اردن کے بادشاہ نے اپنے سوتیلے بھائی کو گھر میں نظر بند کیوں کیا؟

ویب ڈیسک

اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم نے اپنے سوتیلے بھائی کو گھر میں نظربند کرکے ان سے رابطوں اور نقل و حرکت پر پابندی لگا دی ہے

عرب میڈیا کے مطابق اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ نے قوم کے نام اپنے خط میں کہا ہے کہ کسی کو بھی قوم کے مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینے کی اجازت نہیں دیں گے، چاہے وہ میرا بھائی ہی کیوں نہ ہو

خط کے مطابق ’ایسی اجازت میرے بھائی کو نہیں کہ وہ ہماری قوم کے امن میں خلل ڈالیں‘

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اردن کے بادشاہ کے سوتیلے بھائی اور سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ نے اپنے خط میں حکومتی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شاہی عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا

اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم اور ان کے سوتیلے بھائی سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ کے درمیان اختلافات اس وقت کھل کر سامنے آئے تھے، جب گزشتہ برس شہزادہ حمزہ اور ان کے ساتھیوں کی حکومت کا تختہ اُلٹ کر خود برسراقتدار آنے کی سازش پکڑی گئی تھی

اس وقت اردن کے حکام نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بنایا ہے

بغاوت کی سازش پکڑے جانے پر شہزادہ حمزہ، شاہی عدالت کے سابق چیف جسٹس اور ایک قریبی عزیز کو گرفتار کرلیا گیا تھا، تاہم چچا کی مداخلت پر شہزادہ حمزہ نے اپنے اقدام کی معافی مانگتے ہوئے ملک کے بادشاہ اور اپنے سوتیلے بھائی شاہ عبداللہ دوم سے صلح کرلی تھی

صلح کے بعد شاہ عبداللہ نے اپنے سوتیلے بھائی شہزادہ حمزہ کو معاف کردیا تھا، لیکن باقی ملزمان کو جولائی 2021 میں پندرہ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی

دو سابق سیاسی عہدیداروں کو شہزادہ حمزہ کی حمایت میں شاہ عبداللہ کی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش میں مجرم قرار دیتے ہوئے پندرہ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی

سابق ولی عہد نے پچھلے ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ شہزادے کے لقب سے دستبردار ہو رہے ہیں۔ اس کے ایک ماہ بعد شاہی عدالت کی جانب سے بیان سامنے آیا کہ انہوں نے بغاوت کی کوشش پر بادشاہ سے معافی مانگ لی ہے

صلح کے ایک سال بعد شہزادہ حمزہ کے اپنا عہدہ چھوڑنے اور بادشاہ شاہ عبداللہ کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کے بعد دوبارہ تلخی پیدا ہوگئی اور بادشاہ شاہ عبداللہ نے یہ کہہ کر شہزادہ حمزہ کو نظر بند کردیا کہ ہمارے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ حمزہ کی منتشر خواہشات اور رویے سے نمٹتے رہیں

اپنے خط میں بادشاہ شاہ عبداللہ دوم نے مزید لکھا کہ ہمارے سامنے اور بھی بہت سی مشکلات اور چیلنجز ہیں۔ ہم سب کو چاہیے کہ ہم ان پر قابو پائیں اور اپنے عوام کی خواہشات پر پورا اتریں اور ان کو باعزت اور مستحکم زندگی گزارنے کا موقع دیں

شاہ عبداللہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ حالیہ قدم انہوں نے شاہی خاندان کے قوانین کی تحت تشکیل دی گئی کونسل کی ہدایت پر اٹھایا ہے

ان کا مزید کہنا تھا ”وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی شہزادہ حمزہ تبدیل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے ہمارے خاندان کی روایت کے مطابق کو صحیح راستے پر گامزن کرنے کے تمام مواقع ضائع کر دیے ہیں“

شاہ عبداللہ نے مزید کہا کہ حمزہ تمام حقائق اور ناقابل تردید شواہد کو نظرانداز کر رہے ہیں اور اپنے جھوٹے بیانیے کو تقویت دینے کے لیے واقعات کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں

”بدقسمتی سے میرے بھائی صرف اپنے دعوے کو ہی سچ مانتے ہیں۔ وہ جس مغالطے میں ہیں وہ نیا نہیں۔ میں اور ہمارے خاندان کے دوسرے افراد طویل عرصے سے محسوس کر رہے تھے کہ وہ (حمزہ) اپنے عہد سے پیچھے ہٹ گئے ہیں اور اپنے غیرذمہ دارانہ اقدامات پر قائم رہتے ہوئے بدامنی کے بیج بونا چاہتے ہیں“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close