ایس-کام: شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کے لیے ’ٹورسٹ سِم‘ کتنی مفید؟

ویب ڈیسک

ملک میں ہر سال موسم گرما میں ملک کے بالائی علاقوں کی سیاحت کے لیے جانے والوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔ رواں برس بھی جون میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات کے دوران سیاحوں کی بڑی تعداد کا رخ کشمیر اور شمالی علاقہ جات، ناران، کاغان اور گلگت بلتستان کی طرف رہا

انتہائی دور دارز اور دشوار گزار علاقوں کی سیر پر جانے سے قبل سیاحوں کو موسم، سڑکوں اور وہاں دستیاب رہائش اور ٹرانسپورٹ کے بارے میں معلومات تو حاصل کرنا ہی ہوتی ہیں لیکن بالائی علاقوں میں واقع سیاحتی مقامات میں ایک اور بڑا مسئلہ ٹیلی کمیونیکشن کا ہے

عام طور پر آزاد کشمیر کی وادی نیلم، وادی لیپا اور گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات پر ملک کے دیگر علاقوں میں سروسز دینے والی ٹیلی کمیونیکشنز کمپنیاں نہیں ہیں۔ اس لیے سیاحوں کو ان مقامات سے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اپنے اہل خانہ یا دیگر افراد سے رابطے میں مشکلات پیش آتی ہیں

گذشتہ چند برسوں سے اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے ان سب علاقوں میں سِم کارڈز فروخت کرنا شروع کیے ہیں۔ وادیِ نیلم اور گلگت بلتستان کے بیش تر سیاحتی مقامات پر صرف ’ایس کام‘ کی سِم ہی کام کرتی ہے۔
ایس کام کی سِم دیگر نجی کمپنیوں کی سِموں کی طرح ہی کام کرتی ہے اور انٹرنیٹ پیکجز بھی دیگر کمپنیوں سے ملتے جلتے ہیں

ویسے تو کوئی بھی شخص ایس کام کی سِم خرید سکتا ہے لیکن زیادہ وہ صارفین اس سِم کو ترجیح دیتے ہیں جن کا کشمیر یا شمالی علاقہ جات کی سیاحت کا ارادہ ہوتا ہے۔ ایس کام کی عام سِم پر کسی قسم کی تحدید نہیں ہے۔ یہ دیگر کمپنیوں کی سِموں کی طرح کام کرتی ہے

علاوہ ازیں مظفرآباد، وادی نیلم اور شمالی علاقہ جات میں ایس سی او نے انٹرنیٹ کے لینڈ لائن کنیکشن بھی دے رکھے ہیں

ایس کام نے عام سِم کے علاوہ سیاحوں کے لیے مخصوص ٹورسٹ سِم بھی جاری کی ہے۔ یہ سِم پاکستان کا کوئی بھی شہری یا غیرملکی سیاح خرید سکتا ہے

عام سِم اور ’ٹورسٹ سِم‘ میں فرق یہ ہے کہ ٹورسٹ سِم کی سروسز مخصوص دورانیے تک ہی کار آمد ہوتی ہیں

اس حوالے سے اسکردو میں قائم ایس سی او کی فرنچائز کے سول ٹیکنیشن مدثر احمد بتاتے ہیں ”عام طور پر یہ ٹورسٹ سِم ایس سی او کے کسی بھی کسٹمر سروس سنٹر سے مل سکتی ہے۔ اگر بالفرض وہ فرنچائز یا کسٹمر سنٹر سے نہ ملے تو ایس سی او کے دفتر سے مل جاتی ہے“

مدثر احمد کا کہنا ہے کہ ’ٹورسٹ سِم‘ پاکستانی شہریوں کے ساتھ ساتھ غیرملکی سیاحوں کے لیے بھی ایکٹو کی جاتی ہے۔ پاکستانی سیاحوں کی خریدی گئی ٹورازم سِم صرف پندرہ دن تک کام کرتی ہتٹ، جبکہ غیرملکی سیاحوں کے سِم کی سروسز کا انحصار ان کے ویزے کی میعاد پر ہے

مدثر بتاتے ہیں ”اگر کسی غیرملکی سیاح کا ویزہ تیس دن کا ہے تو وہ پورے تیس دن کے لیے ’ٹورسٹ سِم‘ ایکٹو کرا سکتا ہے۔ اس کے بعد وہ خودکار طریقے سے بند ہو جائے گی

ایس کام کی عام سِم اور ٹورسٹ سِم کی قیمتوں اور پیکجز سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا ”ایس کام کی عام سِم کی قیمت تین سو جبکہ ٹورسٹ سِم کی قیمت چار سو روپے ہیں اور نئی سِم میں دو جی بی انٹرنیٹ پیکج دیا جاتا ہے“

دوسری جانب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے ایک کسٹمر سنٹر سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ وہ فی الحال ٹورسٹ سِم آفر نہیں کر رہے

اس حوالے سے مدثر احمد نے کہا ”کشمیر میں ایس کام کی سِموں پر ٹیکس لاگو ہے جبکہ گلگت بلتستان کے کسی بھی علاقے میں ایس کام کی سِم یا بیلنس پر ٹیکس نہیں لیا جاتا۔گلگت بلتستان میں صارفین کو ایس کام کی سِم پر دس جی بی انٹرنیٹ ڈیٹا ساڑھے پانچ سو روپے میں ملتا ہے لیکن اسی ڈیٹا کی قیمت کشمیر میں ساڑھے چھے سو یا اس سے زیادہ ہوگی“

انہوں نے بتایا ”اگر آپ گلگت بلتستان میں ایس کام کی سِم میں سو روپے کا کریڈٹ کرائیں گے تو آپ کو بغیر کسی کٹوتی کے پورے سو روپے ملیں گے“

جہاں تک سوال کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں ایس کام کے انٹرنیٹ کی رفتار اور فون کالز کی کوالٹی کی بات ہے تو اس بارے میں صارفین کی رائے ملی جلی سی ہے

کشمیر کی وادی نیلم کے شہر اٹھمقام میں ایس کام کے ایک نمبر پر رابطے کی کوشش کی گئی لیکن دو مرتبہ کال موصول ہونے کے باوجود کوئی آواز نہیں آ رہی تھی

بعدازاں واٹس ایپ پر کال کی تو دونوں جانب سے آواز دیر سے موصول ہو رہی تھی

اسی طرح دور دزار علاقوں میں جانے والے سیاحوں اور مقامی افراد کی جانب سے وڈیوز کی اپ لوڈنگ اور لائیو اسٹریمنگ میں مشکلات کی شکایات بھی سامنے آتی رہتی ہیں

رواں ماہ 22 جون کو کشمیر کے ضلعی صدر مقام اٹھمقام میں شہریوں نے ایس کام کی سروسز میں مسائل کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا

تاہم ایس سی او کی جانب سے نئی اپ ڈیٹ کے مطابق پندرہ یوم کے لیے جاری کی جانے والی اس ’ٹورسٹ سِم‘ میں چار سو روپے کے عوض ایک ہزار آن نیٹ منٹس، سو آف نیٹ منٹس، تین سو ایس ایم ایس اور دو جی جی انٹرنیٹ ڈیٹا آفر کیا جا رہا ہے

صارفین کی مجموعی رائے کے مطابق ایس کام کی سروسز کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، تاکہ مذکورہ علاقوں کے باسیوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو درپیش رابطے کی مشکلات کو حل کیا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close