عراق میں ایک سو تین سالہ بزرگ نے اپنے پوتوں کے پوتوں کی موجودگی میں تیسری شادی کر لی۔ سوشل میڈیا پر شادی کی تصاویر بھی وائرل ہوئیں
الامارات الیوم کے مطابق عراق کی جنوبی کمشنری الدیوانیہ میں ایک سو تین سالہ عراقی شہری مخیلف فرہود المنصوری کی شادی میں ان کے رشتہ داروں اور پڑوسیوں نے شرکت کی
مخیلف فرہود المنصوری کے بیٹے عبدالسلام نے کہا کہ ’ان کے والد کی یہ تیسری شادی ہے۔ ان کی پیدائش کا سال 1919ع ہے۔ پہلی اہلیہ کا انتقال 1999ع میں ہوا تو انہوں نے دوسری شادی کی جس سے ان کی اولاد ہوئی۔‘
بیٹے عبدالسلام نے بتایا کہ ’گذشتہ سال کے آخر اور رواں برس کے آغاز میں ان کے والد کا بیگم سے جھگڑا ہوگیا تھا جس پر وہ ناراض ہو کر اپنے میکے چلی گئیں۔ کئی ماہ سے بلانے کے باوجود واپس نہیں آئیں تو مجبوراً ہمارے والد نے خواہش ظاہر کی کہ وہ شادی کرنا چاہتے ہیں اور اب ان کی خواہش پوری کر دی گئی ہے۔‘
عبدالسلام نے بتایا کہ ’دلہن کی تاریخ پیدائش 1985ع ہے۔ پہلے منگنی کی گئی اس کے بعد مہندی کی رسم ہوئی اور پھر باقاعدہ شادی کی تقریب منعقد کی گئی۔ رخصتی کی تقریب میں دولہا کے بیٹوں اور پوتے پوتیوں نے شرکت کی۔‘
اس سے قبل 2020 میں اردن کے ایک سو تین سالہ بزرگ عارف عطیہ الجدایہ نے بھی بڑھاپے میں شادی کی تھی۔
شادی کی مرکزی تقریب سے قبل منگنی بھی ہوئی جس میں دلہا دلہن نے ایک دوسرے کو انگوٹھیاں پہنائیں پھر مہندی کی رسم ادا ہوئی اور اہل خانہ نے خوب ہلہ گلہ کیا۔ نکاح اور ولیمے کی تقاریب بھی ہوئیں.