رونالڈو کی جانب سے ننھے مداح کا فون توڑنے پر معافی، پولیس کی تحقیقات جاری

وہب ڈیسک

لندن – معروف فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹرائیکر اور پرتگال کے کپتان کرسچیانو رونالڈو کو برطانوی پولیس کی طرف سے ایک مداح کا فون توڑنے کے بعد تحقیقات کا سامنا ہے

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک وڈیو شیئر کی گئی تھی، جس میں رونالڈو کو ایورٹن کلب کے ساتھ میچ میں شکست کے بعد ایک بچے کا فون پھینکتے دیکھا جاسکتا ہے

عالمی شہرت یافتہ سینتیس سالہ رونالڈو نے سوشل میڈیا پر اس وڈیو کے وائرل ہونے اور اس بارے میں پولیس کا بیان سامنے آنے کے بعد واقعے پر معافی مانگ لی ہے اور مداح کو میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے

کرسچیانو رونالڈو نے کہا ”ہمیں اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا ہے اور ایسے لمحات میں جزبات پر کنٹرول رکھنا آسان نہیں ہوتا۔“

ان کا کہنا تھا ”میں ان نوجوانوں کے لیے ایک مثال قائم کرنا چاہتا ہوں، جو کہ اس خوبصورت کھیل سے محبت کرتے ہیں۔ میں اپنے غیر مناسب رویے کے لیے معافی مانگتا ہوں اور اگر ممکن ہو تو میں اس مداح کو اولڈ ٹریفورڈ میں میچ دیکھنے کی دعوت بھی دیتا ہوں“

یاد رہے کہ ہفتے کے روز ایورٹن سے ایک کے مقابلے میں صفر سے میچ ہارنے کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے اگلی چیمپیئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کرنے کی امیدیں ماند پڑ گئی ہیں اور اس کا آنے والی چیمپیئنز لیگ میں کھیلنا مشکل لگ رہا ہے

مقامی پولیس کا کہنا کہ وہ ‘تشدد کے ایک مبینہ واقعے، کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں، جو کہ گوڈیسن پارک میں ہفتے کے روز پیش آیا۔‘

گوڈیسن پارک ایورٹن فٹبال کلب کا ہوم گراؤنڈ ہے۔ پولیس کے ترجمان کے مطابق دونوں کلبوں کے ساتھ اس اس حوالے سے بات چیت جاری ہے

پولیس نے بتایا کہ ‘ڈھائی بجے کے قریب جب کھلاڑی میدان سے جارہے تھے تو ایک بچے پر مبینہ طور پر ایک کھلاڑی کی طرف سے تشدد کیا گیا۔ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، سی سی ٹی وی اور عینی شاہدین کی مدد سے یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کوئی غیر قانونی واقعہ پیش آیا یا نہیں۔ کسی کے پاس اس واقعے سے متعلق کوئی بھی معلومات ہوں تو وہ پولیس سے سوشل میڈیا ڈیسک کے ذریعے رابطہ کرے۔‘

مانچسٹر یونائیٹڈ نے کہا کہ انہیں اس مبینہ واقعے کے بارے میں معلوم ہے اور وہ پولیس کے ساتھ تعاون کررہے ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close