سپریم کورٹ نے تحریک عدم اعتماد پر قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی کے نوٹس طلب کر لیے

نیوز ڈیسک

سپریم کورٹ میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے متعلق کیس کی سماعت میں پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے استدعا کی ہے کہ عدالت اسپیکر کی رولنگ غیر آئینی قرار دے، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے منٹس(نکات) اور خط منگوایا جائے اور اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دے کر اسمبلی کو بحال کیا جائے

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کا 5 رکنی لارجر بینچ اس معاملے پر لیے گئے از خود نوٹس اور متعدد فریقین کی درخواستوں پر سماعت کررہا ہے

آج سماعت کے آغاز میں درخواست گزاروں میں سے ایک خاتون نے روسٹرم پر آکر کہا کہ امریکا میں تعینات رہنے والے سفیر اسد امجید کو بلایا جائے تو سب سامنے آ جائے گا

چیف جسٹس نے خواتین درخواست گزاروں کو بات کرنے روکتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو سنیں گے

"پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی نے دلائل کے آغاز میں کہا کہ الیکشن کمیشن کا میڈیا میں بیان آیا ہے کہ تین ماہ میں انتخابات ممکن نہیں، کوشش ہے کہ آج دلائل مکمل ہوں اور مختصر فیصلہ آ جائے

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم بھی جلدی فیصلہ چاہتے ہیں لیکن تمام فریقین کا مؤقف سن کر دیں گے

رضا ربانی نے کہا کہ عدالت نے دیکھنا ہے کہ پارلیمانی کارروائی کو کس حد تک استثنٰی حاصل ہے، جو کچھ ہوا اس کو سویلین مارشل لا ہی قرار دیا جا سکتا ہے، سسٹم نے ازخود ہی اپنا متبادل تیار کر لیا جو غیرآئینی ہے”

رضا ربانی نے کہا کہ اسپیکر کی رولنگ غیر قانونی تھی، اسپیکر کی رولنگ ماورائے آئین نہیں ہو سکتی، تحریک عدم اعتماد ووٹنگ کے بغیر ختم نہیں کی جاسکتی، آرٹیکل 95 کے تحت ووٹنگ کا عمل ضروری تھا

دلائل جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اس سلسلے میں آئین کے آرٹیکلز 6 کا حوالہ دیا ہے، تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے جاری کردہ نوٹس کے بعد ووٹنگ ضروری ہے، ووٹنگ آئینی کمانڈ ہے

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے خلاف بیانیے کے لیے خط کا سہارا لیا گیا اور بیرونی سازش کو وجہ بنایا گیا، جان بوجھ کر تحریک عدم اعتماد کے خلاف بیانیہ بنایا گیا

رضا ربانی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس پہلے ہی تاخیر سے بلایا گیا تھا اور 25 مارچ کو اجلاس بلا کر محض دعا کے بعد ملتوی کردیا جبکہ ماضی میں ایسا نہیں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کو کسی بحث کے بغیر 3 اپریل تک ملتوی کیا گیا، 3 اپریل کو ووٹنگ ہونا تھی تو فواد چوہدری اسمبلی میں پوائنٹ آف آرڈر پر خط اور بیرونی سازش لے آئے جبکہ یہ جز اجلاس کے ایجنڈے پر موجود ہی نہیں تھا۔

رضا ربانی نے کہا کہ 28 مارچ کو تحریک عدم اعتماد کی منظوری ہوئی مگر سماعت ملتوی کر دی گئی

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ پڑھی اور تمام ارکان کو آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا، ڈپٹی اسپیکر نے یہ بھی اعلان نہیں کیا تھا کہ تفصیلی رولنگ جاری کریں گے، ڈپٹی اسپیکر نے کس بنیاد پر رولنگ دی کچھ نہیں بتایا گیا

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کے سامنے عدالتی حکم تھا نہ ہی سازش کی کوئی انکوائری رپورٹ، ڈپٹی اسپیکر نے تحریری رولنگ دیکر اپنی زبانی رولنگ کو غیر مؤثر کر دیا، ان کی رولنگ آئین کے خلاف ہے

رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ بغیر کسی ثبوت اور شواہد کے ڈپٹی اسپیکر کا اپوزیشن اراکین کو غدار قرار دینا غلط تھا، ڈپٹی اسپیکر نے آئین کے تحت کارروائی نہیں بڑھائی، اسپیکر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع ہوچکی تھی جس کے بعد اسپیکر کے اختیارات محدود ہوجاتے ہیں

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر ماسوائے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے علاوہ کوئی رولنگ نہیں دے سکتا تھا، اسپیکر کی رولنگ غیر قانونی تھی، اسپیکر تحریک عدم اعتماد پر کارروائی کا پابند تھااسکے علاوہ جو کچھ بھی کیا گیا وہ غیر قانونی تھا

رضا ربانی نے مزید کہا کہ آرٹیکل ووٹنگ کا وقت فراہم کرتا ہے، تین سے سات روز میں ووٹنگ کرانا ہوتی ہے البتہ وزیراعظم مستعفی ہوجائے تو پھر تحریک عدم اعتماد غیر مؤثر ہوجاتی ہے، بصورت دیگر کوئی اور آپشن تھا ہی نہیں

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اگر اکثریت کھو رہے ہیں تو انہیں اعتماد کا ووٹ لیناہوتا ہے، آرٹیکل 95 کے تحت تحریک عدم اعتماد کی کارروائی ہوتی ہے، تحریک عدم اعتماد کے دوران اسمبلیوں کو تحلیل نہیں کیا جا سکتا، حتٰی کہ ووٹنگ کا عمل مکمل کیے بغیر اسمبلی کا اجلاس بھی ختم نہیں کیا جا سکتا

رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا اسپیکر عدالتی فائنڈنگ کے بغیر رولنگ دے سکتے تھے، وزیراعظم نے اپنے بیان میں تین آپشن کی بات کی، تین آپشن والی بات کی اسٹیبلشمنٹ نے تردید کی

رضا ربانی نے استدعا کی کہ عدالت اسپیکر کی رولنگ غیرآئینی قرار دے، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے منٹس اور خط منگوایا جائے، عدالت اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دے کر اسمبلی کو بحال کرے

رضا ربانی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے مخدوم علی خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 95 کی ذیلی شق 1 کے تحت عدم اعتماد قرار داد جمع ہوئی جس پر 152 ارکان کے دستخط ہے اور 161 ارکان کی حمایت پر اسپیکر نے عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت دی

انہوں نے بتایا کہ عدم اعتماد پر مزید کارروائی 31 مارچ تک ملتوی کردی گئی، این اے رولز 37 کے تحت 31 مارچ کو عدم اعتماد پر بحث ہونی تھی لیکن بحث نہیں کرائی گئی پھر 3 اپریل کو عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی

دریں اثنا جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کوشش کریں کہ کیس جلدی مکمل کریں تا کہ کوئی فیصلہ دیا جا سکے۔

دلائل جاری رکھتے ہوئے مخدوم علی خان نے کہا کہ عدالت تحریک عدم اعتماد کی قراداد کو دیکھے ،تحریک وزیراعظم کو ہٹانے کے لیے جمع کرائی گئی تھی جس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم اکثریت کھو چکے ہیں

چیف جسٹس نے کہا کہ 31 مارچ کو التوا کیسے کیا گیا؟ اسپیکر کی جانب سے کوئی ہے؟ہمیں اجلاس کی کارروائی کے نوٹس دیے جائیں، اسپیکر کا ریکارڈ پیش کیا جائے

مخدوم علی خان نے کہا کہ 3 اپریل کو اجلاس شروع ہوا تلاوت کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے کسی کو موقع نہیں دیا اور صرف فواد چوہدری کو بولنے کی اجازت دی، وزیراعظم اکثریت کھو دیں تو یہ پارلیمانی جمہوریت کے خلاف ہے کہ وہ وزیراعظم رہیں

جسٹس منیب اختر نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر کب کیا ہونا ہے یہ رولز میں ہے آئین میں نہیں، رولز بھی آئین کے تحت ہی بنائے گئے ہیں، ووٹنگ نہ ہونا آئین کی خلاف ورزی کیسے ہوگئی؟ آئین کے مطابق 7 روز میں عدم اعتماد پر ووٹنگ ضروری ہے، اگر کسی وجہ سے ووٹنگ آٹھویں دن ہو تو کیا غیرآئینی ہوگی؟

مسلم لیگ (ن) کے وکیل نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد جمع ہوجائے تو اسپیکر مسترد نہیں کر سکتا

جسٹس منیب اختر نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک جمع کیسے کروانی ہے طریقہ کار بارے میں آئین خاموش ہے

مسلم لیگ (ن) کے وکیل نے کہا کہ عدم اعتماد کا طریقہ کار کے بارے میں رولز موجود ہیں، عدم کی تحریک جمع کرانے کی پہلی شرط 20 فیصد اراکین کی حمایت ہے

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر بحث ہوئی؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ اس تحریک پر بحث نہیں کرائی گئی

وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے دوران اکثریت پارلیمان میں موجود تھی؟ تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے لیے 20 فیصد اراکین کی شرط آئین نے عائد کی ہے

چیف جسٹس نے کہا کہ آئینی شق کو قواعد کے زریعے روندا نہیں جا سکتا

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ قانونی تھی یا غیر قانونی، اصل مقدمہ اسپیکر کی رولنگ کی آئینی حیثیت کو جانچنا ہے

وکیل نے دلیل دی کہ عدم اعتماد پر دی گئی رولنگ آئینی تقاضوں کے خلاف ہے

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ نعیم بخاری اسپیکر کے وکیل ہیں منٹس منگوالیں

گزشتہ روز ہوئی سماعت میں سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی کی جانب سے اس معاملے کی سماعت کے لیے فل کورٹ بینچ بنانے کی درخواست مسترد کردی تھی

قبل ازیں پہلی سماعت میں سپریم کورٹ نے تمام سیاسی قوتوں اور ریاستی اداروں کو آئینی حدود کے مطابق کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعظم اور صدر کے تمام احکامات سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے سے مشروط کردیے تھے

یاد رہے کہ 3 اپریل کو ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں فواد چوہدری نے اپوزیشن کی پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کو بیرونِ ملک سے پاکستان میں حکومت تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیا تھا

فواد چوہدری کے اعتراض کو جائز قرار دیتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر نے آئین کے آرٹیکل 5 کے تحت تحریک عدم اعتماد کو آئین و قانون کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا جس کے بعد ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی گئی تھی

اس پیش رفت کے فوراً بعد وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت عارف علوی کو اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز ارسال کرنے کا اعلان کیا تھا جسے صدر نے منظوری دے دی تھی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close