کیا آپ جانتے ہیں کہ کچھ لوگوں کو مچھر کیوں نہیں کاٹتے؟

ویب ڈیسک

ہم سب شاید خارش والے سوجے سرخ نشانات سے واقف ہیں جو مچھروں کے کاٹنے کے بعد پیدا ہوتے ہیں۔ اکثر اوقات یہ ایک جھنجھلاہٹ اور تکلیف کا باعث ہوتے ہیں، جو وقت کے ساتھ ساتھ ختم ہو جاتے ہیں

لیکن کیا آپ کو کبھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مچھر آپ کو دوسرے لوگوں سے زیادہ کاٹتے ہیں؟ اس کی کوئی سائنسی وجہ ہو سکتی ہے!

اگر آپ ان لوگوں میں سے ہیں جو محفلوں اور خاص طور پر کھلی فضا میں مچھروں کو دوسروں سے زیادہ اپنی طرف متوجہ پاتے ہیں تو ممکن ہے آپ سوچتے ہوں کہ ”آخر مجھے ہی کیوں کاٹا“

کیونکہ آپ دیکھتے ہیں کہ جہاں آپ محفل میں بیٹھے مچھروں کے ڈنک پہ ڈنک سہے جا رہے ہیں، وہیں کچھ لوگ سکون سے بیٹھے ہیں

ایسے میں آپ کے ذہن میں ایک خیال یہ بھی آتا ہے کہ کہیں یہ آپ کا وہم تو نہیں ہے۔۔

لیکن یاہو لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ یہ محض ایک وہم نہیں ہے اور ہم میں سے کچھ مچھروں کو دوسروں کے مقابلے میں زیادہ کاٹنے کی دعوت دیتے ہیں

ایسا کیوں ہے؟ اس کے جواب کے لیے محققین کی تحقیق کے نتائج کا حوالہ دینا پڑے گا

مچھر کس بنیاد پر شکار منتخب کرتے ہیں؟

واشنگٹن یونیورسٹی میں حیاتیات کے پروفیسر جیف رائفل کے مطابق پہلا اہم نکتہ یہ ہے کہ کاٹنے والے مچھر مادہ اور حاملہ مچھر ہوتے ہیں، جنہیں اپنے انڈے تیار کرنے کے لیے ہمارے خون میں پروٹین کی ضرورت ہوتی ہے

اس ضمن میں ایک اور بات یہ ہے کہ ان مچھروں کے پاس مناسب شکار تلاش کرنے، اترنے اور اسے کاٹنے کے لیے مختلف طریقے ہوتے ہیں۔ لیکن یہ کہنا ضروری ہے کہ ہر چیز ہماری سانسوں سے شروع ہوتی ہے

جب ہم سانس چھوڑتے ہیں تو ہم سب کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتے ہیں۔ جب ہم متحرک ہوتے ہیں تو ہم زیادہ کاربن ڈائی آکسائڈ پیدا کرتے ہیں، جیسے کہ ورزش کے دوران

مچھر اپنے ماحول میں کاربن ڈائی آکسائیڈ میں ہونے والی تبدیلیوں کا پتہ لگا سکتے ہیں۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ مچھروں کی مختلف انواع کاربن ڈائی آکسائیڈ کے لیے مختلف طریقے سے جواب دے سکتی ہیں

کاربن ڈائی آکسائیڈ میں اضافہ مچھر کو خبردار کر سکتا ہے کہ ممکنہ میزبان قریب ہی ہے۔ مچھر پھر اس طرف کی طرف بڑھے گا

پروفیسر جیف رائفل کہتے ہیں ”وہ ہماری سانس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا استعمال یہ جاننے کے لیے کرتے ہیں کہ ان کے قریب ایک حقیقی خوراک موجود ہے۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ انہیں دیکھنے کی صلاحیت بھی فراہم کرتی ہے، اس لیے وہ بہتر بصارت کے ساتھ انسان نما اشیا یا دیگر میزبانوں کو تلاش کر سکتے ہیں“

اس شخص کو دیکھنے کے بعد اور اس کی جلد پر اترنے سے پہلے، مچھر بُو سے جانتا ہے کہ اسے اپنا مطلوبہ آپشن مل گیا ہے یا نہیں

جیف رائفل کے مطابق ”مچھر حقیقت میں کچھ لوگوں کو دوسروں سے بہتر سونگھتے ہوئے سمجھتے ہیں اور جب وہ کسی ممکنہ میزبان پر اترتے ہیں، تو وہ اس کے جسمانی درجہ حرارت اور پسینے کی پیمائش کرکے یہ بتا سکتے ہیں کہ آیا انہوں نے صحیح انتخاب کیا ہے“

مچھر بعض مرکبات کی طرف راغب ہوتے ہیں جو انسانی جلد اور پسینے میں موجود ہوتے ہیں ۔ یہ مرکبات ہمیں ایک مخصوص بو دیتے ہیں جو مچھروں کو اپنی طرف کھینچ سکتی ہے

کئی مختلف مرکبات کی شناخت مچھروں کے لیے پرکشش ہونے کے طور پر کی گئی ہے۔ کچھ جن سے آپ واقف ہوں گے ان میں لیکٹک ایسڈ اور امونیا شامل ہیں

محققین ابھی تک جسم کی بو میں ان تغیرات کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں جو بعض لوگوں کو مچھروں کے لیے زیادہ پرکشش بناتی ہیں۔ وجوہات میں جینیات، جلد پر موجود بعض بیکٹیریا، یا دونوں کا مجموعہ شامل ہو سکتا ہے

جسم کی بو کا تعین خود جینیات سے ہوتا ہے۔ اگر جینیاتی طور پر آپ کا تعلق کسی ایسے شخص سے ہے جسے اکثر مچھر کاٹتے ہیں، تو آپ بھی زیادہ حساس ہوسکتے ہیں۔ 2015 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ مچھر ایک جیسے جڑواں بچوں کے ہاتھوں کی بدبو کی طرف بہت زیادہ راغب ہوتے ہیں

جلد کے بیکٹیریا جسم کی بو میں بھی کردار ادا کرتے ہیں۔ 2011 کے ایک مطالعے سے پتا چلا ہے کہ جن لوگوں کی جلد پر جرثوموں کا زیادہ تنوع ہوتا ہے، وہ مچھروں کے لیے کم پرکشش ہوتے ہیں

محققین نے بیکٹیریا کی مخصوص انواع کی بھی نشاندہی کی جو ان لوگوں میں موجود تھے جو مچھروں کے لیے انتہائی اور ناقص طور پر پرکشش تھے

لیکن مچھروں کے کاٹنے اور مطلوبہ افراد کے انتخاب کا معاملہ صرف ان کی سانس اور بُو تک محدود نہیں ہے

مچھروں کے لیے دیگر پرکشش محرک، جیسے کہ لوگوں کے کپڑوں میں سرخ اور نارنجی رنگ۔۔ عام طور پر مچھر ایک شکار کو دوسرے پر کچھ رنگ سپیکٹرم کی وجہ سے ترجیح دیتے ہیں۔ مثال کے طور پر یہ کیڑے سفید یا سبز رنگوں کی طرف متوجہ نہیں ہوتے بلکہ سرخ اور کالے رنگوں کو زیادہ پسند کرتے ہیں

تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ مچھر کالے رنگ کی طرف راغب ہوتے ہیں لیکن اس کی وجہ بہت کم معلوم ہوتی ہے۔ قطع نظر اس کے، اگر آپ سیاہ یا دیگر گہرے رنگوں کے لباس پہنے ہوئے ہیں، تو آپ مچھروں کے لیے زیادہ پرکشش ہو سکتے ہیں

ایک اور چیز، جو مچھروں کے لیے پرکشش سمجھی جاتی ہے، وہ ہے انسان کے خون کی قسم۔۔ اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں بچوں کے متعدی امراض کے پروفیسر ڈاکٹر ڈیسری لیبیو نے یاہو لائف کے ساتھ ایک انٹرویو میں بتایا ”اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ خون کی اقسام [مچھروں کو راغب کرنے میں] کردار ادا کرتی ہیں۔“

مثال کے طور پر امریکن جرنل آف میڈیکل اینٹومولوجی میں 2019ع میں شائع ہونے والی ایک تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ خون کی قسم ’اَو‘ کو مچھر زیادہ ترجیح دیتے ہیں

ایک اور وجہ گرمی اور پانی کے بخارات ہیں۔ ہمارے جسم گرمی پیدا کرتے ہیں، اور ہماری جلد کے قریب پانی کے بخارات کی سطح ارد گرد کے درجہ حرارت کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے

جیسے جیسے مچھر ہمارے قریب آتا ہے، وہ گرمی اور پانی کے بخارات کا پتہ لگا سکتا ہے۔ یہ بات مچھر کو کاٹنے کی طرف راغب کرتی ہے۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مچھر قریبی گرمی کے ذرائع کی طرف بڑھتے ہیں جو مطلوبہ درجہ حرارت پر ہوتے ہیں

یہ عوامل میزبان کے انتخاب کے لیے بھی اہم ہو سکتے ہیں۔ دوسرے جانوروں کے جسم کے درجہ حرارت یا پانی کے بخارات میں ان کے پورے جسم میں فرق ہو سکتا ہے۔ یہ تغیرات ان مچھروں کے لیے ناخوشگوار ہو سکتے ہیں جو انسانوں کو کھانا پسند کرتے ہیں

مطالعہ نے ثابت کیا ہے کہ مچھر حاملہ خواتین کی طرف غیر حاملہ خواتین کی نسبت زیادہ متوجہ ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ حاملہ خواتین کے جسم کا درجہ حرارت زیادہ ہوتا ہے اور وہ زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتی ہیں

دلچسپ بات یہ ہے کہ مچھر کسی خاص قسم کے میزبان کو ترجیح دینا سیکھ سکتے ہیں! وہ بعض حسی اشارے، جیسے خوشبو، ’میزبانوں‘ کے ساتھ جوڑ سکتے ہیں جنہوں نے انہیں اچھے معیار کی خون کی غذا دی ہے

یہ سب کچھ جاننے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ ہم میں سے کچھ ان وجوہات کی بنا پر مچھروں کو زیادہ نظر اور پسند آتے ہیں، جن کے کاٹنے میں جسم کی بو، جلد کا درجہ حرارت اور بہت زیادہ پسینہ آنے جیسے عوامل اہم کردار ادا کر سکتے ہیں

لیکن اپنے جسم کو مچھروں کے کاٹنے اور پریشان کن سوجن اور خارش سے بچانے کے لیے، کلیولینڈ کلینک کے مطابق ایسے ماحول میں موٹے، ڈھیلے کپڑے پہننا بہتر ہے، جہاں مچھروں کی موجودگی کا امکان زیادہ ہو۔ یا DEET اور Picaridin جیسے مرہم استعمال کریں، جو کیڑوں کو بھگانے میں سب سے زیادہ مؤثر ہیں

ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی کے مطابق کچھ کیڑوں کو بھگانے والی ادویات جیسے کہ پرمیتھرین ہے، جلد کے ساتھ براہ راست رابطے میں نہیں ہونے چاہیں۔ اس لیے استعمال سے پہلے دوا پر لکھی گئی ہدایات کو پڑھ لینا بہت ضروری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close