حکومت نے پٹرول کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے، جبکہ جان بچانے والی ادویات بھی مہنگی کر دی گئی ہیں، بجلی میں اضافہ اور پیٹرولیم مصنوعات پر اضافے کے علاوہ فی لٹر سبسڈی میں کمی اس کے علاوہ ہیں
تفصیلات کے مطابق شہباز سرکار نے ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا مہنگا کر دیا ہے، آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے
نوٹیفیکیشن کے مطابق 20 کلوآٹے کے تھیلے کی قیمت میں 180 روپے کا اضافہ کردیا گیا جس کے بعد 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 800 روپے سے بڑھ کر 980 روپے ہوگئی ہے ۔جبکہ آٹے کے 10 کلو کے تھیلے کی قیمت 90 روپے اضافے کے بعد 400 روپے سے بڑھ کر 490 روپے ہوگئی ہے
دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آئی ایم ایف کے مزید مطالبات پر عمل درآمد کرتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ شروع کر دیا ہے
نیپرا نے کے الیکٹرک کے مارچ کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 83 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا
نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک نے نیپرا کو 5 روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 27 اپریل 2022ء کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی، فروری کا ایف سی اے صارفین سے 1 روپے 38 پیسے چارج کیا گیا تھا، جو کہ صرف 1 ماہ کے لیے تھا، مارچ کا ایف سی اے فروری کی نسبت 3 روپے 45 پیسے جون میں زیادہ چارج کیا جائے گا، اور حالیہ اضافے کا اطلاق صرف جون کے ماہ کے بلوں پر ہوگا۔
علاوه ازیں جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں بھی غیر اعلانیہ اضافہ کیا گیا ہے.
شوگر، بلڈ پریشر اور دل کے امراض، دافع اسہال، کولیسٹرول کم کرنے والی ادویہ، زینکس ، اوآرایس، پیناڈول ،اسپرین، انہیلر بھی مہنگے ہو گئے ہیں. جبکہ کمپنیوں نے متعد دادویات کی سپلائی روک دی ہے
ادہر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد فی لیٹر سبسڈی بھی کم کر دی گئی ہے، جس کا بوجھ بھی عوام کو برداشت کرنا پڑے گا
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے پیٹرول پر سبسڈی ختم کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا تھا، جس پر حکومت ڈھیر ہو گئی ہے
ذرائع کے مطابق گذشتہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر فی لیٹر 86.71 روپے تک سبسڈی دی جارہی تھی، جو اب نئی حکومت نے کم کر کے 56 روپے 71 پیسے کر دی ہے، یہ اضافی بوجھ بھی عوام کی جیب پر منتقل کر دیا گیا ہے
ہائی اسپیڈ ڈیزل پر سبسڈی 86 روپے71 پیسے سے سے کم ہو کر 56 روپے 71 پیسے فی لیٹر، پیٹرول پر 47 روپے 2 پیسے سے کم ہوکر 17 روپے 2 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل پر 67 روپے 84 پیسے سے کم ہو کر 37 روپے 84 پیسے جب کہ مٹی کے تیل پر سبسڈی 51 روپے 83 پیسے سے کم ہوکر 21 روپے 83 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے.