میمن گوٹھ، ملیر: مسلح افراد باڑے سے 79 بھینسیں، 25 گائیں لے گئے

ّویب ڈیسک

ضلع ملیر کے علاقے میمن گوٹھ میں باڑے سے ایک سو سے زائد مویشی چھین لیے گئے، جس کی وجہ مبینہ طور پر لین دین کا تنازع بتایا جاتا ہے

پولیس کے مطابق کیٹل سوسائٹی سپر ہائی وے کے ایک باڑے کے مالک نے اپنی 79 بھینسیں، 25 گائیں بمع بچھڑے کے اسلحے کے زور پر چھینے کا مقدمہ درج کروایا ہے

باڑے کے مالک نے پولیس کو بتایا ہے کہ رات گئے کچھ مسلح لوگ ان کے باڑے پر موجود عملے کو یرغمال بنا کر جانور کھول کے لے گئے

باڑہ مالک محمد سلیم کا کہنا تھا کہ ان کا اپنے سابق پارٹنر کے ساتھ لین دین کا تنازع کافی عرصے سے چل رہا ہے اور رقم کی ادائیگی کے لیے مہلت کی درخواست عدالت میں بھی ہے

ان کا کہنا تھا ”گذشتہ رات چند افراد میرے باڑے میں داخل ہوئے اور عملے کو اسلحے کے زور پر ایک کمرے میں بند کر کے جانور کھول کر لے گئے“

انہوں نے کہا ”واقعے کے بعد فوری طور پر 15 پر کال کی گئی اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تین افراد کو حراست میں بھی لیا ہے“

تاہم دوسری جانب پولیس نے کسی بھی گرفتاری کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close