پاپ اسٹار جسٹن بیبر کے چہرے کو مفلوج کرنے والی بیماری رامسے ہنٹ سنڈروم کیا ہے؟

ویب ڈیسک

گزشتہ دنوں گلوکار جسٹسن بیبر نے انکشاف کیا کہ ان کا چہرہ مفلوج ہو گیا ہے. انہوں نے ہفتے کا کنسرٹ منسوخ کرتے ہوئے کہا ”میں اس وقت فیشل پیرالاسز کا شکار ہوں“

واضح رہے کہ فیشل پیرالاسز بیماری میں چہرے کا حصہ مفلوج ہو جاتا ہے

اٹھائیس سالہ جسٹن بیبر نے انسٹاگرام پر ایک وڈیو میں بتایا کہ ان کے چہرے کے ساتھ جو کچھ ہوا اور ان میں جس بیماری کی تشخیص ہوئی ہے اسے ’رامسے ہنٹ سنڈروم‘ کہا جاتا ہے

اس وڈیو میں انہوں نے مزید کہا ”جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میری آنکھ کھل نہیں رہی۔ میں اپنے چہرے کے متاثرہ حصے کی جانب سے مسکرا نہیں سکتا اور یوں میرے چہرے کا ایک حصہ مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے“

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ رامسے ہنٹ سنڈروم اس وقت ہوتا ہے، جب کسی کے کانوں کے قریب چہرے کے اعصاب کو ’شنگلز‘ کی وبا متاثر کرتی ہے۔ شنگلز دراصل جلد کی بیماری ہے جو اعصاب کو متاثر کرتی ہے

کینیڈا میں پیدا ہونے والے گلوکار نے اپنے چہرے کے دائیں جانب اشارہ کرتے ہوئے تین منٹ کی وڈیو میں کہا کہ ”یہ وائرس میرے کان اور میرے چہرے کے اعصاب پر حملہ کرتا ہے اور اس کی وجہ سے میرا چہرہ مفلوج ہو گیا ہے“

جسٹن بیبر نے وڈیو میں مسکرانے اور اپنی پلکیں جھپکانے کی کوشش کی، تاکہ وہ اپنے چوبیس کروڑ انسٹاگرام فالوئرز کو دکھا سکیں کہ کس طرح ان کے چہرے کا دائیاں حصہ حرکت نہیں کر رہا

جسٹن بیبر نے کہا کہ وہ اس وقت چہرے کی ورزش کر رہے ہیں تاکہ وہ صحتیاب ہو سکیں۔ تاہم انہیں ابھی یہ معلوم نہیں ہے کہ مکمل تندرست ہونے تک انہیں کتنا وقت لگے گا

وڈیو پیغام میں جسٹن بیبر کا کہنا تھا ”میں آپ لوگوں سے پیار کرتا ہوں، مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ مجھے خدا پر یقین ہے۔۔۔“

رامسے ہنٹ سنڈروم، جس بیماری کے بارے میں اٹھائیس سالہ نوجوان گلوکار جسٹن بیبر ذکر کر رہے تھے، کے متعلق امریکہ میں میو کلینک کا کہنا ہے ”دردناک شنگلز ریش کے علاوہ، رامسے ہنٹ سنڈروم چہرے کے فالج اور متاثرہ کان میں سماعت کی کمی کا سبب بن سکتا ہے۔ زیادہ تر لوگوں کے لیے رامسے ہنٹ سنڈروم کی علامات عارضی ہیں لیکن یہ مستقل بھی ہو سکتی ہیں“

میو کلینک کے مطابق ”مریضوں کے لیے ایک پلک بند نہ کرنا بھی آنکھوں میں درد اور دھندلے پن کا سبب بن سکتا ہے۔ یہ مرض ساٹھ سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں زیادہ عام ہے“

خیال رہے کہ مارچ میں گلوکار کی اہلیہ ہیلی بیبر کو دماغ میں خون جمنے کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بعد میں انہوں نے بتایا کہ انہیں فالج کا دورہ پڑا تھا، انہوں نے اپنے دل کے سوراخ کو بند کرنے کے لیے سرجری کروائی تھی

‘رامسے ہنٹ سنڈروم’ کی دو اہم علامات ہیں:

اول، کان کے اندر اور اس کے اردگرد پیپ سے بھرے چھالے کی طرح دانے بننا، جو درد کا باعث بھی بنتے ہیں

دوئم، چہرے کے پٹھوں کی کمزوری یا فالج

بعض اوقات بیک وقت فالج اور خارش کی شکایت ہو سکتی ہے

طبی ماہرین کے مطابق کان میں درد، سماعت کا متاثر ہونا، کانوں کا بجنا، ایک آنکھ بند کرنا مشکل ہو جانا، چکر آنا، ہر چیز کا بے ذائقہ ہو جانا، منھ اور آنکھوں میں نمی کا کم ہو جانا بھی اس بیماری کی دیگر علامات میں شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close