واٹس ایپ بزنس نے کاروباری حضرات کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ پر نہ صرف پروفائل تصویر کے فیچر کو بہتر بنایا ہے بلکہ اب صارفین اپنے اکاؤنٹ میں کَور تصویر بھی لگا سکیں گے۔
’ویب ایٹ انفو‘ کے مطابق جس طرح فیس بک پر پروفائل تصویر کے ساتھ کور فوٹو دیا جاتا ہے، اب واٹس ایپ بزنس کے صارفین بھی اسی طرح پروفائل بنا سکیں گے۔
ابتدائی طور پر مذکورہ فیچر صرف واٹس ایپ بزنس صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا اور ابھی اس فیچر پر آزمائش کی جا رہی ہے مگر خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے جلد عام کردیا جائے گا
مذکورہ فیچر کے تحت صارفین اپنے پروفائل کو بلکل فیس بک پروفائل کی طرح بنا سکیں گے اور ان کے پروفائل پر کال کے آپشن سمیت چیٹنگ کا آپشن بھی آجائے گا۔
اسی فیچر کے تحت کاروباری حضرات اپنے اوقات کار بھی پروفائل پر بتا سکیں گے اور دوسرے صارفین ان کا پروفائل ایسے ہی دیکھ سکیں گے جیسے کسی کا فیس بک پروفائل دیکھا جاتا ہے۔
مذکورہ فیچر کے تحت کاروباری حضرات اپنے پروفائل پر تصاویر کا کیٹالاگ بھی دے سکیں گے، یعنی وہ اپنی مصنوعات کی متعدد تصاویر بھی ایک ساتھ شیئر کر سکیں گے۔
ابتدائی طور پر مذکورہ فیچر واٹس ایپ بزنس کے محدود صارفین کو استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے، کامیاب آزمائش کے بعد اسے عام کردیا جائے گا۔
مذکورہ فیچر کے علاوہ بھی واٹس ایپ نے حال ہی میں متعدد نئے اور منفرد فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن میں ’کمیونٹیز‘ سمیت ’ایموجیز‘ کے ذریعے ری ایکشن دینے کے فیچر سرفہرست ہیں