فیروز بلوچ، خود میں گم رہنے والا بلوچ طالب علم، جسے گم کر دیا گیا

ویب ڈیسک

بلوچستان کے پسماندہ علاقے تُربت سے تعلق رکھنے والے فیروز بلوچ کے بارے میں ان کے ایک کزن کا کہنا ہے کہ وہ ایسا ٹیچر بننا چاہتے تھے، جیسے پاکستان کے بڑے شہروں کی بڑی یونیورسٹیوں میں ہوتے ہیں

لیکن فیروز اپنے اس خواب کی تعبیر کی تلاش میں ایک بڑے شہر کی بڑی یونیورسٹی سے خود ہی لاپتہ ہو چکے ہیں

دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں زیرِتعلیم بلوچ طلبا کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ بھی بڑھ گیا ہے، جن کا کہنا ہے کہ بلوچ طلبہ کی جبری گمشدگیوں کا دائرہ یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنے والا طلبا تک پہنچ گیا ہے۔ بلوچ طلبا کا الزام ہے کہ بلوچستان سے تعلق کی بنیاد پر ان کی ’پروفائلنگ‘ کی جاتی ہے یا پھر انہیں مسلسل پوچھ گچھ کے ذریعے ہراساں کیا جاتا ہے

حال ہی میں لاپتہ ہونے والے طالب علم سترہ سالہ فیروز بلوچ کی مبینہ جبری گمشدگی اور عدم بازیابی کے خلاف راولپنڈی میں بلوچ طلبا نے بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل کے زیرانتظام ایک احتجاجی کیمپ لگایا ہوا ہے

ان طلبا نے گزشتہ روز بھی احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریاستی اداروں کی طرف سے تعاون نہ کرنے کی شکایت کی

فیروز بلوچ راولپنڈی کی پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی میں بی ایڈ کے دوسرے سمسٹر کے طالب علم ہیں

ان کا تعلق بلوچستان کے علاقے تُربت سے ہے اور ان کے والد ایک سرکاری ملازم ہیں۔ ان کے ساتھیوں کے مطابق وہ راولپنڈی آنے سے پہلے ایک گیراج میں مزدوری کرتے تھے

احتجاج میں شریک ان کے کزن جو خود بھی یہاں طالب علم رہے ہیں اور اپنا نام نہیں بتانا چاہتے، کہتے ہیں ”فیروز پڑھائی میں کمزور تھے اس لیے روزانہ رات 9 بجے تک لائبریری میں بیٹھتے تھے۔ 11 مئی کو وہ ہاسٹل سے لائبریری کی جانب گئے جو یونیورسٹی میں ہی موجود ہے۔ لیکن رات 9 بجے کے بعد بھی وہ واپس نہیں آئے“

اس دوران ان کے ساتھیوں نے فون پر رابطے کیے لیکن ان کا نمبر مسلسل بند ملا

فیروز بلوچ کے کزن کہتے ہیں ”اگلے روز صبح گھر والوں سے رابطہ ہوا اور انہوں نے بھی یہی کہا کہ فیروز نے انہیں کوئی کال یا میسج نہیں بھیجا۔ اب ہمیں محسوس ہوا کہ شاید وہ بھی جبری طور پر لاپتہ کیے گئے ہیں۔ اس لیے ہم پولیس اسٹیشن پہنچے لیکن رات کے دس بجے تک ہماری بات نہیں سنی گئی۔ پولیس یہ ماننے کو تیار ہی نہیں تھی کہ فیروز بلوچ لاپتہ ہوئے ہیں۔ آخر کار اگلی صبح ہماری درخواست درج کی گئی“

کزن کے مطابق ”فیروز بلوچ ایک بےضرر انسان تھے جو سوشل میڈیا بھی زیادہ استعمال نہیں کرتے تھے۔ فیروز کا صرف فیسبک اکاؤنٹ تھا جہاں وہ زیادہ پوسٹ نہیں کرتے تھے بس تین چار اپنی تصویریں لگائی ہوئی تھیں۔ ان کا نہ تو کوئی ٹوئٹر اکاؤنٹ تھا نہ ہی کسی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سرگرم تھے۔ وہ اتنے سست اور خود میں مگن رہنے والے تھے کہ میں ان کا کزن ہوں مگر مجھ سے بھی کبھی کبھار بات کرتے۔ ان کے تین چار دوست تھے اور وہ زیادہ وقت اپنے کمرے میں گزارتے تھے۔ ایک بچہ جو ہاسٹل کے دوسرے کمرے تک جانے سے بھی کتراتا ہو وہ کسی ریاست مخالف سرگرمی میں کیسے ملوث ہو سکتا ہے؟“

فیروز بلوچ کے کزن نے بتایا ”ان کا تعلق ایک نہایت غریب گھرانے سے ہے اور فیروز تعلیم حاصل کرکے تربت میں تعلیم کا بہتر انتظام کرنا چاہتے تھے۔ فیروز بلوچ مہینے کے دس ہزار جیب خرچ لاتا تھا۔ مہینے کے آخر میں جب وہ ختم ہو جاتے تو وہ پریشان ہوتا تھا کہ اب گزارہ کیسے ہوگا۔ ان کی والدہ دستکاری کر کے انہیں کبھی کبھار پیسے بھیجتیں۔ وہ خود بھی ایک چھوٹے سے گاؤں کے پسماندہ اسکول میں زیر تعلیم رہے تھے۔اس لیے انھیں بہت احساس تھا کہ ان کے گاؤں میں کچھ بہتری آئے“

وہ کہتے ہیں ”اگر ان کا کزن کسی ملک مخالف سرگرمی میں ملوث بھی ہو تو عدالتیں ہیں، قانون موجود ہے۔ آپ انہیں عدالت میں لے آئیں۔ آپ جو بھی سزا دیں گے وہ ہمیں منظور ہے۔ لیکن یہ کیا کہ ان کا پورا خاندان آج ایک کرب میں مبتلا ہے۔ ان کی والدہ ہسپتال میں داخل ہیں۔ وہ ہر روز بار بار فون کرتی ہیں اور مجھ سے یہ پوچھتی ہیں کہ ان کا بیٹا کہاں ہے، کس حالت میں ہے۔ وہ اتنا معصوم تھا کہ کسی سے آنکھ ملا کر یا اونچی آواز میں بات تک نہیں کرتا تھا۔ اسے نجانے کس حال میں رکھا گیا ہے؟“

دوسری جانب احتجاجی کیمپ میں شریک بلوچ طلبا کا ایک بڑا شکوہ یہ بھی ہے کہ ان کے لباس کی بنیاد پر انہیں نشانہ بنایا جاتا ہے اور تضحیک آمیز جملے کسے جاتے ہیں

ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کے باہر احتجاج میں شریک بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پی ایچ ڈی کے ایک پختون طالب علم سردارزادہ اشرف کا کہنا تھق ”ہمیں اکثر اس لیے جملہ بازی کا سامنا کرنا پڑا کہ ہم بلوچستان کا ثقافتی لباس پہن کر آئے تھے۔ جب میرا پہلا دن تھا کلاس میں تو ایک پروفیسر نے مجھے کہا ’آپ بلوچستان سے آئے ہو‘ میں نے ہاں میں جواب دیا۔ پھر وہ کہنے لگے کہ ’یار یہ تم نے کیا جنگلیوں والی شلوار پہنی ہوئی ہے۔ اب تم یہاں شہر میں ہو، کچھ تہذیب سیکھو۔“

یہیں موجود ایک اور طالب علم نے کہا کہ یونیورسٹی کے سامنے آئی ٹی کی عمارت میں ہمیں جانے کی اجازت صرف اسی صورت میں ہے جب ہم نے پینٹ شرٹ پہنی ہو یا سادہ شلوار قمیض۔ جبکہ سردارزادہ اشرف نے یہ الزام لگایا کہ گیٹ پر موجود چوکیدار تک انہیں اور ان جیسے دیگر طالب علموں کو یہ کہتے ہیں کہ ’تم بلوچستان والے بہت سرپھرے ہو، ہم یہ سب نکال دیں گے‘

یہیں موجود ایک اور طالب علم سے جب پوچھا کہ اس قسم کے رویوں پر ان کے دیگر ساتھیوں کا ردعمل کیا ہوتا ہے تو انہوں نے کہا کہ اکثر طلبا ہم سے کتراتے ہیں، جس کی وجہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارا ساتھ دینے کی بنیاد پر انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے

ان کے مطابق ”ہمیں ٹی وی ڈراموں اور خبروں میں ایسا دکھایا گیا ہے کہ ایک بار ایک کلاس فیلو نے مجھے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اگر وہ بلوچستان جائیں تو وہاں سے زندہ واپس نہیں آ سکیں گے“

خیال رہے کہ صوبائیت اور لسانی بنیادوں پر تفریق کے واقعات وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہتے ہیں۔ جیسا کہ خود بلوچستان میں ایسے متعدد واقعات ہوئے جب دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کو نشانہ بنایا گیا

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی نمائندہ کے مطابق ، انہوں نے اس مظاہرے میں موجود کم از کم چھ طلبا سے پوچھا کہ کیا حالیہ کچھ مہینوں میں ان سے پوچھ گچھ ہوئی ہے یا ان کی کسی بھی ایجنسی کی جانب سے پروفائلنگ کی گئی تو ان سبھی کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ذاتی طور پر ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، لیکن انہوں نے کہا کہ ان کے کئی ساتھی طالب علموں سے پوچھ گچھ کی گئی ہے

اسلام آباد کی ایک نجی یونیورسٹی میں زیر تعلیم بلوچ طالبہ حفصہ کے مطابق ”میں پنجاب کی مختلف یونیورسٹیز میں موجود ایسے طالب علموں کو جانتی ہوں، جنہیں غیرضروری سوال جواب اور ہراسگی کا سامنا کرنا پڑا۔ اگر میں اپنی بات کروں تو میرے ساتھ ایسا (پروفائلنگ) نہیں ہوا ہے۔ لیکن دوسرے کئی طلبا کے ساتھ ہوا“

احتجاج کرنے والے طلبا کے مطابق خاص طور پر مرد طالب علم پروفائنگ کا نشانہ بنتے ہیں، ان کے فون لے لیے جاتے ہیں، چیک کیے جاتے ہیں، سوشل میڈیا دیکھا جاتا ہے۔ جبری طور پر لاپتہ کر دیا جاتا ہے، ایسے واقعات سے ہم سب میں خوف و ہراس پھیلتا ہے اور ہم جو تعلیم کی غرض سے یہاں آئے ہیں، تعلیم سے ہی دور ہوتے جا رہے ہیں“

احتجاجی کیمپ میں شریک وکیل اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکن بھی شریک تھے۔ انہی میں ایک پاکستان تحریک انصاف رہنما اور سابق وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی بیٹی ایمان زینب مزاری ہیں، جو مبینہ جبری گمشدگی کا شکار افراد کی بازیابی کے لیے سرگرم رہتی ہیں

ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ اب تک وہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اکتیس طلبا کے نام سامنے لا چکے ہیں جو جبری طور پر لاپتہ کیے گئے ہیں

ایمان مزاری کہتی ہیں ”فیروز بلوچ کے کیس میں ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا جا رہا۔ ہم نے پولیس کو کہا ہے کہ کم از کم لیگل ٹیم کو تو آپ سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائیں تاکہ ہم شناخت کر سکیں، لیکن ہمیں نہیں دکھائی جا رہی اور کہتے ہیں کہ وہ فوٹیج میں موجود ہی نہیں ہیں۔ یعنی ریاست چاہتی ہے کہ ہم یہ مان لیں کہ یہاں لوگ ہوا میں ہی غائب ہو جاتے ہیں“

ادھر بلوچ طلبا کہتے ہیں کہ وہ احتجاجی کیمپ جاری رکھیں گے اور اس معاملے پر ہراسگی کی پرواہ نہیں کریں گے، جب تک کہ ان کے ساتھی طلبا کی بازیابی کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کر لیے جاتے۔ ان طلبا نے اپنے پوسٹرز پر یہ تحریر بھی لکھ رکھی ہے ”پنجاب آپ کی مہمان نوازی کا شکریہ“

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللہ نے وزارت داخلہ کو اگلی سماعت پر کیس کی تفصیل فراہم کرنے کا حکم دیا ہے

اس کے ساتھ یہ ہدایت بھی کی ہے کہ بلوچ طلبا کی جانب سے پروفائلنگ کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے ایک کمپلین سینٹر قائم کیا جائے

واضح رہے کہ انہوں نے مدثر نارو کی گمشدگی کے مقدمے کی گزشتہ سماعت میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا ”ریاست جبری گمشدگیوں میں ملوث ہے“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close