کراچی میں کئی برسوں بعد ایم کیو ایم لندن کی سرگرمیاں بحال

نیوز ڈیسک

کراچی – سندھ کے دارالحکومت اور پاکستان کے کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک حیران کن پیشرفت کے دوران عرف عام میں ایم کیو ایم (لندن) کے نام سے مشہور الطاف حسین کی زیر قیادت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے پانچ سال سے زائد عرصے کے بعد کراچی میں اپنی تنظیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی ہیں اور دو سینئر رہنماؤں کو اپنی پارٹی کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم رابطہ کمیٹی کا رکن نامزد کر دیا گیا ہے

تفصیلات کے مطابق ڈان اخبار کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ پیشرفت پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے لندن میں مقیم الطاف حسین کی تقاریر کی نشریات پر 2015ع میں لگائی گئی پابندی کو ہٹانے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست کے ساتھ موافقت رکھتی ہے

لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ عزیزآبادی کی جانب سے ڈان کو بھیجے گئے ایک بیان کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی کنور خالد یونس اور پاکستان میں مقیم بائیں بازو کے بزرگ رہنما مومن خان مومن کو بالترتیب رابطہ کمیٹی کا سینئر ڈپٹی کنوینر اور ڈپٹی کنوینر بنایا گیا ہے

بیان میں کہا گیا ہے ”دونوں ایم کیو ایم کے زیر حراست کارکنوں کے مقدمات کی پیروی کریں گے اور لاپتا کارکنوں کی بازیابی کے لیے بھی کام کریں گے“

اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے ”مزید تنظیمی سیٹ اپ کا اعلان آنے والے دنوں میں کیا جائے گا اور پارٹی کے ’وفا پرست‘ کارکنوں سے کنور خالد یونس اور مومن خان کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے“

دریں اثنا اتوار کو جاری کردہ ایک اور بیان میں کہا گیا کہ رابطہ کمیٹی نے الطاف حسین کی تقاریر پر ’غیر قانونی اور غیر آئینی‘ پابندی کے خلاف لندن سے سپریم کورٹ آف پاکستان کو ایک پٹیشن بھیجی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close