جعفر طیار لائبریری – ایک زندہ لائبریری

سید علی عمران

موجودہ دور میں جب کہ سوشل میڈیا نے معاشرے کا مزاج تبدیل کر دیا ہے۔ مطالعے کا رجحان ختم ہوتا جا رہا ہے اور دوسری طرف ساری کتابیں سمٹ کر پی ڈی ایف کی صورت میں موبائل میں ہر وقت دستیاب ہوتی جا رہی ہیں۔ بظاہر لائبریری کی اہمیت ختم ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ کراچی شہر کے بڑے بڑے کتب خانے ویران نظر آتے ہیں۔ بہت سی لائبریریز تو ختم ہی ہو گئیں ہیں اور جو کچھ باقی ہیں، وہ اپنے وجود کو برقرار تو رکھے ہوئے ہیں لیکن لوگوں کی تعداد کے لحاظ سے مردہ ہیں اور خاص طور پر نوجوان نسل تو پبلک لائبریری سے واقف ہی نہیں بس صرف مقابلے کے امتحان کی تیاری کرنے والے لائبریری کے اندر نظر آتے ہیں مگر وہ بھی صرف ایک خاص مدت کے لیے

ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 70 فیصد طالب علم کورس کی کتابوں کے علاوہ مزید کوئی کتاب نہیں پڑھتے۔ ایسے حالات میں جب کہ پبلک لائبریریز ختم ہو رہی ہیں اور اپنے وجود کو برقرار رکھنے کی جنگ لڑ رہی ہیں، مولانا ڈاکٹر سید نسیم حیدر زیدی نے انوار القرآن اکیڈمی کے تحت مارچ 2016 کو ایک نئے ورژن کے ساتھ جعفر طیار لائبریری کی بنیاد رکھی۔
شروع میں جعفر طیار لائبریری کا آغاز ایک چھوٹے سے کمرے سے ہوا مگر 6 سال میں جگہ کی کمی کی وجہ سے لائبریری نے 3 مرتبہ بلڈنگ کو تبدیل کیا اور اب آخر کار ایک وسیع 3 منزلہ عمارت میں منتقل ہوگئی ہے، پھر بھی امتحانات کے دوران یہ جگہ بھی کم پڑ جاتی ہے۔

یہ عمارت جدید لائبریری کے حوالے سے فن تعمیر کا شاہکار نمونہ ہے، جو دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ اب لائبریری میں اربن ملیر اور دیہی ملیر سے بڑی تعداد میں نوجوان پڑھنے کے لیے آتے ہیں اور یہاں باقاعدہ رجسٹرڈ مرد ممبران کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ خواتین کے لیے لائبریری کی الگ بلڈنگ ہے اور خواتین رجسٹرڈ ممبران کی تعداد 1400 سے متجاوز ہے.

ان حالات میں کہ جب پبلک لائبریریز ختم ہو رہی ہیں تو جعفر طیار لائبریری کامیاب کس طرح سے ہوئی؟ اس کی بہت ساری وجوہات ہیں، جن کا تذکرہ کرنا ضروری ہے۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ جعفر طیار لائبریری عام پبلک لائبریریز کی طرح صرف کتابیں دینے اور لینے کا کام نہیں کر رہی اور نہ ہی صرف لوگوں کو بیٹھ کر پڑھنے کی جگہ فراہم کر رہی ہے۔ یہ سارے وظائف تو عام پبلک لائبریری بھی انجام دیتی ہے، مگر جعفر طیار لائبریری نے جدید پبلک لائبریری کے نظریے کو ہی تبدیل کر دیا. جعفر طیار لائبریری نے عام پبلک لائبریری کی روش سے ہٹ کر معاشرے کے ہر طبقے اور خاص طور پر طلباء کو کتابوں کی طرف لانے، ان کی ذہنی سطح کو بلند کرنے اور معاشرے کے ہر فرد تک پہنچنے کے لئے ہر طرح کی علمی خدمات انجام دیں اور ثابت کیا کہ فی زمانہ آج بھی لائبریری کی اہمیت اپنی جگہ ہے مگر اس کے وظائف اور کام کرنے کا انداز اب تبدیل ہو گیا ہے. اس سلسلے میں جعفرطیار لائبریری نے بہت سارے کامیاب پروجیکٹ کیے۔ یہی وجہ ہے کہ جعفر طیار لائبریری کو ادارہ علم دوست کی جانب سے آرٹس کونسل میں منعقدہ ایک پروگرام میں کراچی کی سب سے بہترین لائبریری کا ایوارڈ دیا گیا

جعفرطیار لائبریری کی کاوشوں کی تفصیل درج ذیل ہے

 طلباء کے لیے منفرد سہولیات

1. نوٹس کی فراہمی: نویں کلاس سے لے کر ڈگری کلاسز تک کہ طلباء کو کتاب کے ساتھ ساتھ نوٹس کی بھی ضرورت ہوتی ہے. طلباء کے اس بدلتے ہوئے مزاج کو دیکھتے ہوئے جعفرطیار لائبریری نے کتابوں کے ساتھ ساتھ کراچی کے مشہور ترین کوچنگ سینٹرز کے ہر مضمون کے نوٹس لائبریری میں دستیاب کر دیے تاکہ طلباء اپنے ذاتی نوٹس بہتر سے بہتر انداز میں بنا سکیں.

2. پرنٹ اور اسکین کی سہولت: لائبریری کے ممبران کے لیے فری پرنٹ اور اسکین کی سہولت موجود ہے یہاں تک کہ کلر پرنٹ بھی نکال کر دیے جاتے ہیں.

3. انٹرنیٹ اور لیپ ٹاپ کی سہولت: لائبریری اپنی مکمل نظارت کے ساتھ طلباء کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرتی ہے اور لیپ ٹاپ کی بھی سہولت دستیاب ہے. جس کے ذریعے طلباء آن لائن کلاسز اور دیگر لیکچرز لے سکتے ہیں.

4. لائبریری کے اوقات میں اضافہ: لوڈشیڈنگ اور گھروں میں کتب بینی میں حائل مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے طلباء کو مطالعہ کا پرسکون ماحول فراہم کرنے کی غرض سے ہر سال میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سے قبل ہی لائبریری کے اوقات کو بڑھا کر رات گئے تک کر دیا جاتا ہے، اس کے علاوہ ان دنوں میں ہفتہ وار چھٹی بھی ختم کر دی جاتی ہے.

5. پریلیمینری امتحانات اور ضمنی امتحانات کے پرچہ جات کی فراہمی: جعفر طیار لائبریری طلباء کو امتحانات کی تیاری کے لیئے جو دیگر سہولیات فراہم کرتی ہے وہ حیران کن ہیں۔

جیسے ہر سال کے سپلیمنٹری کے پیپرز جمع کرکے لائبریری میں رکھے جاتے ہیں، اسی طرح سے جعفر طیار لائبریری تمام بڑے کالجز، اسکولز اور کوچنگ سینٹرز کے پریلیمنری امتحانات کے پیپرز کو حاصل کرتی ہے اور پھر ہر کلاس کے مضمون کے لحاظ سے ایک جگہ جمع کر کے طلبہ کو فراہم کرتی ہے

پچھلے سال سے لائبریری نے تمام پیپرز کو اپنی ویب سائٹ پر موجود آن لائن لائبریری میں ایک فولڈر بنا کر رکھ دیا تھا تاکہ پورے کراچی کے لوگ اس سے استفادہ کر سکیں.

6. یونیورسٹیز کے داخلہ ٹیسٹوں اور مقابلے کے امتحانات کی تیاری کی کتابیں اور نوٹس: ملک بھر کی تمام جامعات کے داخلہ ٹیسٹوں اور اس کے علاوہ سی ایس ایس، سنگل پیپر امتحان اور آئی ایس ایس بی کی تیاری کے ضمن میں لائبریری میں طلباء کو ہر قسم کی کتابیں اور ہر مضمون کے کثیرالانتخابی سوالات فراہم کیے جاتے ہیں۔

7. آن لائن فارم بھرنے کی سہولیات: موجودہ دور میں عام طور پر کالجز اور جامعات میں داخلے اور سرکاری اداروں میں نوکری کے حصول کے لیے آن لائن فارم کے اندراج کا رواج ہے جس میں عام طور پر طلباء پریشان ہو جاتے ہیں۔ اس پریشانی کو حل کرنے کے لئے جعفر طیار لائبریری نے اپنے عملے کو فارم بھرنے کی باقاعدہ تربیت دی اور لوگوں کو آن لائن فارم بھرنے کی سہولت فراہم کی ۔ میٹرک میں کالجوں کے ایڈمیشن، لیکچرز کی بھرتی, ایس ایس ٹی، پی ایس ٹی/ جے ایس ٹی کی بھرتیوں اور ایف آئی اے کی بھرتیوں میں ناصرف امیدواروں کے لائبریری نے آن لائن فارم بھرے بلکہ ان کے تمام ڈاکومنٹس کو اسکین کرنے کی سہولت بھی فراہم کی۔

8. انٹرمیڈیٹ کے بعد کے اپشنز کا پمفلیٹ: پری میڈیکل پری انجینئرنگ اور کامرس کے طلبہ کے لیے انٹرمیڈیٹ کے بعد تعلیمی مراحل سے متعلق ایک پمفلٹ بنایا گیا جس میں تمام جامعات کی معلومات اور فیس وغیرہ کی تفصیلات دی گئیں.

9. تعلیمی خبریں: جعفر طیار لائبریری کی جانب سے طلباء و طالبات کو ہر طرح کی تعلیمی خبروں سے آگاہ رکھنے کے لیے "تعلیمی خبریں” کے نام سے ایک واٹس ایپ گروپ بنایا گیا جس میں ہر طرح کی تعلیمی خبریں شیئر کی جاتی ہیں.

10. کراچی اور اردو یونیورسٹی میں ایڈمیشن کے لیے ایگزیبیوشن: جس زمانے میں کراچی یونیورسٹی اور اردو یونیورسٹی میں ایڈمیشن آتے ہیں جعفر طیار لائبریری باڈی اف لٹریسی ڈیولپمنٹ کے تعاون سے ایک ایگزیبیوشن منعقد کرواتی ہے جس میں ہر ڈیپارٹمنٹ کے لوگ آکر اپنے اپنے ڈیپارٹمنٹ کے بارے میں ہر فرد کو انفرادی طور پر مکمل معلومات فراہم کرتے ہیں.

11. رمضان ٹائمنگ: رمضان المبارک میں جعفر طیار لائبریری اپنے اوقات میں بالکل مختلف انداز سے تبدیلی کرتی ہے اور لائبریری افطار کے بعد کھلتی ہے اور رات گئے سحری تک کھلی رہتی ہے.

 کتب بینی کے فروغ کے لیے اقدامات

معاشرے میں کتب بینی کا ماحول پیدا کرنے کے لئے جعفر طیار لائبریری اپنے قیام سے ہی عملی کام انجام دے رہی ہے، جس کی وجہ سے طلباء کے ذوق اور مزاج میں واضح تبدیلی آئی ہے. 2017 اور 2018 میں عام مشاہدہ یہ کیا گیا تھا کہ لائبریری میں آنے والے نوجوان صرف اپنی کورس کی کتاب ہی پڑھتے تھے اور لائبریری میں رکھی کتابوں کی طرف ان کی کوئی توجہ نہیں تھی مگر اب اس روش میں واضح تبدیلی آگئی ہے اور نوجوان ہر طرح کی کتابیں اور خاص طور پر ادب کی کتابیں بھی پڑھتے ہیں یہاں تک کہ جب اپنی درسی کتابیں پڑھتے پڑھتے تھک جاتے ہیں تو دماغ کو فریش کرنے کے لیے شاعری کی کتابیں بھی پڑھتے ہیں.

کتب بینی کے اس ماحول کو معاشرے میں قائم کرنے کے لیے لائبریری نے باقاعدہ منظم انداز سے کام کیا ہے جس کی تفصیل درج ذیل ہے.

1. کتابوں پر 70 فیصد تک ڈسکاؤنٹ: وہ کتابیں جو ہر شخص کے زیرمطالعہ آنا چاہیں ان کو انتہائی کم قیمت پرفروخت کیا جاتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اسے خرید سکیں اور پڑھ سکیں۔

2. کتابوں کا اسٹال: ہرسال یکم سے 9 محرم تک مرکزی روڈ پر اسٹال لائبریری کی جانب سے لگایا جاتا ہے جس میں 30 فیصد سے زیادہ تک ڈسکاؤنٹ دیا جاتا ہے۔

3. 9 دنوں پر مشتمل پاکستان کی سب سے بڑی سبیل کتب: محرم الحرام کے موقع پر جعفر طیار لائبریری ہر سال یکم محرم سے لے کر 9 محرم تک نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام کی یاد میں شربت کی سبیل کے بجائے کتابوں کی سبیل لگاتی ہے۔ 2019 سے اس منفرد روایت کا آغاز کیا گیا تھا اور اب بڑے پیمانے پر عام لوگوں میں ہزاروں مفت کتابیں تقسیم کی جاتی ہیں۔

4. ہفتے وار اکیڈمک کتابوں کی مفت تقسیم: جعفر طیار لائبریری کو بہت بڑے پیمانے پر لوگوں کی طرف سے کتابیں ملتی رہتی ہیں، جس کا ایک ایک صفحہ چیک کرنے کے بعد اسے سنبھال کر رکھا جاتا ہے۔ وہ اکیڈمک کتابیں جو کہ لائبریری کے پاس پہلے سے موجود ہیں ان اکیڈمک کتابوں کو اب لائبریری میں ہفتے وار سبیل کتب میں رکھ دیا جاتا ہے اور لائبریری کے ممبران اپنی مرضی سے جو کتاب انہیں پسند آئے فری میں لے جاتے ہیں یوں یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔

5. کتاب شناسی پر مختصر لیکچرز کا سلسلہ: الماری میں رکھی ہوئی کتاب کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کتاب شناسی کے نام سے ایک سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس میں ہر ہفتے کوئی دانشور کسی بھی کتاب کا تعارف پیش کرتا ہے تاکہ لوگ اس امر سے واقف ہو جائیں کہ کس کتاب میں کون سا علم ہے اور کون سی کتاب ان کی کس ضرورت کو پورا کرتی ہے.

6. پی ڈی ایف کتب کا گروپ: وہ تمام لوگ جو صرف موبائل سے ہی کتاب پڑھنا چاہتے ہیں، ان کی آسانی کے لیے لائبریری نے واٹس ایپ پر دسمبر 2020 کو ایک گروپ بنایا ہے جس میں مشہور کتب کی پی ڈی ایف فراہم کی جاتی ہیں. اب تک اس گروپ پر 3000 سے زیادہ کتب کی پی ڈی ایف فراہم کی جا چکی ہیں.

7. آڈیو کتب: وہ افراد جو کتاب پڑھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں مگر ان کے پاس ٹائم نہیں ان کے لیے آڈیو کتب کے نام سے ایک واٹس ایپ گروپ اپریل 2021ء میں شروع کیا گیا اس گروپ پر اب تک 20 سے زیادہ کتب کو قسط وار آڈیو میں شیئر کیا جا چکا ہے۔

8. کتاب کہانی: جعفر طیار لائبریری کی جانب سے کتاب کہانی کے نام سے ایک اور واٹس ایپ گروپ ستمبر 2021ء میں تشکیل دیا گیا جس پر اب تک 100 سے زیادہ کتابوں کا تعارف تحریری طور پر اور ویڈیو کلپ کی صورت میں پیش کیا جا چکا ہے.

9. اخبارات کا گروپ: اخبار پڑھنے کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے جعفر طیار لائبریری نے ایک گروپ جنوری 2021ء میں تشکیل دیا جس میں روزانہ کی بنیاد پر ملکی اور غیر ملکی اخبارات کی پی ڈی ایف شیئر کی جاتی ہیں.

10. پرانی کتابوں کو محفوظ کرنے کی تحریک: جعفر طیار لائبریری کا تمام زور اس بات پر ہے کہ لوگ اپنے اجداد کی محفوظ کردہ کتابوں کو ضائع ہونے سے بچائیں اس سلسلے میں لائبریری نے خصوصی اسکینر حاصل کیا ہے اور پرانی کتابوں کو اسکین کر کے ان کی پی ڈی ایف بنا کر ان کو محفوظ کیا جاتا ہے اور نہ صرف اپنی آن لائن پی ڈی ایف لائبریری میں رکھا جاتا ہے بلکہ دیگر متعلقہ آن لائن لائبریریز میں بھی بھیج دیا جاتا ہے تاکہ یہ کتاب ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو جائے۔ اس سلسلے میں رسائی ادب کی بے شمار نایاب کتابوں کو لائبریری کی جانب سے اسکین کر کے محفوظ کیا جا چکا ہے.

11. آن لائن پی ڈی ایف لائبریری: جعفر طیار لائبریری نے اپنی ویب سائٹ پر آن لائن پی ڈی ایف لائبریری بنائی ہے جس میں مختلف موضوعات پر 20 سے زیادہ فولڈرز بنائے گئے ہیں جس میں متعلقہ موضوع پر کتابوں کی پی ڈی ایف رکھی گئی ہیں تاکہ لوگوں کو متعلقہ کتاب فوری طور پر میسر آجائے. اس وقت اس لائبریری کے فولڈرز میں کافی تعداد میں نایاب کتابوں کی پی ڈی ایف موجود ہیں.

12. کتابوں کی تقریب رونمائی: جعفر طیار لائبریری میں تمام شاعروں اور نثر نگاروں کے لیے ان کی کتب کی تقریب رونمائی کے لیے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں.

 سمینار

جعفرطیار لائبریری کی جانب سے علمی اور ادبی سرگرمیوں کے فروغ اور تربیت کے لیے مختلف قسم کے سیمینارز کا انعقاد کیا جاتا ہے جن کی تفصیل کچھ یوں ہے

1. میری کامیابی کا سفر: نوجوانوں کو کامیابی کی طرف ترغیب دینے کے لیے "میری کامیابی کا سفر” کے عنوان سے لیکچرز کی ایک سیریز شروع کی گئی ہے جو اب تک جاری ہے۔

2. رمضان سیمینارز: ماہ رمضان میں طلباء کی ذہنی و فکری آبیاری اخلاقی تربیت اور کردارسازی کے لیے لیکچرز کا انتظام کیاجاتا ہے۔

3. کیریئر گائیڈنس: طلباء میں اعلی تعلیم اور نوکریوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی غرض سے کیریر گائیڈینس سیمینار کا سلسلہ مسلسل چلتا رہتا ہے۔

4. تعلیمی نصاب: تعلیم کی اہمیت اور سلیبس ڈیزائننگ کے مسائل پر 2 سے زیادہ سیمینار کیے جا چکے ہیں۔

5۔ اقبال شناسی: علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر جعفرطیار لائبریری ہر سال "اقبال شناسی” کے نام سے ایک سیمینار کرواتی تھی تاہم اس سال بڑے پیمانے پر کوئز مقابلہ کروایا گیا۔

6. پیپر ٹیکنیک سیمینار: ہر سال میٹرک اور انٹر کے امتحانات سے پہلے باڈی آف لٹریسی ڈویلپمنٹ کے تعاون سے پیپر ٹیکنیک سیمینار منعقد کروایا جاتا ہے.

7. اعلیٰ تعلیمی اسکالرشپ: اعلیٰ تعلیمی اسکالرشپ اور بیرون ملک اسکالرشپ حاصل کرنے کے سلسلے میں اب تک دو سیمینار کرائے جا چکے ہیں. لیکچرز کا یہ سلسلہ بھی مسلسل جاری رہے گا.

8. یوم حسین رضہ: یوم حسین کے نام سے ہرسال محرم الحرام میں ایک سیمینار کرایا جاتا ہے.

9. سلسلے وار سیمیناروں کے علاوہ دیگر موضوعات پر سیمینار: سیمینار کے سلسلے کے علاوہ مختلف موضوعات پر جیسے موثر سی وی اور کامیاب انٹرویو کیسے دیا جائے، ورکشاپ برائے والدین، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی اگاہی، عالمی معاشی جنگ اور اسلام، پیام نہج البلاغہ، فری لانسنگ، ایمازون، فائر پریوٹیشن، بزنس اسٹارٹ اپ اور اسلامک بینکنگ کے موضوعات پر سیمینار منعقد کیے جا چکے ہیں جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوتے ہیں.

 سرکاری نوکریوں کے لیے سنگل پیپر امتحانات کی تیاری پر مختلف سیمینارز

کراچی میں سرکاری نوکریوں کے حوالے سے ایک سب سے بڑی دشواری یہ ہے کہ لوگوں کو یقین کی حد تک گمان ہے اور دماغ میں یہ بات راسخ ہو گئی ہے کہ کراچی والوں کو سرکاری نوکری نہیں ملے گی اس لیے وہ کسی طور بھی اپلائی کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے. جعفر طیار لائبریری کی جانب سے اس غلط العام سوچ کو ختم کرنے کے لیے باقاعدہ مہم چلائی گئی اور لوگوں کو قائل کیا گیا کہ سرکاری نوکریوں پر میرٹ ہوتا ہے اور درج ذیل اقدامات اٹھائے گئے.

1. لیکچرار گریڈ 17: سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت گریڈ 17 کے لیکچرارز کے امتحان کی تیاری کے حوالے سے جعفرطیار لائبریری میں 2 بار سیمینار منعقد کروائے گئے. جس میں پورے کراچی سے امیدوار شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ ایک واٹس ایپ گروپ بنایا گیا جس میں تیاری کے حوالے سے کتابیں نوٹس اور پاسٹ پیپرز فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ امیدوار بہتر انداز میں تیاری کر سکیں.

2. سیکنڈری اسکول ٹیچر گریڈ 16: سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سیکنڈری اسکول ٹیچر گریڈ 16 کے امتحان کی تیاری کے حوالے سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں ملیر بھر سے 200 سے زیادہ امیدواروں نے شرکت کی. اس سیمینار کے بعد ایک ورڈس ایپ گروپ تشکیل دیا گیا جس میں امتحانات کی تیاری سے متعلق کتابیں اور نوٹس فراہم کیے جاتے ہیں.

3. پی ایس ٹی اور JEST ٹیچرز کی اسامیاں اور بڑی کامیابی: پی ایس ٹی اور جے ای ایس ٹی کی بڑی تعداد میں نوکریوں کے اعلان کے ساتھ ہی لائبریری نے باقاعدہ مہم چلائی کے لوگ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپلائی کریں اور اس سلسلے میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئیں. اس محنت کا نتیجہ یہ نکلا کہ بڑی تعداد میں لوگوں نے اپلائی کر دیا. اپلائی کرنے کے مرحلے کے بعد پیپر کی تیاری کے حوالے سے ایک سیمینار کرایا گیا جس میں ضلع ملیر کے ساتھ ساتھ ضلع کورنگی سے بھی بڑی تعداد میں امیدواروں نے شرکت کی۔ سیمینار کے بعد لائبریری نے ایک واٹس ایپ گروپ بھی تشکیل دیا جس کے ذریعے مسلسل تمام امیدواروں کی امتحانات کی تیاری کے حوالے سے رہنمائی کی جاتی رہی. ان تمام محنتوں کا ثمر یہ نکلا کہ ضلع ملیر میں ہی صرف جعفرطیار کی یونین کونسل کے 75 کے قریب لوگ کامیاب ہو کر سرکاری پرائمری اسکول ٹیچر بھرتی ہو گئے۔ اور اسی طرح سے دیگر یونین کونسلز کے لوگ بھی بڑی تعداد میں کامیاب ہوئے۔ جبکہ دوسرے مرحلے کے اندر جو صرف ضلع ملیر میں بھرتیوں سے مطالق تھا میرٹ پر بھرتیوں کو دیکھ کر وہ تمام لوگ خود اپلائی کرنے کے لیے امادہ ہو گئےجو کسی طرح سے بھی نہیں مانتے تھے کہ سرکاری نوکری عام آدمی کو مل سکتی ہے۔ دوسری بار بھی امتحان میں اتنی ہی بڑی تعداد میں لوگ مزید کامیاب ہو گئے اور اب ان کو بھی آفر لیٹر ملنے والا ہے.

4.ائی ایس ایس بی کی تیاری کے حوالے سے سیمینار: فوج میں شمولیت کے لیے بھی ایک آن لائن سیمینار رکھا گیا جس میں آرمی کے آفیسرز نے خطاب کیا۔

 پروفیشنل ورکشاپس اور کورسز

1۔ لائبریری آٹومیشن: جعفر طیار لائبریری نے سلمز کمیونٹی کے اشتراک سے لائبریری اٹومیشن پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں بڑی تعداد میں لائبریرینز اور پروفیشنلز نے شرکت کی.

2۔ ایمازون: گھر بیٹھے ایمازون کے ذریعے کس طرح سے کام کیا جاتا ہے اس پر پورا ایک کورس کرایا گیا. اس کے ساتھ ساتھ دراز ڈاٹ پی کے کہ ذریعے کیسے تجارت کی جاتی ہے اس کا بھی پورا کورس کرایا گیا.

3۔ فری لانسنگ اور دیگر کورسز: جعفر طیار لائبریری کی جانب سے مختلف کورسز کروائے گئے جن میں ویب ڈیزائننگ، UI UX, فیگما کرش، پائتھن اور ایڈوانس ایکسل کے علاوہ دیگر فری لانسنگ کے کورس شامل ہیں.

4۔ انگلش لینگویج کورس: جعفر طیار لائبریری میں انگلش لینگویج کے مختلف کورس مختلف اوقات میں کرائے جاتے رہے ہیں اور خاص طور پر جون جولائی کی چھٹیوں میں پچھلے 2 سالوں سے یہ کورس کرائے جا رہے ہیں۔

 ہم نصابی مقابلہ جات

ہم نصابی مقابلہ جات کے لیے جعفرطیار لائبریری ہر وقت کوشاں رہتی ہے۔ اسی سلسلے میں کسی بھی خاص دن کی مناسبت سے کوئز مقابلے، تقریری مقابلے، شاعری کے مقابلے, مضمون نویسی کے مقابلے اور مصوری کے مقابلے مستقل بنیادوں پر کروائےجاتے ہیں۔ جس میں تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹ اور اول دوئم اور سوئم آنے والوں کو بہت سے انعامات دیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ یوم پاکستان 23 مارچ 2022 اور اقبال ڈے 9 نومبر 2023 والے دن جعفر طیار لائبریری نے پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کہ تعاون سے بہت بڑے پیمانے پر کوئز مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں 60 سے زیادہ افراد نے مقابلے میں حصہ لیا.

 بیسٹ ریڈر ایوارڈ اور لائبریری لور ایوارڈ

جعفر طیار لائبریری نے طلباء میں کتب بینی کی ترغیب اور لائبریری میں آنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کے لئے سہ ماہی بنیادوں پر "لائبریری لوور ایوارڈ” اور "بیسٹ ریڈر ایوارڈ” دیتی ہے۔ جس میں متعین عرصے میں سب سے زیادہ کتاب پڑھنے والے کو بیسٹ ریڈر ایوارڈ اور لائبریری میں سب سے زیادہ وقت گزارنے والے کو لائبریری لوور ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔

 اخبار رفتگان

اخبار رفتگان جعفرطیار لائبریری کی جانب سے شائع ہونے والا ایک منفرد سہ روزہ برقی اخبار ہے جس میں ماضی بعید اور قریب کے دانشور, مفکرین, ادباء, شعراء, علماء اور دیگر مشاہیر کی زندگی اور کاوشوں کا مختصر جائزہ ان کی تاریخ وفات پر مستند کتابوں سے پیش کیا جاتا ہے یہ سلسلہ یکم مئی 2020ء سے شروع ہوا اور 3 سال تک چلا مگر اسے ابھی عارضی طور پر کچھ عرصے کے لیے روکا گیا ہے. اب تک اس سلسلے کی 360 شمارے آچکے ہیں.

 ویب سائٹ

جعفر طیار لائبریری کی تمام تر ایکٹیوٹیز اور دیگر معلومات فراہم کرنے کے لیے اکتوبر 2021ء میں ایک ویب سائٹ jtlibrary.org کے نام سے بنائی گئی اس ویب سائٹ پر PDF کتب کا ایک بہت بڑا ذخیرہ مختلف عناوین کے فولڈر بنا کر محفوظ کیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close