بلوچستان میں پانچ پنجاب میں تین ہلاکتیں، ملک میں مزید بارشوں کی پیشں گوئی

ویب ڈیسک

پاکستان میں محکمہ موسمیات نے پیر سے بدھ تک ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے جس کے بعد قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کی جانب سے بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانی بارشوں کا سلسلہ پیر سے ملک کے بالائی وسطی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے باعث بیشتر مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں موسلا دھار سے شدید موسلا دھاربارش کا امکان ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

ممکنہ طور پر ان بارشوں کی لپیٹ میں آنے والے علاقوں میں اسلام آباد، کراچی، پشاور ، راولپنڈی، سیالکوٹ سمیت گلگت بلتستان میں استور، غذر، گلگت، دیامیر، ہنزہ، سکردو اور بلوچستان میں ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل ،کوہلو، بارکھان شامل ہیں

پاکستان میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بلوچستان اور پنجاب میں طوفانی بارشوں سے سیلابی ریلے میں بہنے اور چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں

اسلام آباد سمیت ملک بھر میں پیر سے بدھ تک طوفانی بارشوں کے سلسلے کے آغاز کے بعد قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے قائم ادارے این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے

پنجاب میں ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، منڈی بہاؤ الدین، راولپنڈی، جہلم، چکوال، مری، ملتان، بہاولپور اور لیہ میں ہفتے اور اتوار کو بارش ہوئی جس سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے

حکام کے مطابق لیہ میں چھتیں گرنے کے دو الگ واقعات میں تین افراد ہلاک ہوئے۔ لیہ کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر نے اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرنے والوں میں ایک بچی اور دو خواتین شامل ہیں

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، ہرنائی، سبی، ڈیرہ بگٹی اور نصیرآباد میں پری مون سون بارشیں ہوئیں

پرووننشل ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو سبی سے تقریباً بیس کلومیٹر دور کٹ منڈائی میں بیچی نالے میں پک اپ گاڑی سیلابی ریلے میں بہنے سے چار خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک جبکہ چار زخمی ہوگئے

کوہلو میں موسلادھار بارشوں کے بعد سیلابی ریلے میں سوناری کے مقام پر پل بہہ گیا، جس کے باعث کوہلو کو کوئٹہ سے ملانے والی شاہراہ آٹھ گھنٹے تک ٹریفک کے لیے معطل رہی

کوہلو کے علاقے میوند اور گرسنی میں بجلی کے کھمبے اور دیہی علاقوں کو جانے والی کئی رابطہ سڑکیں بھی بہہ گئیں

بارکھان میں موسلادھار بارش اور ژالہ بارش نے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ بارکھان میں علیشانی ڈیم اوور فلو ہو گیا، جس کے باعث اس کے اسپل وے کھول دیے گئے

ادہر ہرنائی سنجاوی سڑک بھی پہاڑی مقامات پر بارشوں کے باعث کئی مقامات پر بند ہوئی جسے بعد ازاں بحال کر دیا گیا

محکمہ موسمیات سندھ کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق ’کراچی میں 22 جون کو ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے تاہم اس کے نتیجے میں کسی اربن فلڈنگ خدشہ نہیں‘

انہوں نے بتایا کہ سکھر، کشمور، گھوٹکی، جیکب آباد ، خیر پور اور شکارپور اضلاع میں 20 سے 22 جون جبکہ حیدرآباد، میرپورخاص، عمر کوٹ، بدین، ٹھٹہ اور تھر پارکر کے اضلاع میں 22 اور 23 جون کے درمیان بارش متوقع ہے

سردار سرفراز نے بتایا کہ ’15 جون کو بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں داخل ہونے کے بعد سے شروع ہونے والی پری مون سون بارشوں سے ملک کے مختلف حصوں میں خشک سالی کے خاتمے میں مدد ملے گی‘

ان کا کہنا تھا کہ جون کے آخر اور جولائی میں بھی معمول سے زیادہ مون سون بارشوں کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے

پیر سے بدھ تک موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق پیر سے بدھ تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وسیع پیمانے پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا

تیز بارشوں کے اس سلسلے کے باعث خیبر پختونخوا، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے علاوہ ملک کے بیشتر علاقوں میں ندی نالوں/دریاؤں میں طغیانی، اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ وفاقی، صوبائی وزارتوں، ان کے ماتحت متعلقہ محکموں کو کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بر وقت و پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے

پی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے اور نشیبی علاقوں کے لیے ڈی واٹرنگ پمپس کی پیشگی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں

این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ ’مقامی ریسکیو سروس ڈیپارٹمنٹس سیلابی خطرے سے دوچار علاقوں کے مکینوں خصوصاً سیاحتی مقامات کی جانب گامزن افراد کو غیر ضروری نقل و حرکت سے محتاط رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائیں۔‘

واضح رہے کہ پاکستان بیشتر علاقوں میں گذشتہ چند روز سے پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے بعض علاقوں میں گرمی کی شدت میں قدرے کمی تو واقعے ہوئی ہے تاہم بارشوں کی شدت کو دیکھتے ہوئے شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے والے افراد اور کچی آبادیوں میں رہنے والوں کے لیے یہ بارشیں پریشانی کا باعث بن رہی ہیں

ممکنہ اثرات:

ان بارشوں کی پیش گوئی کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات نے ممکنہ اثرات سے بھی خبردار کیا ہے

موسلادھار بارش کے باعث خیبر پختونحوا، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے

موسلا دھار بارش سے خیبر پختونحوا، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان کے مقامی ندی نالوں/دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ

پشاور، مردان، نوشہرہ، اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ

آندھی / تیز ہواؤں کے باعث خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ہے

محکمہ موسمیات نے ان دنوں کے دوران مسافروں اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی تاقید کی ہے

دوسری جانب پاکستان کے ہمسایہ ممالک بنگلہ دیش اور بھارت پہلے ہی شدید بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں کی زد میں ہیں جہاں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش بھارت میں بارشوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد پچاس سے تجاوز کر گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close