اپنے مشاہدات کی بنا پر اکثر ہمارے ذہن میں ایسے سوالات جنم لیتے ہیں، جن پر کافی غور کرنے کے بعد بھی ہم کسی تسلی بخش جواب تک نہیں پہنچ پاتے اور الجھن میں پڑ جاتے ہیں، یہاں ایسے ہی کچھ دلچسپ سوالات کے سائنسی جوابات پیش کیے جا رہے ہیں
اگر آئفل ٹاور سے سکہ پھینکا جائے تو کتنی تیزی سے نیچے پہنچے گا اور اگر وہ سکہ کسی کو جا لگے تو اسے کتنا زخمی کر سکتا ہے؟
گرنے والی کسی بھی شے کی رفتار لامحدود حد تک نہیں بڑھتی، بلکہ وہ ایک خاص رفتار تک پہنچ کر اپنی رفتار برقرار کر لیتی ہے۔ اسے ’ٹرمینل ولوسٹی‘ کہتے ہیں۔
آئفل ٹاور سے گرائے جانے والے سکے کی ٹرمینل ولوسٹی تقریباً 45 میٹر فی سیکنڈ ہوتی ہے۔ اس رفتار سے گرنے والا سکے کسی کو جا لگے تو اچھا خاصا نقصان کر سکتا ہے
جب ایک پرندہ پنجرے میں اڑنا شروع کر دے، تو پرندے اور پنجرے کا کل وزن کیا ہوگا؟
پنجرے کے نیچے سے وزن کے کانٹے کے ذریعے تولنے پر کل وزن کم ہو جائے گا۔ جب پرندہ بیٹھا ہو تو کل وزن پنجرے اور پرندے کے وزن کا مجموعہ ہوتا ہے، جیسے ہی پرندہ اڑنا شروع کر دیتا ہے تو اس کے وزن کا اس کانٹے پر کوئی اثر نہیں ہوتا، جس پر پنجرہ رکھا گیا ہو
لیکن اگر پرندہ ایسے ڈبے میں بند ہے، جہاں ہوا آنے جانے کا راستہ نہیں، تو وزن برقرار رہے گا۔ کیونکہ پرندہ دورانِ پرواز پر پھڑپھڑاتا ہے اور ہر بار ایسا کرنے سے ہوا کا کچھ حصہ نیچے کی جانب اسی وزن کے ساتھ جاتا ہے، جو پرندے کا ہوتا ہے۔
آسمانی بجلی میں ڈبل روٹی کے کتنے ٹکڑوں کو ٹوسٹ کیا جا سکتا ہے؟
آسمانی بجلی کی ایک کڑک میں ایک ارب واٹ طاقت ہوتی ہے جو کہ آٹھ سو ٹوسٹرز کے برابر ہے۔ اس سے ڈبل روٹی کے ڈیڑھ ارب سے زیادہ ٹکڑوں کو ٹوسٹ کیا جا سکتا ہے
کسی چیز کو سمندر کی گہری ترین کھائی کی تہہ تک گرنے میں کتنا وقت لگے گا؟
دنیا کا گہرا ترین مقام ماریانا ٹرینچ ہے، جس کی گہرائی 35,839 فٹ یا 10,860 میٹر ہے۔ اگر اس کی سطح سے آپ کوئی چیز پھینکیں تو اسے تہہ تک گرنے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگے گا
فلم ’گولڈ فنگر‘ میں ایک عورت کو غیر مسام دار پینٹ میں رنگا گیا تھا، جس سے وہ مر گئی۔ کیا حقیقت میں بھی ایسا ہو سکتا ہے؟
جی ہاں، کئی وجوہات کی بنا پر ایسا ممکن ہے۔
اول، ہمارے جسم کو درکار مناسب درجہ حرارت کے لیے جلد بہت اہم ہے۔ ہمارے جسم سے مسلسل پسینہ نکلتا ہے اور بھاپ بن کر جسم سے حرارت ختم کرتا ہے
ہوا لگنے سے جسم میں جلد کے قریب بہنے والے خون سے بھی حرارت نکل جاتی ہے اور یہ ٹھنڈا ہوتا ہے۔ ان دونوں میکانزم کے بغیر جسم زیادہ گرم ہو جاتا ہے اور انسان مر سکتا ہے
دوئم، جلد کے اوپر لگائے جانے والے مادے اندر جذب ہو سکتے ہیں، جیسے کہ غیر مسام دار پینٹ میں کوئی زہریلا مادہ۔ ہو سکتا ہے گردے ان کو ختم کر دیں یا ان کی وجہ سے آپ مر جائیں
سوئم، ایک غیر مسام دار پینٹ کا مطلب یہ ہوگا کہ جلد کی واٹر پروف سطح کی پرت پانی سے بھر جائے گی (جیسے کچھ دیر کے لیے نمی جذب نہ کرنے والا پلاسٹر پہننا) اور یہ انفیکشن کے لیے موزوں بن جائے گی۔ یہاں تک کہ یہ پھٹنا شروع ہو سکتی ہے
اگر گولی بیرل سے پانچ سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے نکلتی ہے تو ایک ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑنے والے طیارے میں گولی کی رفتار کیا ہے؟
اگر گولی جہاز کے اگلے حصے کی طرف چلائی جائے تو زمین پر کھڑے کسی شخص کے لیے رفتار پندرہ سو میل فی گھنٹہ ہو گی اور اگر پچھلے حصے کی طرف فائر کیا جائے تو گولی کی رفتار پانچ سو میل فی گھنٹہ ہوگی
گولی کو چاہے اسے کسی بھی سمت فائر کیا گیا ہو، جہاز میں موجود ہر شخص کو لگے گا کہ گولی پانچ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑ رہی تھی.