کراچی – اس سال جنوری میں سابق وزیراعظم عمران خان نے شہریوں سے ٹیلی فون پر گفتگو كے ایک لائیو پروگرام میں کہا تھا ”اگر انہیں قبل از وقت اقتدار سے علیحدہ كیا گیا تو وہ بہت ’خطرناک‘ ہو جائیں گے“
اور اب قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد عمران خان کو قبل از وقت اقتدار سے علیحدہ کر دیا گیا ہے
سیاسی تجزیہ كار اور مبصرین یہ جانچنے كی كوششں كر رہے ہیں كہ عمران خان کی وزارت عظمیٰ تو قبل از وقت اختتام کو پہنچی، لیکن اب ان کا آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہوگا؟ اس سلسلے میں احتجاج کی ایک کال تو وہ دے ہی چکے ہیں، جب قوم سے اپنے آخری خطاب میں عمران خان نے اتوار (10 اپریل) کو احتجاج کے لیے نکلنے کی اپیل کی
دوسری جانب سابق وزیراعظم عام انتخابات کی کال بھی دے چکے ہیں اور اپوزیشن سے بھی اس کی تیاری میں لگ جانے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کے ذرائع سے شائع ایک خبر کے مطابق تین ماہ میں عام انتخابات کروانا اس کے لیے ممکن نہیں
سینیئر صحافی اور تجزیہ كار افتخار احمد كے خیال میں متحدہ اپوزیشن كی تحریک عدم اعتماد كامیاب ہونے کے بعد عمران خان كا ردعمل شدید اور جارحانہ ہوگا
ان كا كہنا تھا کہ ’تحریک عدم اعتماد كے ذریعے گھر بھیجے جانے كے بعد عمران خان كے رویے میں زیادہ تلخی اور تیزی و تندی آئے گی۔‘
انہوں نے اپنے دعوے كے حق میں عمران خان كے مزاج كو دلیل كے طور پر پیش كرتے ہوئے كہا كہ بطور ملک كے چیف ایگزیكٹو، پاکستان تحریک انصاف كے سربراہ اور حتیٰ کہ كركٹر كی حیثیت سے عمران خان ناكامی كی صورت میں کئی مرتبہ زیادہ جارحانہ موڈ میں نظر آئے
بقول افتخار احمد: ’یہ بہت پرانی بات نہیں جب ہم عمران خان كو اپنے چہرے پر ہاتھ پھیرتے ہوئے اپوزیشن كو سنگین نتائج كی دھمكیاں دیتے دیكھ چكے ہیں۔‘
سینیئر صحافی و تجزیہ كار مظہر عباس نے بھی اس تجزیے سے اتفاق کیا اور کہا کہ اب عمران خان جارحانہ رویہ اپنا سكتے ہیں ’ابتدائی طور پر ان كو یقیناً تھوڑا بہت دھچکہ لگے گا كہ اگلے انتخابات میں كیسے جانا ہے؟ اسی لیے وہ جارحانہ ہوں گے اور اپوزیشن كے خلاف چور ڈاكو والا بیانیہ استعمال كریں گے۔‘
ساتھ ہی افتخار احمد سمجھتے ہیں ’اگر عمران خان تحریک عدم اعتماد سے بچ جاتے تو ان كے تمام مخالفین اندر ہوتے اور اپوزیشن كو تو وہ اڑا كر ركھ دیتے۔‘
افتخار احمد کے خیال میں عمران خان اپنے اور اپنی حكومت كے خلاف بین الاقوامی سازش كا بھی ذكر كریں گے اور پاكستانی عوام كو باور كرانے كی كوشش کریں گے كہ ان كی منتخب حكومت پاكستان كو باعزت اور خود مختار ملک بنانے كی كوششوں كی پاداش میں ختم كیا گیا
عمران خان کے مغرب کے حوالے سے بیانات بالخصوص ان کے جملے ’قطعاً نہیں‘ (absolutely not) کو پارٹی کے چاہنے والوں میں پذیرائی ملی تھی
اسی طرح سابق وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل اسلام آباد كے پریڈ گراؤنڈ میں عوامی اجتماع میں ایک دھمکی آمیز خط لہرا كر اپنی حكومت كے خلاف بین الاقوامی سازش كی موجودگی اور اس میں پاكستان كی حزب اختلاف کے کچھ سیاست دانوں كے ملوث ہونے كی طرف اشارہ كیا تھا
تجزیہ كار مظہر عباس كے خیال میں وہ مبینہ خط پر ’ضرور كھیلیں گے اور اپنے ہٹانے میں بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ كے مبینہ كردار كا ذكر بار بار كریں گے۔‘
ان كے خیال میں عمران خان کے مذہب اور بین الاقوامی سازش سے متعلق بیانیے كو خیبر پختونخوا میں كافی پذیرائی حاصل ہوگی، جس كا وہ آئندہ عام انتخابات میں بھرپور فائدہ اٹھانے كی كوشش كریں گے
تاہم اپوزیشن جماعتوں کی کوشش اس خط یا کیبل تنازعے کو بے وقعت اور بےمعنی قرار دینے کی ہوگی۔ اس بارے میں اس سفارتی کیبل کے مندرجات اگر سامنے آتے ہیں تو بات کچھ واضح ہوگی۔ فواد چوہدری پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے ابھی اس کیبل کے بارے میں مکمل تفصیلات تو شیئر ہی نہیں کی ہیں
بلوچستان سے تعلق ركھنے والے سیاسی تجزیہ كار ڈاكٹر عرفان احمد بیگ نے پیش گوئی كی كہ اقتدار ختم ہونے کے بعد عمران خان ایک بالكل مختلف شخصیت كے ساتھ ابھریں گے
ان كا خیال ہے کہ تحریک عدم اعتماد كی كامیابی كے بعد عمران خان ایک طوفان كی طرح اٹھیں گے اور آئندہ انتخابات میں ماضی سے بہت اچھی كاركردگی دكھائیں گے
اسلام آباد میں تھنک ٹینک پاكستان انسٹیٹیوٹ آف لیجیسلیٹیو ڈیویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) كے سربراہ احمد بلال محبوب عمران خان كے مستقبل کو مختلف نظر سے دیكھتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر عمران خان ضرور جلسے جلوس اور احتجاج كی سیاست كو استعمال كریں گے، جو محدود عرصے كے لیے ہوگی ’عمران خان جلد ہی اپنے ان جذبات پر قابو پا لیں گے اور پھر انتخابات كی تیاری میں لگ جائیں گے، اس كے علاوہ ان كے پاس دوسرا كوئی آپشن نہیں۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا كہ انتخابی مہم كے دوران عمران خان تلخی كا مظاہرہ كریں گے اور مخالفین اور ریاستی اداروں پر الزامات كی بھرمار كریں گے
پلڈاٹ كے سربراہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان اقتدار سے باہر ہونے كے بعد حزب اختلاف كی جماعتوں كے علاوہ میڈیا، الیكشن كمیشن آف پاكستان اور دوسرے افراد و اداروں پر اپنے خلاف سازشوں كے الزامات لگا سكتے ہیں
احمد بلال محبوب كا كہنا تھا كہ عمران خان ہمیشہ سے پاپولزم كو اپنی سیاست كے بنیادی جزو كے طور پر استعمال كرتے رہے ہیں اور اس مرتبہ بھی وہ اسی طریقے كو استعمال كرنے كو ترجیح دیں گے
سپریم كورٹ آف پاكستان كے وكیل اور وی لاگر محمد اظہر صدیق كے خیال میں تحریک عدم اعتماد كے پیچھے مبینہ بین الاقوامی سازش كے انكشاف كے بعد عمران خان كے ہٹائے جانے كو پاكستانی قوم قبول نہیں كرے گی ’میرا اندازہ ہے كہ پاكستانی عوام كی اكثریت اس فیصلے كو نہیں مانے گی اور لوگ بڑی تعداد میں عمران خان كو یوں ہٹائے جانے كے خلاف سڑكوں پر نكلیں گے۔‘
سابق وزیر اعظم عمران خان كے ذاتی ردعمل سے متعلق انہوں نے یقین كا اظہار كیا كہ تحریک انصاف كے سربراہ اپنی حكومت كے خاتمے كے خلاف قانونی جنگ لڑیں گے
ساتھ ہی سب سے بڑا سوال عمران خان کی اپنی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے مستقبل کے بارے میں شکوک وشبہات ہیں۔ تحریک انصاف كی حكومت كے خاتمے کے بعد اس جماعت كے مستقبل اور آنے والے عام انتخابات میں اس كی حکمت عملی اور كاركردگی کے متعلق بھی مختلف سوالات اٹھ رہے ہیں
مظہر عباس كے خیال میں حکومت کے خاتمے کے فوراً بعد پارٹی میں تنظیمی مسائل اٹھنے كا خدشہ ہے
انہوں نے كہا كہ عمران خان اور جماعت كے دوسرے رہنماؤں كو سوچنا ہو گا كہ ان كی جماعت كس طرح اگلے انتخابات میں اچھی كاركردگی دكھا سكتی ہے اور اس سلسلے میں انہیں كافی كام كرنا پڑے گا
تاہم تجزیہ كار افتخار احمد كا كہنا تھا كہ پارٹی كے بكھرنے كے قوی امكانات ہیں ’میرے خیال میں پاكستان تحریک انصاف ایک سال كے اندر اندر تتر بتر ہو جائے گی اور عام انتخابات میں تیس سے زیادہ نشستیں حاصل نہیں كر پائے گی۔‘
کئی سینیئر ترین رہنما جو اب تک محض ناراض لیکن خاموش تھے اب کھل کر عمران خان پر حملے کر رہے ہیں۔ ان میں برطرف کیے جانے والے گورنر پنجاب چوہدری سرور اور سابق سینیئر صوبائی وزیر علیم خان پیش پیش ہیں، جبکہ جہانگیر ترین کب کے ناراض اور علیحدہ ہوچکے ہیں۔ یہ سب کافی طاقتور ہیں اور پارٹی کے اندر مزید ٹوٹ پھوٹ میں اہم کردار ادا کرسکے تھیں
اس مرتبہ عام انتخابات کی صورت میں تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ وہ صرف اور صرف نظریاتی کارکنوں کو الیکشن لڑنے کے ٹکٹ دے گی، الیکٹ ایبلز کو نہیں۔ اگر پی ٹی آئی ایسا کرتی ہے تو پاکستان کی روایتی سیاست کو دیکھتے ہوئے اگلے انتخابات میں اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے. دوسری جانب ہمیشہ چڑھتے سورج کو پوجنے والے ایلکٹ ایبلز کا اب عمران خان کو سپورٹ کرنا بھی ممکن نہیں رہے گا.