برازیل کے فٹ بال کے عظیم کھلاڑی پیلے کو آنتوں کے کینسر کے علاج کے لیے پیر کے دن سے ساؤ پاؤلو کے ایک ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے
تفصیلات کے مطابق البرٹ آئنسٹائن ہسپتال نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ایڈسن آرنٹس ڈو نیسیمینٹو کی، جنہیں عرف عام میں ’پیلے‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، طبی حالت اچھی اور مستحکم ہے اور انہیں اگلے چند دنوں میں ہسپتال سے فارغ کر دیا جانا چاہیے
اب تک کے عظیم ترین فٹ بالر سمجھے جانے والے پیلے تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں، جو تین ورلڈ کپ (1958، 1962 اور 1970) جیت سکے
برازیل میں ’او ری‘ یا ’دی کنگ‘ کے نام سے مشہور اکیاسی سالہ اپنے وقت کے اس عظیم کھلاڑی کو مہینے میں کم از کم ایک بار چیک اپ کروانے اور کولون ٹیومر کے خلاف کیموتھراپی جاری رکھنے کے لیے ہسپتال جانا ہوگا۔ خاندان کے مطابق اس بیماری کی تشخیص گذشتہ سال ستمبر کے مہینے میں ہوئی تھی
آنتوں کے کینسر کی تشخیص سے قبل، جس کی وجہ سے پیلے کو گذشتہ سال ایک ماہ کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، سانتوس اور برازیل کی ٹیم کے سابق اسٹار کو 2019ع میں پیرس میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور گردے کی پتھری نکالنے کے لیے ساؤ پاؤلو منتقل کیا گیا تھا
2014ع میں، لیجنڈری ’10‘ کو پیشاب کی نالی میں انفیکشن کی وجہ سے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا، جس کی وجہ سے انہیں بائیں گردے کا ڈائلیسس کروانے پر مجبور کیا گیا تھا۔ 1970ع کی دہائی میں چوٹ کی وجہ سے دائیں گردے کو نکال دیا گیا تھا
اسے کولہے کے مسائل بھی ہیں، جس نے ان کی نقل و حرکت کو محدود کردیا اور انہیں وہیل چیئر استعمال کرنے پر مجبور کیا
دنیا میں فٹ بال کے بہترین کھلاڑی تصور کیے جانے والے اکیاسی سالہ پیلے کچھ سالوں سے صحت کے مسائل میں گھرے ہوئے ہیں اور کئی بار ہسپتال میں داخل ہو چکے ہیں
1977ع میں ریٹائر ہونے سے قبل وہ ایک ہزار سے زائد گول اسکور کر چکے تھے
پیلے 1977ع میں فٹبال کے کھیل سے ریٹائر ہونے کے باوجود دنیا کے سب سے زیادہ معروف افراد میں سے ایک ہیں
ان کے بیٹے ایڈینہو نے فروری 2020ع میں برازیل میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا کہ پیلے اپنی خراب صحت پر افسردہ ہیں اور گھر سے نکلنے سے گریزاں ہیں کیونکہ وہ بغیر مدد کے چل نہیں سکتے
ایڈینہو نے ٹی وی گلوبو کو بتایا کہ اس کے کولہے کی تبدیلی کی گئی تھی لیکن اچھی بحالی نہیں ہوسکی تھی۔ ’وہ کافی نازک ہیں۔ لہذا انہیں نقل و حرکت کا مسئلہ ہے جس نے ایک قسم کی افسردگی پیدا کر دی ہے۔ تصور کیجیے، وہ بادشاہ ہے، وہ ہمیشہ سے ہی ایک حاوی شخصیت تھا لیکن آج وہ ٹھیک سے چل نہیں سکتا۔‘
بیٹے نے مزید کہا، ’وہ باہر جانا، نظر آنا، یا عملی طور پر کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہتے جس میں گھر چھوڑنا شامل ہو۔‘