فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام ٹیکس دہندگان پر واضح کیا ہے کہ سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی، اس لیے گوشوارے 8 دسمبر 2020ع سے پہلے جمع کروا دیں
ایف بی آر کی جانب سے گذشتہ روز جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں آسانی کے لئے ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ٹیکس سال 2020ع کے لئے نیا آسان ریٹرن فارم متعارف کرایا گیا ہے
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس گزار نئے وزرڈ بیسڈ آسان ویب انٹرفیس کے ذریعے راہ نمائی کے ساتھ سالانہ گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔ ٹیکس آسان ایپ پر سمارٹ فون کے ذریعے بھی گوشوارے جمع کرائے جا سکتے ہیں
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ایسے تمام افراد کی نشاندہی کی جا چکی ہے جو کہ قابل ٹیکس آمدنی ہونے کے باوجود گوشوارے جمع نہیں کرا رہے اور ایسے افراد جن کے اخراجات قابل ٹیکس آمدنی سے زائد ہے مگر انہوں نے سالانہ گوشواروں میں اپنی آمدن قابل ٹیکس آمدنی سے کم ظاہر کی ہے
ایف بی آر کے ڈیٹابیس میں ایسے تمام افراد کے اخراجات اور آمدن کی تفصیلات مو جود ہیں۔ ایف بی آر ایسے تمام افراد کو آخری موقع فراہم کر رہا ہے کہ وہ اپنے ٹیکس گوشوارے اپنے صحیح اخراجات اور آمدن کے حساب سے جمع کرائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی راہ نمائی کے لئے ویڈیو ٹیوٹوریلز ایف بی آر کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ کسی بھی قسم کی دشواری پیش آنے پر ایف بی آر کی ہیلپ لائن 111772772 یا ویب سائٹ www.fbr.gov.pk سے مدد لی جا سکتی ہے
یاد رہے انکم ٹیکس گوشوارے فائل کرنا ہر اس شخص پر لازم ہے، جس کی سالانہ آمدن چھ لاکھ یا اس سے زائد ہے۔