تائیوان پر جنگ شروع کرنے سے ہچکچائیں گے نہیں: چین کا امریکہ کو انتباہ

ویب ڈیسک

چین کے وزیر دفاع نے اپنے امریکی ہم منصب کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تائیوان نے آزادی کا اعلان کیا تو بیجنگ جنگ شروع کرنے سے ہچکچائے گا نہیں

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہفتے کو چین کے وزیر دفاع وی فینگ کی جانب سے یہ انتباہ سنگاپور میں سکیورٹی اجلاس ’شنگری لا ڈائیلاگ‘ کے موقعے پر امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن سے براہ راست ملاقات کے موقع پر سامنے آیا

چینی وزیر دفاع نے کہا ”اگر کوئی تائیوان کو چین سے الگ کرنے کی جرأت کرتا ہے تو چین کی فوج کسی بھی قیمت پر جنگ شروع کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گی“

چین کی وزارت دفاع کے مطابق وزیر دفاع وی فینگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیجنگ ’تائیوان کی علیحدگی‘ کی سازش کو ناکام بنا دے گا

واضح رہے کہ بیجنگ جمہوری اور خودمختار تائیوان کو اپنا علاقہ قرار دیتا ہے اور اس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو طاقت کے استعمال سے ایک دن تائیوان پر قبضہ کر لے گا

حالیہ مہینوں میں چین اور امریکہ کے درمیان تائیوان کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے

امریکی وزیر دفاع نے لائیڈ آسٹن نے آبنائے تائیوان میں استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تائیوان کی موجودہ حیثیت میں یک طرفہ تبدیلیوں کی مخالفت کی

امریکی محکمہ دفاع کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’چین تائیوان کے خلاف مزید عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات سے باز رہے۔‘

اپنی تقریر میں آسٹن نے کہا کہ امریکہ ایشیا میں اپنی موجودگی برقرار رکھے گا لیکن ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ واشنگٹن تنازعات کو روکنے کی ضرورت کو سمجھتا ہے

انہوں نے کہا کہ ’ہم تصادم یا جنگ کے خواہاں نہیں ہیں۔ اور ہم ایک نئی سرد جنگ، ایک ایشیائی نیٹو، یا دشمن بلاکس میں تقسیم ہونے والا خطہ نہیں چاہتے۔‘

آسٹن نے یوکرین پر روس کے حملے کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ظالم ان قوانین کو روند دیتے ہیں جو ہم سب کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ یہ افراتفری اور غیر مستحکم دنیا کا ممکنہ پیش نظارہ ہے جس میں ہم میں سے کوئی نہیں رہنا چاہے گا۔‘

تائیوان کے دفاعی زون میں چینی جنگی طیاروں کی دراندازی کی وجہ سے کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
گذشتہ ماہ جاپان کے دورے کے موقعے پر امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا ”اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو واشنگٹن تائیوان کی فوج کا دفاع کرے گا“

چین نے اس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ”امریکہ آگ سے کھیل رہا ہے“

چین کی کونسل برائے تائیوان امور کے ترجمان ژو فینگلین کہا تھا کہ ”امریکہ چین پر قابو پانے کے لیے تائیوان کارڈ کھیل رہا ہے، مگر وہ خود جل جائے گا“

ان حالات میں جمعے کو امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اور چینی وزیر دفاع وی فینگ ہے کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک نے اس بات کا اعادہ ضرور کیا کہ وہ اپنے تعلقات کو بہتر کرنا چاہتے ہیں تاہم فریقین نے اختلافات کو حل کرنے میں کسی پیش رفت کا کوئی اشارہ نہیں دیا

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کا کہنا ہے کہ بیجنگ کی تائیوان سمیت ایشیا میں ’جارحانہ‘ پالیسیوں کے باوجود امریکہ چین کے ساتھ کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین اور امریکہ کے درمیان تعلقات حالیہ مہینوں میں تناؤ کا شکار رہے ہیں اور دنیا کی ان دو بڑی معیشتوں کے درمیان تائیوان اور چین کے انسانی حقوق کے ریکارڈ سے لے کر بحیرہ جنوبی چین میں بیجنگ کی فوجی سرگرمیوں تک ہر معاملے میں اختلاف پایا جاتا ہے

ہفتے کو سنگاپور میں ہونے والے شنگری لا ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے لائیڈ آسٹن نے ایشیا کے سب سے بڑے سکیورٹی اجلاس کو بتایا کہ امریکہ تائیوان سمیت اپنے اتحادیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا

انہوں نے کہا کہ یہ خاص طور پر اہم ہے کیونکہ چین نے اپنے علاقائی دعوؤں کے لیے زیادہ ’جبر اور جارحانہ‘ انداز اپنا رکھا ہے

امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ دوسرے ممالک کے ساتھ چینی طیاروں اور بحری جہازوں کے درمیان غیر محفوظ اور غیر پیشہ ورانہ مقابلے بازی میں ’خطرناک‘ حد تک اضافہ ہوا ہے

ایک چینی لڑاکا طیارے نے مئی میں جنوبی بحیرہ چین کے علاقے میں آسٹریلیا کے فوجی نگرانی کے طیارے کا راستہ روک لیا تھا جب کہ کینیڈا کی فوج نے چینی جنگی طیاروں پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے شمالی کوریا پر پابندیوں کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کرنے والے اس کے پیٹرولنگ طیاروں کو بھی ’ہراساں‘ کیا تھا

اسی طرح تائیوان کئی سالوں سے اپنے فضائی دفاعی زون میں بار بار چینی فضائیہ کے مشنز کی شکایت کر رہا ہے

آسٹن نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں ایسے واقعات میں اضافہ ہوا ہے

ادھر تائیوان کی وزارت خارجہ نے امریکہ کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور چین کے ان کے ملک پر ’خودمختاری‘ کے ’مضحکہ خیز‘ دعووں کی مذمت کی

تائی پے میں وزارت خارجہ کی ترجمان جوآن اوو نے کہا: ’تائیوان کبھی بھی چینی حکومت کے دائرہ اختیار میں نہیں رہا ہے اور تائیوان کے لوگ چینی حکومت کی طرف سے طاقت کے استعمال کی دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔‘

لائیڈ آسٹن نے کہا کہ تائیوان کے بارے میں امریکہ کی پالیسی سٹیٹس کو میں کسی بھی یک طرفہ تبدیلی کے خلاف ہے

ان کے بقول: ’ہماری پالیسی تبدیل نہیں ہوئی ہے۔ لیکن بدقسمتی سے چین اس حقیقت کو تسلیم نہیں کرتا‘

انہوں نے مزید کہا: ’ہم اس تناؤ کو ذمہ داری سے سنبھالنے، تنازعات کو روکنے اور امن اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔‘

یوکرین کے صدر وولادی میر زیلنسکی نے بھی بعد میں ایک ورچوئل سیشن میں شنگری لا ڈائیلاگ سے خطاب کیا

چین نے روس کے حملے کی مذمت نہیں کی اور نہ ہی اسے حملہ قرار دیا ہے بلکہ اس معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل پر زور دیا ہے

بیجنگ اور ماسکو حالیہ برسوں میں قریب تر ہوتے گئے اور فروری میں دونوں فریقوں نے ایک وسیع سٹریٹجک شراکت داری پر دستخط کیے جس کا مقصد امریکی اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close