امریکا شہباز شریف حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے، نیڈ پرائس

ویب ڈیسک

واشنگٹن – امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ امریکا علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے

آج پریس بریفنگ کے دوران سینئر امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حل کے لیے پاکستان میں نئی ​​حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے منتظر ہیں، یہ کام پاکستان اور پورے خطے میں امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے

ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی نئے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دے چکے ہیں اور ہم ان کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں

منگل کو پریس بریفنگ میں نیڈ پرائس نے افغانستان میں مبینہ پاکستانی فضائی حملوں پر سوال کے جواب میں کہا کہ ہم افغانستان میں پاکستانی فضائی حملوں کی رپورٹس سے واقف ہیں، لیکن چاہیں گے کہ آپ اس حوالے سے تبصرے کے لیے پاکستانی حکومت سے رابطہ کریں

محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا، پاکستان کو ایک ’اہم اسٹیک ہولڈر اور پارٹنر‘ کے طور پر دیکھتا ہے، جس کے ساتھ مل کر امریکا ایک مستحکم اور محفوظ افغانستان کے قیام کے لیے مصروف عمل ہے

یاد رہے کہ رائٹرز نے ہفتے کے روز اطلاع دی تھی کہ افغانستان کی وزارت خارجہ نے خوست اور کنڑ صوبے میں حالیہ مبینہ حملوں پر کابل میں پاکستان کے سفیر کو طلب کیا تھا اور اسلام آباد تک پہنچانے کے لیے ایک سفارتی مراسلہ بھی دیا تھا

اس کے بعد دفتر خارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ حکومت صورتحال کو دیکھ رہی ہے اور اس کے مطابق اپنا مؤقف دے گی

اتوار کو دفتر خارجہ نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں اس نے پاکستان میں حملوں کے لیے دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کی تھی اور افغان حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close