نگراں وزیراعظم؟

نیوز ڈیسک

اسلام آباد، – پاکستان تحریک انصاف نے نگراں وزیراعظم کے لیے سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین یا سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے نام پر غور شروع کر دیا

اس ضمن میں موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ملک میں نئے انتخابات تک نگران وزیر اعظم مقرر کرنے کے لیے تحریک انصاف کی قیادت نے مختلف ناموں پر غور شروع کردیا۔ اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں کی قیادت کے ساتھ ابتدائی مشاورت شروع ہوچکی ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے نگران وزیراعظم کے لیے سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین اور سابق چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کے نام پر غور کیا جارہا ہے، تاہم تحریک انصاف اپنی اتحادی جماعت ق لیگ سے بھی نگران وزیر اعظم کے لیے مختلف ناموں پر مشاورت کرے گی

دوسری جانب نگران وزیراعظم کی تقرری کے معاملے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھ کر نگران وزیراعظم کے لیے نام مانگ لیے ہیں

وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر تین روز میں نگران وزیراعظم کا نام فائنل نہ کرسکے تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر اسپیکر کی قائم کردہ پارلیمانی کمیٹی کو دو دو نام بھجوائیں گے

خط کے متن کے مطابق اسپیکر اپوزیشن اور حکومتی اراکین پر مشتمل آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دیں گے، جو نگران وزیراعظم کا فیصلہ کرے گی اور نگران وزیراعظم کی تقرری تک عمران خان بطور وزیراعظم فرائض سر انجام دیتے رہیں گے

آرٹیکل 224 اے 1 کے تحت صدر مملکت وزیراعظم اور لیڈر آف اپوزیشن کی باہمی مشاورت سے نگران وزیراعظم نامزد کریں گے

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے اپوزیشن کی جانب سے جمع کروائی گئی وزیراعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کو غیر آئینی قرار دے کر مسترد کر دیا تھا، جس کے بعد صدر مملکت نے وزیراعظم کی تجویز پر قومی اسمبلی تحلیل کر دی تھی۔ لیکن اپوزیشن نے اس اقدام کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، جہاں اس کی سماعت ہو رہی ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close