ایئر فورس ون میں سوار صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جیک سلیوان نے یہ عندیہ بھی دیا کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھی اس معاملے پر براہ راست بات چیت کر سکتے ہیں۔
امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ روس سے گیس کی خریداری پر عائد پابندی کے نفاذ کے طریقہ کار پر بھارت اور دیگر اتحادی ممالک کے ساتھ مشاورت شروع ہو گئی ہے
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے بھارت کے ساتھ بات چیت شروع کر دی ہے کہ قیمت کی حد مقرر کرنے کا اقدام کیسے کام کرے گا اور اس کے کیا اثرات ہوں گے اور پھر اگر ضروری ہوا تو بات چیت کو قیادت کی سطح تک بڑھایا جا سکتا ہے
امریکی میڈیا نے رواں ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ 24 فروری کو ماسکو کے یوکرین پر حملے کے بعد سے روس سے بھارت کی خام تیل کی درآمدات میں 50 گنا اضافہ ہوا ہے۔
بھارتی ریفائنریز نے مئی میں تقریباً 2 کروڑ 5 لاکھ بیرل روسی تیل خریدا۔
اپریل میں صدر جو بائیڈن نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بتایا تھا کہ روس سے توانائی کی درآمدات میں اضافہ کرنا بھارت کے مفاد میں نہیں ہے۔
واشنگٹن سے وائٹ ہاؤس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جیک سلیوان نے پیر کے روز اپنے بھارتی ہم منصب اجیت ڈوول سے فون پر بات کی
بیان میں وائٹ ہاؤس نےبتایا تھا کہ بات چیت کے دوران جیک سلیوان نے جمہوریت کے ساتھ مشترکہ وابستگی کی بنیاد پر مضبوط اور پائیدار امریکا-بھارت اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے صدر جو بائیڈن کے عزم کا اعادہ کیا۔
جاری بیان میں تیل کے معاملے پر مشاورت کا ذکر کیے بغیر مزید کہا گیا ہے کہ انڈو پیسفک خطے میں قریبی تعاون کو جاری رکھنے، علاقائی سلامتی کو فروغ دینے اور عالمی چیلنجز بشمول کورونا وائرس اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے پر تعاون کے لیے کوششوں کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
لیکن میڈرڈ، اسپین کے راستے میں امریکی صدارتی طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتےہوئے ایک رپورٹر نے پوچھا کہ کیا جی سیون اجلاس کے دوران تیل کے معاملے پر بھی بات ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ جی سیون ممالک کے وزرا کو ان کے لیڈروں کی جانب سے ان تفصیلات پر کام کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ قیمت کی حد مقرر کرنا کیسے کام کرے گی
ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کا ایک پہلو بلاشبہ بڑے خریدار ممالک کے ساتھ معاملے پر بات چیت کرنا ہے جب کہ بھارت ان ممالک میں سے ایک ہے، اور اس بات چیت کا آغاز ہو چکا ہے اور ہم نے بھارت کے ساتھ بات چیت شروع کر دی ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا صدر جو بائیڈن نے وزیر اعظم مودی سے خاص طور پر اس معاملے پر بات کی ہے جواب میں جیک سلیوان نے کہا کہ امریکی صدر نے کل اس بارے میں وزیر اعظم مودی سے بات نہیں کی لیکن امریکی حکومت نے اعلیٰ سطح پر کل بھارتی حکام کے ساتھ بات چیت کی۔
اس بات کا اشارہ کرتے ہوئے کہ صدر جو بائیڈن اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جلد ہی اس معاملے پر بات کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کہ یہ معاملہ اعلیٰ قیادت کی سطح تک جائے، ان کی ٹیم اور کابینہ کی سطح پر معاملے کی تفصیلات کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے