حکومت بلوچستان نے متنازع زیارت آپریشن کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں صوبائی وزارت داخلہ نے بلوچستان ہائی کورٹ کو کمیشن کے قیام کے لیے باقاعدہ مراسلہ تحریر کر دیا ہے
صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق جوڈیشل کمیشن بلوچستان ٹریبیونل آف انکوائری آرڈیننس 1969 کے تحت قائم کیا جائے گا، جس کی سربراہی بلوچستان ہائی کورٹ کے جج کریں گے
صوبائی حکام کے مطابق کمیشن کے سربراہ کی نامزدگی بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کریں گے
یاد رہے کہ صوبہ بلوچستان کے شہر زیارت کے قریب رواں ماہ ایک گوجیث افسر اور اُن کے ساتھی کی بازیابی کے لیے کیے جانے والے آپریشن کے حوالے سے سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے افراد کے بارے میں اس بحث کا آغاز ہوا تھا کہ آیا وہ اس جرم میں ملوث شدت پسند تھے یا پھر گذشتہ کچھ عرصے کے دوران لاپتہ ہونے والے افراد تھے
جہاں حکومت کی جانب سے ان افراد کو کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشتگرد قرار دیا گیا تھا وہیں ان کے اہلِ خانہ نے اس حکومتی الزام کو مسترد کیا ہے
رواں ماہ 13 اور 14 جولائی کی درمیانی شب ڈی ایچ اے کوئٹہ کے سینیئر افسر لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا اور ان کے چچا زاد بھائی عمر جاوید کے اغوا کے بعد سکیورٹی فورسز نے ضلع زیارت میں جو آپریشن کیا، اس میں حکام کے مطابق 9 افراد ہلاک ہوئے تھے
دونوں مغویوں کی محفوظ بازیابی ممکن نہیں ہو سکی تھی کیونکہ انہیں مبینہ طور پر اغوا کاروں نے ہلاک کر دیا تھا
لیفٹیننٹ کرنل لئیق مرزا کے اغوا اور قتل کی ذمہ داری کالعدم شدت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی تاہم بازیابی کے لیے کیے گئے آپریشن کے بعد بی ایل اے کی جانب سے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ آپریشن میں تنظیم کا کوئی رکن ہلاک نہیں ہوا
اس آپریشن کے حوالے سے فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر جو بیانات جاری کیے گئے، ان میں یہ بتایا گیا تھا کہ اس آپریشن میں کالعدم بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے لوگ ہلاک ہوئے، جبکہ سکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار بھی مارا گیا
آئی ایس پی آر نے آپریشن کے بعد اپنے بیان میں زیارت آپریشن کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ”ریسکیو آپریشن کے دوران زیارت کے قریب کالعدم تنظیم کے متعدد افراد کا سراغ لگایا گیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگردوں کی آماجگاہ کو گھیر کر وہاں موجود دہشتگردوں پر حملہ کیا تو دونوں جانب سے فائرنگ شروع ہوئی اور دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے حوالدار سر پر گولی لگنے سے شہید ہو گئے“
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 9 افراد کو ہلاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے ہلاک شدہ مبینہ افراد اور ان کے ہمراہ اسلحہ و گولہ بارود کی تصاویر بھی میڈیا والوں کو دی گئیں۔ جب یہ تصاویر سامنے آئیں تو سماجی رابطہ کی ویب سائٹس پر اس واقعہ سے متعلق ایک نئی بحث چھڑ گئی
سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر حکیم بلوچ نامی صحافی نے مارے جانے والے افراد کی لاشوں کی تصاویر اپلوڈ کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ مبینہ افراد کو سکیورٹی فورسز کی جانب سے پہلے اغواء کیا گیا اور بعد میں انہیں قتل کرکے زیارت میں پھینک دیا گیا۔ حکیم بلوچ نے کہا کہ "ان افراد کے کپڑے، صحت کی حالت اور ان کا حلیہ یہ ثابت کرنے کیلے کافی ہے کہ انہیں اغواء کیا گیا تھا۔” اس کے ساتھ ہی حکیم بلوچ نے کہا کہ اگر ان کا تعلق کالعدم دہشتگرد تنظیم سے ہوتا تو تنظیم ان افراد کے مارے جانے کی تصدیق کر لیتی اور ان پر فخر کرتی، جیسا کہ وہ ماضی میں کرتی آئی ہے۔ حکیم بلوچ کے دعوے کے بعد بلوچستان سے اغواء ہونے والے افراد کے لواحقین نے بھی مارے جانے والوں میں سے بعض افراد کی شناخت کی اور ریاست کو انہیں مارنے پر ذمہ دار ٹھہرانا شروع کر دیا
زیارت آپریشن کے بعد بلوچستان کے مشیر برائے داخلہ و قبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو نے بتایا تھا کہ آپریشن میں 9 افراد مارے گئے، جن میں 5 کی شناخت شمس ساتکزئی، انجینیئر ظہیر، شہزاد، مختیار احمد اور سالم کریم بخش کے ناموں سے ہوئی
اُنہوں نے بتایا تھا کہ جن 9 افراد کی لاشوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا، ان میں سے 5 کو ان کے رشتے داروں نے شناخت کیا ہے
اگرچہ مشیر داخلہ نے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 9 بتائی، لیکن بلوچستان سے لاپتہ افراد کے رشتے داروں کے تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے دعویٰ کیا تھا کہ آپریشن کے نام پر اس مبینہ ’جعلی مقابلے‘ میں 11 لوگوں کو مارا گیا
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے الزام عائد کیا تھا کہ جن 9 افراد کی لاشوں کو زیارت سے کوئٹہ منتقل کیا گیا، ان میں سے 5 کی شناخت ہوئی، جو کہ پہلے سے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے تھے
وفاق میں حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی نے اسے ’جعلی مقابلہ‘ قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا تھا
تاہم حکومت بلوچستان کے مشیر برائے داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اس تاثر کو مسترد کیا تھا کہ یہ جعلی مقابلہ تھا
ہلاک ہونے والے کون تھے؟
بلوچستان سے لاپتہ افراد کے رشتے داروں کی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کے مطابق مارے جانے والوں میں سے ایک لاش شمس ساتکزئی کی تھی۔ اُنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ شمس ساتکزئی کو سنہ 2017 میں جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا
اُنہوں نے بتایا تھا کہ آخری مرتبہ گمشدگی سے پہلے بھی ان کو دو مرتبہ لاپتہ کیا گیا تھا اور پھر چھوڑ دیا گیا تھا، جس کے باعث ان کے رشتے داروں نے ان کا نام نہ صرف ان کی تنظیم کے پاس درج نہیں کروایا بلکہ حکومتی کمیشن میں بھی کوئی درخواست نہیں دی تھی
نصراللہ بلوچ نے بتایا تھا کہ جب وہ پیر کو شمس ساتکزئی کے رشتے داروں کے ہمراہ ان کی لاش لینے ہسپتال گئے تو ان کے رشتے داروں نے اُنہیں بتایا کہ ان کی جبری گمشدگی کے خلاف اُنہوں نے کہیں اس لیے رجوع نہیں کیا کیونکہ اُنہیں یہ توقع تھی کہ پہلے کی طرح ان کو چھوڑ دیا جائے گا
نصراللہ بلوچ کے مطابق دوسری لاش انجینیئر ظہیر بلوچ کی تھی، جن کو 7 اکتوبر 2021ء کو ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ سے لاپتہ کیا گیا تھا۔ ان کی گمشدگی کی ایف آئی آر ان کے رشتے داروں نے نہ صرف متعلقہ پولیس اسٹیشن میں درج کروائی تھی بلکہ ہائی کورٹ میں ان کی بازیابی کے لیے درخواست بھی دی، جس کی آخری سماعت 27 جون 2022 کو ہوئی جبکہ اگلی سماعت 28 جولائی کے لیے مقرر تھی
ان کا کہنا تھا کہ جبری گمشدگیوں سے متعلق حکومتی کمیشن میں بھی ان کے رشتے داروں نے درخواست دی تھی
نصراللہ بلوچ کے مطابق تیسری لاش شہزاد بلوچ کی تھی، جن کو چار جون 2022 کو کوئٹہ میں سریاب روڈ کے علاقے سے لاپتہ کیا گیا تھا۔ ان کے رشتے داروں نے ان کا نام لاپتہ افراد کے رشتے داروں کی تنظیم کی فہرست میں شامل کروایا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ حکومتی کمیشن میں بھی درخواست دی گئی تھی
وی بی ایم پی کے چیئرمین کے مطابق مبینہ طور پر دوران حراست مارے جانے والوں میں ڈاکٹر مختار احمد بلوچ کی لاش بھی تھی، جن کو 11 جون کو کوئٹہ سے مبینہ طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، جبکہ سالم بلوچ کی لاش کی شناخت بھی ہوئی ہے، جن کو پنجگور سے کوئٹہ آتے ہوئے مبینہ طور پر جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا تھا
اُنہوں نے کہا تھا کہ باقی چار افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوئی، تاہم لوگ ان کی شناخت کے لیے آ رہے ہیں لیکن ہسپتال میں مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے لاشیں خراب ہو رہی ہیں
لواحقین کا مؤقف
بلوچستان کے ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والی عظمیٰ بی بی کے بھائی انجینیئر ظہیر بلوچ ان افراد میں شامل تھے، جن کی لاش اس آپریشن کے بعد جائے وقوعہ سے برآمد ہوئی
اُنہوں نے اپنے بھائی کے کسی مقابلے میں مارے جانے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اکتوبر 2021 میں جبری گمشدگی کے بعد سے وہ ریاستی اداروں کی حراست میں تھے
ظہیر کی عمر چھبیس سال کے لگ بھگ تھی اور اُنہوں نے انجنیئرنگ یونیورسٹی خضدار سے الیکٹریکل انجنیئرنگ کی ڈگری حاصل کی تھی
عظمیٰ بی بی نے کہا کہ ان کے بھائی کا تعلق کسی تنظیم سے تھا اور نہ ہی وہ زیارت میں فورسز سے مقابلے میں مارے گئے۔ اگر وہ مقابلے میں مارے گئے تھے تو ان کے ہاتھوں پر مبینہ طور پر ہتھکڑیوں اور آنکھوں پر پٹی باندھے جانے کے نشانات کیوں تھے
’میرے بھائی کے ہاتھوں پر ہتھکڑیوں کے گہرے نشانات تھے۔ ان کے پیر، ہاتھ اور چہرہ بہت زیادہ سفید تھا اور یوں لگتا تھا کہ طویل عرصے سے ان کو سورج کی روشنی لگی ہی نہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ہمارے بھائی کا کوئی قصور نہیں تھا اور اگر حکومت اور اس کے ادارے یہ سمجھتے تھے کہ اُنہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو ان کو اپنے قوانین کے تحت عدالتوں سے سزا دلواتے مگر ایسا سلوک نہیں کیا جاتا
اسی طرح ایک اور شناخت ہونے والے شخص شہزاد احمد کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے گیاوان سے تھا
ان کے بھائی عبدالحمید نے بتایا تھا کہ شہزاد کی عمر تیئیس سال تھی اور انہوں نے کوئٹہ کے پولی ٹیکنک کالج سے سول انجنیئرنگ میں ڈپلومہ کر رکھا تھا
وہ کہتے ہیں کہ اُن کے بھائی قلات سے کوئٹہ اپنی سند لینے آئے تھے اور اُنہیں 4 جون کو پولی ٹیکنک کالج کے قریب سے ہی جبری طور پر لاپتہ کیا گیا
’بھائی کی جبری گمشدگی کے بعد ان کی بازیابی کے لیے میں نے بہت کوشش کی اور مجھے یہ تسلی دی گئی تھی کہ ان کو چھوڑ دیا جائے گا‘
عبدالحمید کے مطابق ان کے بھائی کا تعلق کسی تنظیم کے ساتھ نہیں تھا اور دعویٰ کیا کہ وہ سکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں ہلاک نہیں ہوئے
ڈاکٹر مختیار احمد کا تعلق کوئٹہ شہر سے تھا۔ اُنہوں نے بلوچستان یونیورسٹی سے فزیوتھراپی کی تعلیم حال ہی میں مکمل کی تھی اور پریکٹس شروع کی تھی
ان کے ایک قریبی رشتے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا تعلق کسی سیاسی و عسکری تنظیم سے نہیں تھا
شناخت کیے جانے والے دو دیگر افراد شمس ساتکزئی اور سالم کے رشتے داروں سے رابطہ نہ ہونے کے باعث ان کے بارے میں مزید معلومات حاصل نہیں کی جا سکیں
حکومتی مؤقف
زیارت آپریشن کے حوالے سے کوشش کے باوجود سیکورٹی فورسز کا مؤقف حاصل نہیں کیا جا سکا تھا، تاہم جب اس سے قبل بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور ان کی تشدد زدہ لاشوں کی برآمدگی سے متعلق سیکورٹی فورسز کے ایک سینیئر اہلکار سے رابطہ کیا گیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کا معاملہ ’ایک سوچی سمجھی سازش‘ ہے جس کے تحت پاکستان کو بدنام کیا جا رہا ہے
اُن کا کہنا تھا کہ ’حکومت کے قائم کردہ کمیشن کے مطابق لاپتہ افراد کے 8381 کیس رپورٹ کیے گئے اور ان میں سے 6163 کیسز عدالتی تحقیقات کے بعد ختم کر دیے گئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’کمیشن روزانہ کی بنیاد پر کیسز کی سماعت کرتا ہے۔ تحقیقات کے مطابق زیادہ تر افراد کو دہشت گرد تنظیمں اغوا کر کے قتل کر دیتی ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سے لوگ دہشت گرد تنظیموں میں شامل ہو جاتے ہیں اور ان کے گھر والوں کو خبر بھی نہیں ہوتی‘
مشیرِ داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو نے کہا تھا کہ جہاں تک حقیقی لاپتہ افراد کی بات ہے اور وہ اگر ریاستی اداروں کے پاس ہوں گے تو ہم ان کی بازیابی کے لیے ہرممکن کوشش کریں گے تاکہ وہ منظر عام پر آ جائیں
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات میں جو لوگ مارے جاتے ہیں ان میں سے بعض لوگوں کے نام بھی لاپتہ افراد کے فہرست میں شامل ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے اُنھوں نے کراچی میں چینی قونصل خانے، کراچی اسٹاک ایکسچینج، گوادر میں پرل کانٹی نینٹل ہوٹل، اور پنجگور و نوشکی میں ایف سی کیمپوں پر حملوں کا حوالہ دیا
تاہم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے سربراہ نصراللہ بلوچ نے کہا کہ جن واقعات میں مارے جانے والوں کا ذکر مشیر داخلہ نے اپنی پریس کانفرنس میں کیا ان میں سے کسی کا بھی نام لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل نہیں تھا۔