحث آیا
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل میں ہمارے سارے سیکیورٹی چیف سمیت سب بیٹھے ہوئے تھے، وہاں ان کے سامنے امریکا میں پاکستان کے سفیر اور امریکا کی جانب سے ان کے نمائندے کی آفیشل میٹنگ کی تفصیلات شیئر کی گئیں، اس گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ یہ پلان باہر سے بنا تھا، جس کے تحت پاکستان کی اندرونی سیاست میں مداخلت کی گئی
ا
عمران خان نے کہا کہ ہمیں جو لوگ چھوڑ کر گئے اور لوٹے بنے ان سے سفارتخانے کے لوگ ملتے تھے، ان کا کیا کام تھا؟ اس سب کا تعلق تحریک عدم اعتماد سے تھا
وزیراعظم نے کہا کہ جب ملک کی اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی باڈی یہ تصدیق کردیتی ہے تو پھر اس کے بعد نمبر گیم اور تحریک عدم اعتماد پر کاروائی بے معنیٰ تھی
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یہ باتیں کل رات بتا نہیں سکتا تھا کیونکہ اگر میں کل سب کو بتادیتا تو وہ آج صدمے میں نہ ہوتے
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن نے 8 مارچ کو تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی جس پر آج ووٹنگ متوقع تھی
تاہم اجلاس شروع ہوتے ہیں وقفہ سوالات میں بات کرتے ہوئے وزیر قانون فواد چوہدری کی جانب سے قرارداد پر سنگین اعتراضات اٹھائے گئے
جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے عدم اعتماد کی تحریک کو آئین و قانون کے منافی قراد دیتے ہوئے مسترد کردیا اور اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا
ایوانِ زیریں کا اجلاس ختم ہونے کے فوراً بعد وزیراعظم نے قوم سے مختصر خطاب کیا اور اعلان کیا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز صدر مملکت کو بھجوادی
بعدازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر قومی اسمبلی تحلیل کردی
جس کے بعد آج اتوار کے روز چھٹی کے دن سپریم کورٹ آف پاکستان کے تالے کھول دیئے گئے، چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال سپریم کورٹ پہنچ گئے اور موجودہ سیاسی صورتحال کا ازخود نوٹس لے لیا
پیپلزپارٹی کے وکیل اسپیکر رولنگ کے خلاف درخواست دائر کرنے سپریم کورٹ پہنچے تھے
پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے اور قومی اسمبلی کی تحلیل کے اقدامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے.