نائجیریا میں اغوا ہونے والے پاکستانی پی ایچ ڈی ڈاکٹر کے گھر والوں پر کیا بیت رہی ہے؟

ویب ڈیسک

پنجاب کے ضلع راجن پور کی تحصیل جام پور سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ابوذر افضل عفاری کو نائجیریا میں ایک شہر سے دوسرے شہر جاتے ہوئے ٹرین کے سفر کے دوران 28 مارچ کو اغوا کر لیا گیا

ڈاکٹر ابوذر مائیکروبیالوجی میں پی ایچ ڈی ہیں، جبکہ انہوں نے ایم فل میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا

اپنے سب سے بڑے بیٹے کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے سے نڈھال ان کی والدہ فرحت بی بی کا کہنا ہے کہ ’میں ماں ہوں۔ اپنے لائق فائق کماؤ بیٹے کے اغوا کے بعد صرف نیند کی گولیاں کھا کر ہی سو پاتی ہوں

انہوں نے پاکستان اور نائیجیریا کی حکومتوں اور اغوا کرنے والوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ”میرے بیٹے اور دیگر لوگوں کو چھوڑ دیں۔ بے گناہ لوگوں کے اغوا کے بعد ان کے گھر والوں پر کیا بیت رہی ہوگئی یہ وہی سمجھ سکتا ہے۔ جس پر گزر رہی ہوتی ہے“

مختلف رپورٹوں کے مطابق اغوا کی اس واردات میں مجموعی طور پر 160 سے زیادہ لوگوں کو اغوا کیا گیا ہے، جن میں اکثریت نائیجیریا کے شہریوں کی ہے، جبکہ ان میں سے ایک پاکستانی ڈاکٹر ابوذر افضل بھی ہیں

اغوا کی ذمہ داری بنڈیٹ کہلانے والے گروپ نے قبول کی ہے۔ اس گروپ کے نائجیریا کی حکومت کے ساتھ طویل عرصہ سے تنازعات چل رہے ہیں، اور نائجیریا کی حکومت نے اس مسلح گروپ پر پابندی عائد کر رکھی ہے

ڈاکٹر ابوذر کے بھائی دانیال افضل کے مطابق وہ نائجیریا میں کام کرنے والی کمپنی ’جے میرنیز‘ میں کچھ عرصہ سے بحثیت جنرل مینجر خدمات سرانجام دے رہے تھے

ڈاکٹر ابوذر کی والدہ فرحت بی بی کہتی ہیں کہ اغوا کاروں نے دو تین دن قبل جے میرنیز کو نائجیریا ہی میں ان کی ایک وڈیو بھیجی، جس میں اغوا کار حکومت سے مختلف مطالبات کر رہے ہیں۔ اسی وڈیو میں ان کے بیٹے کا پیغام بھی ہے۔ اغوا کاروں نے نائجیریا کی حکومت کو مطالبات پورے کرنے کے لیے کچھ دنوں کی مہلت دی ہے

ڈاکٹر ابوذر افضل کے اہل خانہ کو کمپنی کے ذریعے ملنے والی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکٹر ابوذر افضل اغوا کاروں کے چنگل میں ہیں۔ ان کے ہمراہ پانچ دیگر لوگ بھی موجود ہیں جن میں تین خواتین اور دو مرد ہیں۔ یہ پانچوں افراد نائیجیریا کے مقامی لگ رہے ہیں

وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مسلح نقاب پوش ان کے ہمراہ کھڑا ہے۔ وڈیو میں ڈاکٹر ابوذر کہہ رہے ہیں ”میرا نام ابوذر افضل ہے اور میں پاکستانی شہری ہوں“

ڈاکٹر ابوذر مزید بتاتے ہیں ”ہمیں 28 مارچ کو ٹرین کا سفر کرتے ہوئے اغوا کیا گیا تھا۔ ہم یہاں پر باسٹھ لوگ ہیں۔ یہاں کے حالات اچھے نہیں ہیں۔ ہم بین الاقوامی برادری، پاکستان اور نائجیریا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہماری رہائی کے لیے اقدامات کرے“

وڈیو میں نائجیریا کے مقامی لو گ بھی بات کر رہے ہیں

ڈاکٹر ابوذر کے والد شیخ محمد افضل نے بتایا ”ہم تک جو اطلاعات پہنچی ہیں ان کے مطابق ٹرین میں سے اغوا کرنے کے بعد تمام مغویوں کو تین مختلف کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔ ایک کیمپ میں میرا بیٹا بھی شامل ہے۔ بیٹے کے اغوا کے بعد جو کچھ ممکن ہے کر رہے ہیں۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کو خطوط لکھنے کے علاوہ اعلیٰ احکام سے رابطے کیے ہیں“

ڈاکٹر ابوذر کے اسلام آباد میں موجود ایک قریبی عزیز وقاص عظیم کے مطابق وزیر مملکت حنا ربانی کھر اور ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے پیغام میں یقین دلایا ہے کہ وہ ڈاکٹر ابوذر کی رہائی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں

وقاص عظیم کو بھیجے گئے ایک پیغام میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نائجیریا میں بوکو حرام کے دہشت گردوں نے ٹرین حملے میں لوگ اغوا کیے ہیں، جس میں پاکستانی قومیت کے حامل پی ایچ ڈی ڈاکٹر ابوذر افضل بھی شامل ہیں

ترجمان کے مطابق دفتر خارجہ اس وقت نائجیریا کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اور رہائی کے لیئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے

وقاص عظیم کہتے ہیں کہ وزیر مملک برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے رہائی کی بھرپور کوشش کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے

شیخ محمد افضل کہتے ہیں کہ ’بیٹا شوق میں نہیں، مجبوری میں نائجیریا گیا تھا۔ وہ ہی ہمارا واحد سہارا ہے، میرے باقی بچے ابھی پڑھ رہے ہیں۔ بیٹا واپس آ جائے تو دوبارہ نائیجیریا نہیں بھیجوں گا۔ پاکستان ہی میں کوئی مزدوری کر لے“

شیخ محمد افضل کہتے ہیں ”میں خود ان پڑھ ہوں، شادی کے وقت اور شادی سے پہلے میں کراچی میں محنت مزدوری کرتا تھا۔ شادی کے دو سال بعد واپس اپنے علاقے میں آ گیا تھا۔ کراچی میں شادی کے بعد دوستوں نے مجھے کہا کہ تم خود تو پڑھ نہیں سکے اپنے بچوں کو ضرور پڑھانا. یہ بات میرے ذہن میں بیٹھ گئی تھی۔ کراچی میں تعلیم کی اہمیت بھی دیکھ لی تھی۔ خود محنت مزدوری کرتا رہا مگر اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلائی ہے۔ جو کچھ ممکن ہوسکا بچوں کی تعلیم کے لیے کیا۔ میرے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ ابوذر سب سے بڑا ہے. ابوذر نے ایف ایس سی تک اپنے علاقے ہی سے پڑھا اور پھر لاہور چلا گیا تھا۔ لاہور کے بعد فیصل آباد میں پی ایچ ڈی کی۔ ایم فل میں گولڈ میڈل بھی حاصل کیا تھا۔ پی ایچ ڈی کرنے کے بعد کہتا تھا کہ بہت اچھی نوکری ملے گی۔ مگر دربدر رہا، بے روزگار رہا۔ پھر جب نائجیریا سے نوکری کی آفر ہوئی تو ادھر چلا گیا“

انہوں نے بتایا کہ کہ ڈاکٹر ابوذر کے دو بچے ہیں۔ بڑا بیٹا دو سال کا ہے جبکہ بیٹی چند ماہ کی ہے۔ دونوں باپ بیٹی نے ایک دوسرے کو نہیں دیکھا ہے۔ ابوذر نے کبھی بھی اپنی نو مولود بیٹی کو گود میں نہیں کھلایا ہے۔ سوچتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کو کتنا یاد کرتا ہو گا۔ بالخصوص اپنی بیٹی کے لیے کتنا پریشان ہوتا ہوگا

مغوی ڈاکٹر ابوذر کے والد شیخ محمد افضل کہتے ہیں ”میں اب کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ اگر پاکستان میں پی ایچ ڈی کرنے کے بعد بھی نوکری نہیں ملتی تو پھر مجھ جیسا ان پڑھ تو بہت اچھا ہے جو محنت مزدوری کر کے رزق تو کما لیتا ہے، پھر کس لیے پی ایچ ڈی تک پڑھنے اور اتنی محنت کرنے کی ضرورت ہے؟“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close