بیٹوں کی طرف سے آصف زرداری سے ڈالر مانگنے کے بارے میں چودھری شجاعت کیا کہتے ہیں؟

ویب ڈیسک

پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ’ان کے چھوٹے بھائی چودھری وجاہت حسین نے کہا ہے کہ 30 جون تک اگر مسلم لیگ ن سے ہم نے اتحاد ختم نہ کیا تو وہ نئی جماعت بنا لیں گے۔‘

ایک روز قبل جاری کیے گئے ایک بیان میں چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا ’وجاہت حسین نے نئی جماعت بنانی ہے تو بنا لیں۔ پاکستان میں پہلے بھی سینکڑوں پارٹیاں بنی ہوئی ہیں ایک اور بن جائے گی تو کیا فرق پڑے گا۔‘

مسلم لیگ ق کے صدر نے کہا ”میرے چھوٹے بھائی چودھری وجاہت حسین نے ہمارے گھر گجرات میں لوگوں سے ہمارے اوپر الزامات لگائے ہیں“

چوہدری شجاعت نے کہا ”انہوں نے ’قومی سطح کے ایک بڑے لیڈر‘ آصف علی زرداری سے متعلق بھی الزام تراشی کی ہے اور میرے بیٹوں پر ان سے ڈالر مانگنے کا الزام لگایا ہے۔ میرے بیٹوں پر آصف علی زرداری سے ڈالر مانگنے کی یہ باتیں بے ہودہ ہیں“

مسلم لیگ ق کے صدر کا کہنا تھا ”میں نے اپنے بیٹوں کو ہمیشہ سچ بولنے اور وعدے کا پاس رکھنے کی تلقین کی ہے اور میرے کہنے پر ہی انہوں نے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار شہباز شریف کو ووٹ ڈالا تھا“

چوہدری شجاعت نے کہا ”چودھری وجاہت نے الزام لگایا ہے کہ میرے بیٹے مانگے تانگے کے وزیر بنے ہوئے ہیں اور ان کا کوئی حلقہ نہیں ہے۔ میں ان باتوں کا جواب کسی وقت گجرات جا کر گجرات والوں کے سامنے دوں گا اور بتاؤں گا کہ کس کا کون سا حلقہ ہے“

انہوں نے کہا ”ہم نے کسی سے کوئی وزارت نہیں مانگی تھی۔ آصف علی زرداری نے خود آکر ہمیں مبارک باد دی تھی“

”چودھری وجاہت حسین نے یہ بھی کہا ہے کہ طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیم کردیا۔ طارق بشیر چیمہ سے متعلق انہوں نے جو بیان دیا ہے وہ غیر اخلاقی اور جھوٹ پر مبنی ہے“

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان مسلم لیگ ق میں اختلافات پیدا ہونے کے بعد چودھری شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چودھری وجاہت حسین نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے

جمعے کو گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی چودھری وجاہت حسین نے کہا تھا کہ ’طارق بشیر چیمہ کی وجہ سے ان کے خاندان میں تقسیم پیدا ہوئی۔‘

انہوں نے کہا تھا کہ ”ہم نے گذشتہ پانچ ماہ سے دونوں بھائیوں کو اکٹھا کرنے کی بہت کوشش کی تاہم چودھری شجاعت حسین اپنی اولاد کے ہاتھوں مجبور ہوچکے ہیں جس نے انہیں یرغمال بنا رکھا ہے اور وہ انہیں ’خراب‘ کر رہی ہے“

چودھری وجاہت حسین نے اعلان کیا تھا کہ ”ہم نئی جماعت بنائیں گے، الیکشن کسی بھی وقت ہو سکتے ہیں۔ پی پی 31 سے ہمارے خاندان کے امیدوار میاں عمران مسعود ہی ہیں“

ان کا کہنا تھا کہ ’چودھری شجاعت حسین نے انہیں کہا کہ عوام کو یہ پیغام دیا جائے کہ میں اور پرویز الٰہی ایک تھے اور ایک ہیں“

چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ میں نے اس پر چوہدری شجاعت حسین سے کہا کہ میں تو آپ کا پیغام دے دوں گا ، مگر نہ لوگ اندھے ہیں نہ بہرے ، ان کو نظر آتا ہے کہ ایک بھائی کے آگے پولیس ہے اور دوسرے بھائی کے پیچھے پولیس ہے ، میں ان کو کیا جواب دوں گا۔“

چوہدری شجاعت کے چھوٹے بھائی کا کہنا تھا ”لوگ روز ٹی وی پر دیکھتے ہیں کہ ایک شخص شہباز شریف کے ساتھ کھڑا ہے جس کا گجرات کی سیاست سے تعلق ہی کوئی نہیں ہے، اور ایک ایف آئی اے سے اپنی ضمانتیں کروا رہا ہے“

چودھری وجاہت نے کہا تھا ’آصف زرداری جتنے پیسے بانٹتے پھرتے ہیں اتنے پیسے تو شجاعت حسین خیرات میں دے دیا کرتے ہیں، ہمارے لیے یہ افسوس کی بات ہے کہ چودھری شجاعت کا بیٹا آصف علی زرداری سے ڈالر مانگ رہا ہے، جس پر زرداری نے کہا فکر نہ کرو تمہیں بھی ڈالرز مل جائیں گے۔چودھری شجاعت اولاد کے ہاتھوں مجبور ہو چکے ہیں۔ چودھری سالک کا گجرات کی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا‘

اس موقع پر چودھری وجاہت حسین کے صاحبزادے رکن قومی اسمبلی چودھری حسین الٰہی کا کہنا تھا کہ ”ہمارے مخالفین جو ہمیں حلقوں اور ضلعوں میں نہیں ہرا سکے وہ ہمارے گھر میں دراڑیں ڈال رہے ہیں۔ ہم اپنے مخالفین کا دلیری سے مقابلہ کریں گے، واپسی کا کوئی راستہ نہیں، حمزہ شہباز کی حکومت چودھری پرویز الٰہی اور چودھری مونس الٰہی پر مقدمات درج کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب ہمارے گھر کے اپنے لوگ ہی شہباز شریف کو تعاون کی یقین دہانیاں کروا رہے ہیں“

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چوہدری شجاعت حسین کے فرزند چوہدری سالک حسین کے شہباز شریف کی کابینہ میں بطور وفاقی وزیر کے حلف اٹھانے اور چوہدری پرویز الہٰی کے فرزند حسین الہٰی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کیے جانے کے بعد مسلم لیگ ق عملاً دو حصوں میں تقسیم ہونے کی خبریں گردش کرتی رہی تھیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close